Corona Vaccination

کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنےوالے ڈی ایچ او آفس کے لئے ملازمین “الائونس”سے محروم

ویکسین سینٹر کے لئے کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو 6 ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں ملیں،معاون خصوصی سے نوٹس کا مطالبہ

کرونا ڈیوٹی کرنےوالے ہر ملازم کو الائونس ملےگا،وزارت سے چند روز میں منظوری مل جائے گی:ڈی ایچ او ڈاکٹر زعیم ضیاء

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ضلعی محکمہ صحت کے ملازمین “کرونا الائونس ” اور “رسک الائونس ” سے محروم ، ویکسین سینٹر کے لئے کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو 6 ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں ملیں ۔ملازمین نے معاون خصوصی فیصل سلطان اورمحکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔ سمری منظوری وزارت قومی صحت کو بجھوادی ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیاء کا موقف ۔

ذرائع کے مطابق کرونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے محکمہ صحت اسلام آباد کے سینکڑوں ملازمین کرونا الائونس اور رسک الائونس سے تاحال محروم ہیں جب کہ ویکسین سینٹر کے لئے عارضی طور پر بھرتی کئے گئے ملازمین کو گزشتہ چھ ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہیں ہوسکی ہے ۔ دوسری جانب پمز اور پولی کلینک سمیت دیگر ہسپتالوں میں کام کرنے والے ملازمین کو کرونا الائونس مل چکا ہے ۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے چند ملازمین نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اس “نمائندہ” کو بتایا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران ملازمین کو سرکاری تعطیلات کے دوران بھی چھٹی نہیں ملی،بعض ویکسین سینٹر 24 گھنٹے چل رہے ہیں جہاں ملازمین بلاناغہ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ مختلف ٹیمیں گھر گھر جاکر بھی کرونا ویکسین لگا رہی ہیں تاہم ان ملازمین کو اب تک کرونا الائونس اور رسک الائونس نہیں دیا گیا ہے ۔ ملازمین نے معاون خصوصی فیصل سلطان اور سیکرٹری ہیلتھ سے فی الفور کورونا الاؤنس اور رسک الائونس دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

ادھر ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کرونا سیچوایشن میں ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کو الائونس ضرور ملے گا ،کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی تاہم ڈیوٹی نہ کرنے والے ملازمین کو کوئی رعایت نہیں دی جاسکتی ۔انھوں نے بتایا کہ ملازمین کو کرونا الائونس کی ادائیگی کے لئے وزارت ہیلتھ سروسز سے منظوری درکارہے جو آئندہ چند دنوں میں مل جائے گی ۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں