ہمارے بارے میں

ہمارے متعلق
اُردو رائٹر ویب سائیٹ راؤ محمد شاہد اقبال کی ایسی طبع زاد تحریروں کا ڈیجیٹل مجموعہ ہے۔جنہیں راؤ محمد شاہد اقبال نے اپنی زندگی کے مختلف تخلیقی ادوار میں اخبارات، رسائل و جرائد کے لیئے صفحہ قرطاس پر منتقل کیا۔چونکہ اُردو اَدب میں کسی ادیب،مصنف،تخلیق کار یا محقق کی تصنیف کی گئیں تخلیقات کے ایک جگہ جمع کیئے گئے مخطوطے یا مجموعہ کو اَدبی اصطلاح میں کلیات کہا جاتا ہے۔اِس مناسبت سے آپ اُردو رائٹر کی اِس ویب سائیٹ کو دنیائے انٹرنیٹ پر منصہ شہود پر آنے والی پہلی باقاعدہ ڈیجیٹل کلیات بھی کہہ سکتے ہیں۔

اردو رائٹر ویب سائیٹ پر راؤ محمد شاہد اقبال کی فقط اُن ہی تحریروں کو شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے، جو اُردو زبان کے مختلف مشہور و معروف اخبارات،رسائل و جرائد میں طبع ہو کر اپنے قارئین سے پسندیدگی کی سند حاصل کر چکی ہیں۔یاد رہے کہ راؤ محمد شاہد اقبال کی جس شائع شدہ تحریر کو بھی اُردو رائٹر کی اِس ویب سائیٹ پر پیش کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔اُس تحریر کے عین اختتام پر حوالہ کے تحت یہ تفصیل بھی درج کردی گئی ہے کہ مذکورہ تحریر اُردو زبان کے کس اخبار،رسالہ یا جریدے میں کس تاریخ کو سب سے پہلے زیورِ طباعت سے آراستہ ہوئی تھی۔ جبکہ ہر تحریر کے ساتھ وہ لنک بھی فراہم کردیا گیا ہے جس پر کلک کر کے آپ تحریر کی اشاعت کا اصل طبع شدہ مسودہ بھی ملاحظہ کرسکتے ہیں۔

راؤ محمد شاہد اقبال کی شائع شدہ تحاریر اُردو رائٹر کی ویب سائیٹ پر پیش کرنے کے دو بڑے مقاصد ہیں۔پہلا مقصد تو مصنف کے مختلف اخبارات، رسائل و جرائد میں بکھرے ہوئے تحریری مواد کو ایک جگہ ترتیب و تدوین کے مراحل سے گزار کر خوب صورت ڈیجیٹل انداز میں جمع کرنا ہے تاکہ بوقتِ ضرورت کسی مخصوص تحریر کی تلاش میں ممکنہ طور پر پیش آنے والی غیر ضروری کوفت اور وقت کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

علاوہ ازیں دوسرا اور سب سے اہم ترین مقصد انٹرنیٹ پر موجود لاکھوں اُردو دوست احباب تک ایک ایسا صاف ستھرا تحریری مواد پہنچانا ہے،جو اُردو زبان کے مختلف اخبارات،رسائل اور جرائد کی ادارت کرنے والے انتہائی کہنہ مشق مدیروں کی گہری، عمیق اور باریک بیں نظروں سے ہوکر گزرا ہو۔ تاکہ انٹرنیٹ پر اُردو زبان کے نام پر پیش کی جانے والی عامیانہ زبان، ذو معنی اخلاق باختہ جملے اورزیر زبر پیش کی اغلاط سے بھرپور تحاریر کے مقابل اُردو زبان کی درست تحریریں پیش کی جاسکیں۔اُردو رائٹر کا بنیادی مقصدوحید اُردو زبان و بیان کے مثبت رویوں کو تحریک اور فروغ دینا ہے۔اِس کے لیئے ضروری ہے کہ انٹرنیٹ پر بھی صرف وہی تحریریں پیش کی جائیں جو ایک طویل ادارتی عمل سے ہوکر گزری ہوں۔

ہمارے بارے میں مزید جاننے کے لیئے ای میل پر رابطہ فرمائیں۔