Ramzan Kareem App

ڈیجیٹل رمضان کریم

ایک بہت مشہور اور خوبصورت مقولہ ہے کہ ”ضرورت ایجاد کی ماں ہے“۔جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ انسان کی طرف سے کی جانے والی ہر ایجاد اور اختراع کا اولین اور بنیادی مقصد ِ وحید ہمیشہ سے حضرتِ انسان کے لیئے سہولیات و آسانی بہم پہنچانا ہی رہا ہے۔اس لیئے کہا جاسکتا ہے کہ ہر ایجاد فی نفسہ اپنے اندر مثبت استعمال کے بے پناہ امکانات و مواقع رکھتی ہے،اب یہ انسان کی مرضی ہے کہ وہ کسی ایجاد کے مثبت پہلوؤں کو اپنے استعمال میں لاتا ہے یا منفی پہلوؤں کا اسیر بن کر رہ جاتاہے۔ ایسا ہی کچھ آج کی سب سے بڑی ایجاد اسمارٹ فون کے ساتھ بھی ہے،اگر جائزہ لیا جائے تو بلاشبہ موبائل فون کو مثبت و منفی خوبیوں سے مرقع ایک انتہائی حسین و دلفریب ایجاد قرار دیا جاسکتا۔ یہ مختصر سا جادوئی آلہ ماہِ رمضان المباک کے مقدس ایام میں ایک نیک اور اچھے خدمت گار کی طرح ہمارے لیئے کس قدر فائدہ مند اور سہولت کا باعث بن سکتاہے، اگر آپ نے اس کا عملی مظاہرہ ملاحظہ کرنا ہے تو ذیل میں پیش کی گئیں ”موبائل ایپس“کے چنیدہ انتخاب میں سے چند ایک یا تمام ایپس اپنے اسمارٹ فون کا حصہ ضرور بنائیں تاکہ ہماری طرح پھر آپ بھی بے اختیار پکار اُٹھیں کہ ”میرا موبائل فون لاکھوں سے نیک ہے، چشمِ بدور“۔

سحروافطار کا اسمارٹ کلینڈر
افریقہ کا ملک یوگنڈا خطِ استوا پر ہونے کی وجہ سے دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں چودہ سو سالوں سے سحر و افطار کے اوقات ایک ہی ہیں اور کبھی تبدیل نہیں ہوئے جبکہ موسموں کی تبدیلی بھی یہاں سحروافطار اور نماز کے اوقات کی تبدیلی پر اثر انداز ہونے سے قاصر ہے،لیکن چونکہ ہم یوگنڈا میں نہیں رہتے اس لیئے ہمیں سحر و افطار کے لیئے ایک عدد رمضان کلینڈر کی ضرورت ہمیشہ سے رہی ہے۔لیکن اس بار آپ کو سحر و افطار کے درست اوقات جاننے کے لیئے رمضان کلینڈر کو دیکھنے یا کسی بھی موبائل فون کمپنی سے سحرو افطار الرٹ سبسکرائب کرکے اپنا قیمتی بیلنس خرچ کرنے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں، بس آپ اپنے اسمارٹ فون میں اس ڈیجیٹل رمضان کلینڈر ایپ کو ایک بار انسٹال کر لیں،یہ ایپ آپ کو سحر و افطار کے میں گھڑی پر مسلسل نظر رکھنے کی کوفت سے بے نیاز کردے گی،اس ایپ کا انٹرفیس انتہائی دیدہ زیب و دلکش ہے۔جبکہ اس میں ہجری کلینڈر،تلاوت قرآن پاک سمیت دیگر کئی اضافی خدمات بھی مہیا کی گئی ہیں اور وہ بھی بالکل مفت میں۔اس ایپ کا مختصر لنک درج ذیل ہے۔ https://bit.ly/3uRBO7k

اس رمضان کریم ”شیئردی میل ایپ“سے شامی پناہ گزین بچوں کو کھانا کھلائیں
ویسے تو ہم پاکستانی صدقات، عطیات اور خیرات کی ادائیگی سارا سال ہی کرتے رہتے ہیں،جس کی وجہ سے ہمارا شمارا دنیا کی سب سے زیادہ صدقات و خیرات کرنے والی سخی اقوام میں کیا جاتا ہے لیکن رمضان المبارک وہ خاص مہینہ ہے جس میں ہمارے سخاوت سے لبریز جذبات اپنے پورے جوبن پر ہوتے ہیں اور کیوں نہ ہوں رمضان المبارک میں دیئے گئے ہر عطیہ اور صدقہ کا ثواب ستر گنا جو ملتا ہے۔مگر دیکھا یہ گیا ہے کہ اس ماہِ مقدس میں ہماری سادہ لوح عوام اپنی زکوۃ و عطیات سے ایسے لوگوں کی امداد بھی کربیٹھتی ہے،جو پھر اُن کی حلال و طیب کمائی کو دہشت گردی جیسے مذموم مقاصد میں استعمال کرتے ہیں۔اس لیے ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہمیشہ زکوۃ و صدقات پوری تحقیق کرنے کے بعد ہی کسی حقیقی مستحق کو دیئے جائیں۔ اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیئے”شیئر دی میل“ نامی موبائل ایپ ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ ”شیئردی میل“ ایپ کو اقوام متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام کے تحت تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعہ کوئی بھی شخص ماہ رمضان کے دوران مصائب کے شکار شامی پناہ گزین بچوں کواپنے اسمارٹ فون پر صرف ایک بٹن دبا کر اپنی زکوۃ بصورت خوراک اُن تک پہنچاسکتاہے۔ ”شیئردی میل ایپ“ کا عربی ورژن بھی ہے جو رمضان المبارک کے مقدس ایام میں لبنان میں موجود پناہ گزین بچوں کیلئے بروقت امداد کا باعث بن رہا ہے۔ اس ایپ کی مدد سے عطیہ کنندگان 50 امریکی سنیٹس کے عطیہ کے ذریعہ متعدد ممالک میں موجود پناہ گزینوں کیلئے ایک دن کے مکمل کھانے کا انتظام کرواسکتے ہیں۔ ہمارا مشورہ ہے کہ شام کے پناہ گزینوں کی امداد کرنے کے لیئے اس ایپ کو استعمال کریں اور شامی مسلمانوں کے نام پر ہمارے ملک کے مختلف گلی کوچہ میں امداد بٹورنے والی نام نہاد جماعتوں کے ہاتھوں اپنی حلال کی کمائی ضائع ہونے سے بچائیں۔ایپ کا مختصر لنک یہ ہے۔ http://bit.ly/2IzVNPv

راستہ“ایپ بچائے گی،رمضان میں ٹریفک جام کی کوفت سے
بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے ٹریفک جام میں پھنس جانا،پاکستان کے ہر بڑے شہر میں رہنے والی شہری کا ایک روزمرہ مسئلہ ہے۔ جبکہ رمضان المبارک میں ٹریفک جام کی شکایات بہ نسبت عام دنوں کے کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔اکثر دیکھا گیا ہے کہ جیسے جیسے افطار کا وقت قریب آٹا ہے سڑکوں پر ٹریفک کے اذدھام اور گھر پہنچنے کی عجلت کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوجانا معمول کی بات ہے، جس میں پھنس کربے شمار لوگوں کی افطار سڑک کے عین بیچوں بیچ ہی ہوجاتی ہے۔لیکن اگر آپ لاہور شہر کے رہائشی ہیں یا اس رمضان آپ کا لاہور جانے کا ارادہ ہے تو آپ اپنے کو کم ازکم لاہور میں تو ضرور ٹریفک جام میں پھنسنے سے بچا سکتے ہیں کیونکہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شہریوں کی سہولت کی خاطر رمضان المبارک میں راستہ ایپ متعارف کروا کر عوامی خدمت کا ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اس ”راستہ“ ایپ کو اپنے موبائل فون میں انسٹال کرنے کے بعد شہری لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک سے متعلقہ تمام تازہ ترین معلومات اپنے موبائل فون پر ہی حاصل کرسکتے ہیں۔یہ ایپ آپ کو بتائے گی کہ شہر کی کس کس سڑک پر اس وقت ٹریفک جام ہے یا ہونے کی توقع ہے اور آپ کے لیئے جلد از جلد اپنے گھر پہنچنے کے لیئے بہترین متبادل راستہ کونسا ہوسکتا ہے۔سٹی ٹریفک پولیس لاہور کا یہ مستحسن اقدام دیگر شہروں کے منتظمین کو بھی ایک دعوتِ عمل دیتا ہے،اگر کوئی سمجھے تو۔ https://bit.ly/3nzpJ1W

گوگل سے پوچھیں ”قبلہ“ کی درست سمت
آپ کسی بھی ایسی جگہ ہوں جہاں نماز کے لیے قبلہ کی سمت جاننا ممکن نہ ہو تو پریشان نہ ہوں کیونکہ اب گو گل بتائے گا قبلہ کی سمت اور وہ بھی بالکل درست۔ ” بس اس کے لیئے آپ کو ”گوگل قبلہ فائنڈر“ نامی ایپ کواپنے موبائل فون میں انسٹال کر کے لوکیشن کا فیچر آن کرنا ہوگا۔یہ ایپ آگمینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی اور موجودہ مقام کے ماحول کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے آپ کے موبائل فون کے کمپاس اور کیمرے کو خانہ کعبہ کی درست سمت جاننے کے لیے استعمال کرکے اور آپ کی موجودہ لوکیشن کو مدنظر رکھ کر بتائے گی کہ نماز کس جانب منہ کر کے پڑھی جاسکتی ہے۔پھر دیر کس بات کی ہے ابھی اپنے اسمارٹ فون براؤزر کے ذریعے g.co/QiblaFinderپر جائیں اور کیمرے کو یہاں وہاں گھمائیں جب تک کہ خانہ کعبہ کا سمبل خلاء میں تیرتا نظر نہیں آتا۔گوگل انتظامیہ کے مطابق انٹرنیٹ پر قبلہ کی سمت معلوم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرچنگ کی جاتی ہے اور اکثر افراد اس مقصد کے لیے قطب نما ایپ بھی سرچ کرتے ہیں۔ جن میں سے بہت ہی کم ایپس اس قابل ہوتی ہی کہ درست قبلہ کی نشاندہی کرسکیں۔ اپنے صارفین کی اسی ضرورت اور پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے گوگل نے یہ ایپ متعارف کروائی ہے تاکہ دنیا کے کسی بھی ملک میں رہنے والا مسلمان با آسانی قبلہ کی درست ترین سمت معلوم کر سکیں۔

دوران نماز آپ کا موبائل خوبخود ہی خاموش ہوجائے تو کیسا ہے؟
آج کی بھاگتی دوڑتی زندگی میں موبائل فون کے بغیر زندگی کا تصور محال ہے کیونکہ موبائل فون ہر وقت کا ساتھی جو بن چکا ہے، یہاں تک کہ مسجد میں بھی۔اگر آپ نے تیز ساز و آوز والی رنگ رنگیلی رنگ ٹون سیٹ کررکھی ہو اور نماز کی ادائیگی کے دوران آپ کا موبائل بج اٹھے تو شرمندگی بھی اسی قدر ہوتی ہے،جس قدر موبائل کی آواز ہوتی ہے کیونکہ یہ ناصرف آپ کی بلکہ دوسروں کی عبادت میں بھی خلل کا باعث بنتی ہے۔نماز کی ادائیگی کے دوران عام طور پر لوگ اپنے موبائل فون یا تو بند کردیتے ہیں یا پھر سائلنٹ، لیکن کبھی کبھا لوگ اس احتیاطی تدبیر کو اختیار کرنا بھول جاتے ہیں۔ اگر آپ بھی ان لاکھوں لوگوں میں شامل ہیں جو نماز کی ادائیگی کے دوران اپنا موبائل فون سائیلنٹ یا بند کرنا بھول جانے کی وجہ سے اچانک موبائل فون بج اُٹھنے سے پریشان رہتے ہیں تو آپ کے لئے خوش خبری یہ ہے کہ اب آپ کا موبائل فون دورانِ نماز خود بخود سائلنٹ موڈ پر چلا جائے گا، بس اس کے لئے آپ کو اپنے اینڈرائیڈ موبائل فون پر ”صلاتی“ (Salati)کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گا۔ اس ایپلی کیشن کو فعال کئے جانے کے بعد دوران نماز آپ کا موبائل خوبخود ہی سائلنٹ موڈ کیسے چلا جائے اس کا مشاہدہ اگر ایک بار آپ خود سے کریں تو شاید زیادہ اچھا ہے،اس ایپ کا مختصر لنک یہ ہے۔ https://bit.ly/3uRDyxo

دنیا میں کہیں بھی جائیں مگر کھانا صرف ”حلال“ ہی کھائیں
مغربی ممالک میں رہنے والے مسلمانوں کے لئے حلال کھانوں کے لیئے حلال ریسٹورنٹس اور حلال دُکانوں کی تلاش کا مسئلہ ان کی روزمرہ زندگی کا ایک لازمی عنصربن کر رہ گیا ہے۔گزشتہ سال ماہِ رمضان میں معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو بھی ایک ایسے ہی مسئلے کا سامنا کرنا پڑاتھا، جو عموماًبیرون ملک سفر کرنے والے ہر مسلمان کو درپیش ہوتا ہے۔قصہ کچھ یوں ہے کہ گزشتہ ماہِ رمضان المبارک میں گلوکار عاطف اسلم سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں موجود تھے اور انہیں سحری کے لیئے حلال کھانے کی تلاش میں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اُس کی ایک ویڈیو بنا کر انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردی تھی، جس میں وہ انتہائی پریشانی کے عالم میں زیورخ کی سنسان سڑکوں پر صبح کے تین بجے تیز بارش میں ’حلال‘ کھانے کی تلاش میں سرگرداں و پریشاں دکھائی دیئے تھے، گو کہ اُنہیں کے کافی تلاش بسیار کے بعد سحری سے کچھ لمحہ پہلے ایک حلال ریسٹورنٹ مل ہی گیا تھا، مگر تلاش کا یہ سفر کتنا کھٹن تھا اس کا اندازہ لگانا آسان نہیں، لیکن ہمیں اُمید ہے اس ماہِ رمضان آپ یا آپ کے کسی بھی عزیز کو ایسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ ہم آپ کو ”ذبیحہ“نامی ایک انتہائی کارآمد موبائل ایپ سے متعارف کروارہے ہیں۔اب آپ چاہیں دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود ہوں ”ذبیحہ“ موبائل ایپ کی مدد سے سیکنڈوں میں اپنے قریب ترین حلال ریسٹورنٹس،حلال ہوٹل،حلال مارکیٹس اور حلال مرچنٹس کے بارے جان سکتے ہیں۔اس منفرد موبائل ایپ کو اپنے اسمارٹ فون کا لازمی حصہ بنانے کے لیئے Zabihahلکھ کر گوگل پلے میں سرچ کریں یاپھر اس مختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ https://apple.co/3NFICh3

خوبصوت دُعائیں،انتہائی خوبصورت انداز میں
ہمارے دین اسلام میں دُعا مانگنا عبادت میں شامل ہے،دُعا کو عبادت کا مغز اور جوہر بھی قرار دیا گیا ہے۔کتبِ احادیث میں سینکڑوں دُعائیں درج ہیں جن کا جاننا،سیکھنا اور مانگنا ہمارے لیئے دین و دنیا کی بھلائی کے ہزار ہا دروازے کھول سکتا ہے۔رمضان شریف میں ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے اس کے لبو ں پر ہر وقت کوئی نہ کوئی مسنون دُعا ضرور رہے۔دُعا مانگنے کے اسی عمل کو سہل بنانے کے لیئے ایک بار آپ اپنے اسمارٹ فون میں ”مسلم دُعا“ نامی اس ایپ کو انسٹال کر کے ضرور ملاحظہ فرمائیں، ہمارا حسنِ ظن ہے کہ آپ اس ایپ کے بنانے والوں کے لیئے دُعا خیر کیئے بغیر نہیں رہیں گے۔اس ایپ میں روزمرہ اُمور کی درست انجام دہی کے لیئے کی جانے والی سینکڑوں مسنون دُعائیں اٹھارہ مختلف عنوانات کے تحت جمع کردی گئی ہیں جس سے آپ اپنی مطلوبہ دُعا سیکنڈوں میں تلاش کرسکتے ہیں۔آپ کے اسمارٹ فون میں اس ایپ کا نہ ہونا کتنی بڑی نیکی سے محرومی کا باعث بن سکتا ہے،یہ آپ اس ایپ کو ایک باراستعمال کرنے کے بعد ہی جان سکتے ہیں۔اس ایپ کا مختصر لنک یہ ہے۔ https://bit.ly/35xgRWI

نماز کا انسائیکلوپیڈیا
نماز دین کا ستون اور مومن کی معراج ہے۔اس لیئے تاکید کی گئی ہے ادائیگی نماز کا طریقہ مکمل اہتمام اور پوری یکسوئی سے سیکھا جائے تاکہ ہماری ادا کی جانے والی نماز ہر طرح کی اغلاط اور سہو سے پاک ہوسکے۔نمازکی ادائیگی اور اس کے دیگر لوازمات کے بارے میں جاننے کے لیے ”نماز اُردو“ یقینا ایک بہترین موبائل ایپ قرار دی جاسکتی ہے۔ اس ایپ کے اندر عربی عبارات آواز کے ساتھ شامل ہیں۔ یہ ایپ نماز کی درست ادائیگی کے طریقہ کار کو بہترین انداز سے بیان کرتی ہے۔ ایپ کے مندرجات کی تدوین و ترتیب کے تمام تر انتظامات جناب حافظ عبدالباسط اور قاری محمد طاہربشیر نے کیے ہیں۔ اس ایپ کی دیگر زبردست خصوصیات میں،نمازکے ہر رکن کی ادائیگی تصاویر کی مدد سے جاننا، ہر رکن کی ادائیگی کامل تفصیل کے ساتھ ہونا، آسان اور دیکھنے میں آرام دہ انٹرفیس،نماز ادا کرتے ہوئے ہر رکن کی واضح تصویراور اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے اختیارات وغیرہ بطورِ خاص قابلِ ذکر ہیں۔ ایپ کا مختصر لنک یہ ہے۔ https://bit.ly/36LrdmG

رمضان فٹنس چیلنج ایپ
اکثر مسلمان ماہِ رمضان المبارک اس مسئلے سے دو چار ہوتے ہیں کہ روزے کے ساتھ ورزش کس طرح کی جائے۔خالی پیٹ، بغیر پانی کے، جبکہ کئی ایک کو کم نیند کے ساتھ، جون کے لمبے روزوں میں جِم جانا تھوڑا سا حماقت انگیز لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر مسلمان رمضان کے مہینے میں ورزش ترک کر دیتے ہیں۔رمضان کا مہینہ نفس پر قابو پانے اور اپنے گناہوں سے معافی مانگنے کا مہینہ ہے۔ جس کا ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے۔ کیونکہ ہر نیک عمل کا انعام دوسرے مہینوں سے کہیں زیادہ ملتا ہے۔ اس لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ اس قیمتی وقت میں سے ایک گھنٹہ بھی جِم یا ورزش کے لیے یا کسی کھیل کے لیے کس طرح نکالا جائے۔اکثر مردوں کو اس بات کا بھی خوف ہوتا ہے کہ رمضان میں ان کا وزن بہت زیادہ گھٹ جائے گا جبکہ عورتوں کو زیادہ کھانے یا غلط چیزیں کھانے کی وجہ سے وزن کے بڑھنے کا اندیشہ بھی اکثر لاحق ہوتا ہے اور وہ سوچ و بچاررہتی ہیں کہ روزہ کی حالت میں اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کریں یا نہ کریں۔فٹنس کے حوالے ایسے اور بھی بے شمار سوالات اور اشکالات آپ کے ذہن میں پیدا ہوسکتے ہیں مگر ہمارے پاس ان سب کا شافی حل موجود ہے اور وہ ”رمضان فٹنس چیلنج“موبائل ایپ ہے۔سب کچھ تو اس کے نام سے ہی ظاہر ہو گیا ہے تو پھر دیر کس بات کی ہے، اسے اپنے موبائل فون میں شامل کرنے کے لیئے اس مختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ https://bit.ly/3Dyd9Zr

قرآن مجیدکی تلاوت کے لیئے منفرد موبائل ایپ
قرآن مجید کی تلاوت کرنے اور سننے کے لیے جتنی بھی ایپلی کیشنز موجود ہیں، ان میں سے اکثر میں عربی خط کا استعمال کیا جاتا ہے جسے پڑھنا برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیے کچھ مشکل خیال کیا جاتا ہے۔ اس خوبصورت موبائل ایپ میں قرآن مجید کے لیے برصغیری خط استعمال کیا گیا ہے جس کے باعث یہ ایپلی کیشن برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ اس ایپ میں قرآن مجید کا اردو ترجمہ بھی شامل ہے۔اگر آپ کو ابھی تک تلاش بسیار کے باوجود دنیائے انٹرنیٹ سے اسمارٹ فون پر قرآن مجید پڑھنے کی کوئی مطلوبہ ایپ نہ مل سکی ہوتو پھرایک موقع اس ایپ کو ضرور دے کر دیکھئے گا،اُمید ہے یہ آپ کو مایوس نہیں کرے گی۔اسی ایپ کا مختصر لنک یہ ہے۔ https://bit.ly/3rk6yx9

اسمارٹ فون کو بنائیں،سہولیات کی اسمارٹ زنبیل
گوگل پلے اسٹور اور iOS ایپ اسٹور کی سب سے مشہور اسلامک موبائل ایپ کا اعزاز گزشتہ کئی برسوں سے مسلم پرو (MuslimPro)کے پاس ہے۔اس ایپ کی مقبولیت کا اندازہ صرف اس ایک بات سے لگایا جاسکتاہے کہ اب تک اس کو 45 ملین سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا جاچکاہے جبکہ اس ایپ کو اپنے موبائل فون میں انسٹال کرنے والے صارفین میں سے نصف تعدادروزانہ باقاعدگی سے استعمال کرتی ہے۔مسلم پرو کی مقبولیت کا راز اس میں موجود بیش بہا خصوصیات ہیں جو مسلمانوں کے روز مرہ کے کاموں کو آسان بناتی ہیں جیسے مکمل قرآن پاک کا ترجمہ 31 مختلف زبانوں میں،اسلامی ہجری کلینڈر مع اسلامی تہوار،تسبیح کاؤنٹر،اللہ تعالی کے 99 نام،زکوۃ کیلکولیٹراور دنیا بھر کی مسلمان کمیونٹی سے رابطہ کی سہولیات وغیرہ شامل ہیں۔ہر مسلمان کے لیے بلاشبہ اسے ایک بہترین اسلامی موبائل ایپ کہا جاسکتا ہے۔جسے گوگل پلے میں  لکھ کر تلاش یا ذیل کے مختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتاہے۔ https://bit.ly/3u3cBYk

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے روزنامہ جنگ کے سنڈے میگزین میں 13 مئی 2018 کے شمارہ میں شائع ہوا

راؤ محمد شاہد اقبال

ڈیجیٹل رمضان کریم” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں