Top-10-Best-Software-of-2021

سافٹ وئیر کمال کے

نئے سال 2021 میں اپنے گھر اور دفتر کی ڈیجیٹل زندگی میں نیاپن اور سہولت پیدا کرنے کے دو ممکنہ طریقے ہوسکتے ہیں۔اول،اپنے گھر یا دفتر کے لیئے ایک عدد نیا کمپیوٹر خرید لیں،بہرکیف یہ ایک مہنگا سودا ہے،جس کا حصول شاید ہر کسی کے لیئے ممکن نہ ہوسکے۔دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ کے پاس کمپیوٹر چاہے کتنا ہی پرانا کیوں نہ اُسے نئے،بہترین اور کارآمد سافٹ وئیرز سے مزین کرلیا جائے۔کیونکہ سافٹ وئیر ز, پر ہی کسی بھی کمپیوٹر کی تمام تر ڈیجیٹل حیات کا دارمدار ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سافٹ ویئر مختلف ہدایت، اعداد و شمار، یا پروگرام کا ایک ایسا مجموعہ ہوتا ہے جو کسی بھی کمپیوٹر کو چلانے اور مخصوص کاموں کو سر انجام دینے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔یعنی سافٹ ویئر سے مراد کمپیوٹر میں چلنے والے وہ پروگرام ہیں جو ایک صارف کی ہر خواہش، ضرورت یا کام کو پورا کرتے ہیں۔ شاید اسی لیئے ہرکمپیوٹر میں استعمال میں آسان اور جدت سے ہم آہنگ سافٹ وئیرز کا ہونا ازحد ضروری ہے۔ سال 2021 میں کون سے منفرد،کارآمد لیکن مفت میں دستیاب سافٹ وئیرز آپ کے کمپیوٹر کے ڈیجیٹل جیون میں نئی روح پھونک سکتے ہیں۔ ایسے ہی چند سافٹ وئیرز کا چنیدہ انتخاب زیرنظر مضمون میں پیش خدمت ہے۔

خزائن الہدایت
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/3opdpBH
ہمیں اُمید ہے کہ آپ کو انٹرنیٹ پر قرآن حکیم،فرقان حمید کی تلاوت کرنے اور تفسیر پڑھنے کے لیئے بے شمار سافٹ وئیر استعمال کرنے کا اتفاق ہوا ہی ہوگا، جن میں سے اکثرسافٹ وئیرز میں یا تو رسم الخط برّصغیری نہیں ہوتے، یا تلاوت موجود نہیں ہوتی، یا ترجمہ کنزالایمان و تفسیر خزائن العرفان نہیں ہوتیں یا سرچ آپشن میں مختلف طرح کے مسائل سامنے آجاتے ہیں۔یادش بخیر کہ اَب خزائن الہدایت کے نام سے کلین ٹچ سافٹ وئیر کارپوریشن کی جانب سے قرآن حکیم کی تلاوت و تفسیر کے مطالعہ کے لیئے ایک ایسا مفت سافٹ وئیر متعارف کروادیا گیا ہے۔جس میں موجود سہولیات اور خوبیاں کا انٹرنیٹ پر دستیاب کسی بھی دوسرے سافٹ وئیر سے کوئی موازنہ ہی نہیں کیا جاسکتا۔مثال کے طور پر خزائن الہدایت میں عربی متن پاک و ہند اور دنیا کے کئی ممالک میں مروجہ برصغیری رسم الخط میں انتہائی احتیاط سے لکھا گیا ہے اور جسے لکھنے کے بعد متعدد بار حفاظِ کرام اور ماہرینِ علمِ تجوید نے موجودہ نسخوں اور تجویدی قواعد کو مدّنظر رکھتے ہوئے باریک بینی سے چیک کیا ہے اور ممکنہ حد تک متن کو اغلاط سے پاک کرنے کے لیئے التزام یقینی بنایا گیا ہے۔

نیز اس سافٹ وئیر میں خوبصورت اور واضح تحریر میں تصدیق شدہ عربی متنِ قرآن شریف،ایک کلک کرنے سے آیت کی تلاوت مختلف قاریوں کی آواز میں سننے کی خصوصیت، اردو ترجمہ کنزالایمان آواز کے ساتھ،مختصر و جامع تفسیرِ قرآنِ مجید خزائن العرفان، انگریزی ترجمہ کنزالایمان بھی موجود ہے۔جبکہ وقتِ تلاوت قرآنی لفظوں کو کیسے ادا کرنا ہے اس کی تفصیل رومن انگریزی میں درج کردی گئی ہے،اس کے علاوہ خزائن الہدایت میں کسی بھی متن کی تحریر کا انداز اور حجم (Size) بدلنے کی سہولت،سیکنڈوں میں اپنی مطلوبہ آیت تک رسائی،تمام موجودہ مواد میں سے اپنا مطلوبہ لفظ تلاش کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ سب سے بڑھ کر خزائن الہدایت میں مکمل قرآن شریف مع اردو ترجمہ کنزالایمان (از علامہ و مولانا اعلیٰحضرت امام اہلسنت احمد رضا خان فاضل بریلوی رحمۃ اللہ تعالی علیہ)، تفسیر خزائن العرفان (از صدر الافاضل حضرت نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ تعالی علیہ) اور انگریزی ترجمہ کنزالایمان (از شاہ فرید الحق) کا شامل کیا گیا ہے۔

کمپیوٹر کی صفائی نصف رفتار ہے
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/3pZwlaN
ہم مسلمانوں کے نزدیک صفائی نصف ایمان ہے لیکن اگر کمپیوٹر کی کارکردگی کی بات کی جائے تو کہا جاسکتا ہے کہ کمپیوٹر کے لیئے ”صفائی نصف رفتار ہے“۔کمپیوٹر استعمال کرنے والے جو بھی استعمال کنندگان کمپیوٹر کی صفائی کا خیال رکھتے ہیں وہ کبھی کمپیوٹر کی کارکردگی کے حوالے سے کوئی شکایت کرتے دکھائی نہیں دیتے۔کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک،میموری اور رجسٹر ی سے غیرضروری مواد کی صفائی کے لیئے عموماً جو پروگرام استعمال کیئے جاتے ہیں انہیں ”سسٹم کلینر“ کہا جاتاہے۔یہ سسٹم کلینر کمپیوٹر میں موجود تمام غیر ضروری مواد اور کچرے کو صاف کرکے کمپیوٹر کی رفتار اور کارکردگی میں اضافہ کا باعث بنتے ہیں۔دنیا بھر میں ”سی سی کلینر“ اس حوالے سے سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سسٹم کلینر ہے۔

سی سی کلینر کی افادیت سے ہمیں بھی انکار نہیں لیکن ہمارا مشورہ ہے کہ ایک بار آپ ”کلین ماسٹر“(Clean Master) کو اپنے کمپیوٹر میں صفائی کرنے کا موقع فراہم کریں پھر آپ بھی اسے ہماری طرح سی سی کلینر سے بہتر پائیں گے۔”کلین ماسٹر“ کی خوبیاں اور خوبصورتی کو آپ سی سی کلینر کے مقابلے میں ایک قدم آگے پائیں گے۔”کلین ماسٹر“کا اینڈرائیڈ ورژن دنیا بھر میں انتہائی مقبول ہے جسے اب تک 900 ملین سے زائد بار ڈاؤنلوڈ کیا جاچکا ہے جس سے آپ اس کی قابلیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔”کلین ماسٹر“ کا تازہ ورژن بے شمار اضافی خوبیوں سے لیس ہے۔یہ پروگرام آپ کے کمپیوٹر میں غیرضروری خفیہ طور پر چلنے والے پروگراموں کو بھی روکتا ہے اور اگر آپ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو اُس پر بھی بڑی گہری نظر رکھتا اوراس کی وہ اضافی خوبی جو اسے دیگر تمام سسٹم کلینرز سے ممتاز بناتی ہے وہ یہ ہے کہ دنیائے انٹرنیٹ سے ایسی کوئی چیز آپ کے کمپیوٹر میں داخل ہونے نہیں دیتا جس کی وجہ سے آپ کے کمپیوٹر کی کارکردگی یا رفتار میں کسی طرح کی بھی کمی آئے۔اسے آپ بیک وقت اپنے کمپیوٹر اور اسمارٹ فون میں مفت میں ڈاؤنلوڈ کر کے انسٹا ل کرسکتے ہیں۔اپنی انہی دلفریب خوبیوں کی وجہ سے اسے2021 کاممکنہ طور پر ایک بہترین ”سسٹم کلینر“ کا قرار دیاجاسکتا ہے۔

پرانے موبائل فون کو سیکورٹی کیمرے میں تبدیل کریں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2gMpjnV
اگر آپ کے پاس ایک پرانا ویب کیم یاآئی پی کیمرا یا پھر اگر کیمرے والا کوئی بھی پرانا موبائل فون موجود ہے جو کافی عرصہ سے آپ کے استعمال میں بھی نہیں تو پھر دیر نہ کریں جلد ی سے اُسے اپنی میز کی دراز سے نکال لیں کیوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے اس پرانے ویب کیم یا موبائل فون کیمرے کی مدد سے اپنا ذاتی سیکورٹی سسٹم بنا سکتے ہیں اور وہ بھی بناء کسی تیکنیکی مہارت یا ایک بھی پیسہ خرچ کیئے بغیر۔آپ حیران نہ ہوں یہ بالکل سچ ہے اگر آپ کو ہماری بات پر یقین نہیں آرہاتوکوئی بات نہیں ہمیں حسنِ ظن ہے کہ آپ آئی ویڈیون (Ivideon) نامی سافٹ وئیر کی خوبیاں جاننے کے بعد یقین کر لیں گے۔آئی ویڈیون ایک کلاؤڈ ویڈیو سیکورٹی سرویلنس سافٹ وئیر ہے۔

آ پ اس سافٹ ویئر کو درج بالا مختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر نے کے بعد، اپنے کسی بھی پرانے ویب کیم یا موبائل فون کو اپنے کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کردیں یہ انتہائی خود کار طریقہ سے آپ کے ویب کیم یا موبائل کیمرے کو سیکورٹی سرویلینس سسٹم میں بدل دے گا اور پھر آپ اپنے کمپیوٹر میں کیمرے کے سامنے ہونے والی تمام حرکات وسکنات کو ملاحظہ فرماسکیں گے اس کے علاوہ یہ تمام ویڈیو فوٹیج کو کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک میں محفوظ بھی کرتا رہے گا جسے آپ بوقت ضرورت نہ صرف دیکھ سکتے ہیں بلکہ اگر چاہیں تو ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں۔اس سافٹ ویئر کی ایک اور خوبی یہ بھی اگر آپ کے پاس ایسا لیپ ٹیپ موجود ہے جس میں پہلے ہی سے ویب کیمرا لگا ہوا ہے تو پھر آپ نے بس اس سافٹ ویئر کو اپنے لیپ ٹاپ میں انسٹال کر نا ہے اس کے بعد آپ کا لیپ ٹاپ بھی ایک خود کار سیکورٹی سسٹم میں تبدیل ہوجائے گا اب آپ نے صرف کرنا یہ ہے کہ لیپ ٹاپ کو آن(On) رکھناہے۔جہاں بھی لیپ ٹاپ موجود ہوگا اُس میں لگا ہوا ہے ویب کیم ارد گرد کی تمام ویڈیوز لیپ ٹاپ میں محفوظ کرتا رہے گااور اگر آپ چاہیں تو اپنے اس لیپ ٹاپ کے ساتھ ایک یا دو مزید کیمرے بھی منسلک کر سکتے ہیں یہ سافٹ ویئر تمام منسلک کیمروں کے ساتھ بالکل ویسے ہی کام کرے گا جیسے دنیا کا کوئی بھی سیکورٹی سرویلنس سسٹم کرتا ہے۔

یہ سافٹ وئیر مفت میں بیک وقت2کیمرے منسلک کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔اگر آپ2سے زیادہ کیمرے اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ساتھ منسلک کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیئے یہ آپ سے ماہانہ فیس طلب کرے گا لیکن بہرحال ایک یا دو کیمروں کے لیئے یہ مفت میں انتہائی اعلی معیار کی خدمات و سہولیات آپ کو فراہم کرسکتا ہے اگر آپ چاہیں تو اپنی فوٹیج کو ۴۲ گھنٹوں کے لیئے اس سافٹ ویئر کی آفیشل ویب سائیٹ پر محفوظ بھی کرسکتے ہیں۔ہمارے خیال میں اگر آپ صرف اپنے ایک یا دو پرانے ویب کیم یا موبائل کے مدد سے اپنے ذاتی آن لائن سیکورٹی سسٹم کا خوشگوار تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیئے یہ سافٹ وئیر آپ کے لیئے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔

اپنے نئے گھر کانیا نقشہ خود ہی بنائیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/3rWLZp3
کیا کبھی آپ کو خواہش ہوئی ہے کہ آپ اپنے گھر کا نقشہ خود تیار کریں؟کمرے خود ڈیزائن کریں؟ڈرائنگ روم کو خود بنائیں؟حتی کہ گھر کا مکمل فلور پلان بھی آپ کی ہی مرضی کا ہو؟۔غالب امکان ہے کہ اگر آج سے پہلے آپ نے کبھی اپنے گھر کا نقشہ کمپیوٹر پر بنانے کی کوشش بھی کی ہوگی تو اس کے لیئے کئی طرح کے تھری ڈی قسم کے سافٹ وئیر ضروراستعمال کیئے ہوں گے اور ہوسکتاہے اُن میں سے کئی ایک سافٹ وئیر اتنا پیچید ہ اور مشکل ہوں کہ آپ نے نقشہ بنانے کا خیال سرے سے ترک ہی کردیا ہو۔ لیکن پلینر فائیوڈ ی اپنے پیش رو ہر سافٹ وئیر سے کافی مختلف واقع ہوا ہے۔جسے استعمال کرکے آپ انتہائی سہولت کے ساتھ اپنے نئے گھر یا دُکان کا نقشہ کچھ ہی منٹوں میں بنا سکتے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سافٹ وئیر کی مدد سے آپ فلور پلان، انٹریئر ڈیزائننگ وغیرہ بھی چند کلکس سے کر سکتے ہیں۔جبکہ اس سافٹ وئیر کی گیلری میں پہلے ہی سے موجود خوب صورت نقشوں کے ڈیزائن اور انٹریئر ڈیزائننگ کے لیئے فرنیچر، پردے اور دیگر لوازمات بھی موجود ہیں۔جبکہ اس میں تیار کیئے گئے نقشہ کوآپ اپنے دوست، احباب کے ساتھ شیئر کر کے اُن کی گراں قدر آراء بھی حاصل کرسکتے ہیں۔صرف یہ ہی نہیں اس سافٹ وئیر میں اور بھی بہت سے خوبیاں دستیاب ہیں اور وہ بھی بالکل مفت میں۔

وائرس کے خلاف پہلی دفاعی لکیر
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2BwQL1g
ایک زمانہ وہ بھی تھا کہ جب گھر سے کوئی فرد کسی طویل سفر کے لیئے نکلتا تھا تو اُس کے پیارے،اُسکے بازو پر امام ضامن باندھ دیتے تھے تاکہ حفاظت کا کچھ تو بندوبست ہوسکے۔اب نہ وہ زمانہ رہا اور نہ خیال رکھنے والے وہ خوش عقیدہ لوگ۔لیکن سفر ہمیں درپیش ہے دنیا بھر کا۔یعنی انٹرنیٹ پر دنیا کے قریہ قریہ،نگرنگر کی سیر کرنے والوں کو آخر اپنی حفاظت کا کچھ تو بندوبست کرنا چاہئیے کیونکہ دنیائے انٹرنیٹ پر ایک سے بڑھ کر ایک دشمنِ جان یعنی ہیکر موجود ہے جو ”رینسم وئیر“وائرس کے ذریعے آپ کو کنگال اور ”بلیووہیل گیم“ کے ذریعے آ پ کی جان تک بھی لے سکتا ہے۔مگر آپ گھبرائیں نہیں ہم آپ کو گزشتہ برس2020 میں راج کرنے والا ایک ایسا اینٹی وائرس بتاتے ہیں جسے انسٹال کرنے کے بعد آپ کا کمپیوٹر اور اسے استعمال کرنے والے آپ کے تمام پیارے ہمیشہ ہمیشہ کے لیئے محفوظ و مامون ہوجائیں گے۔اس امام ضامن ٹائپ اینٹی وائرس پروگرام کا نام ”اے وی جی فری بیٹا“ ہے۔اے وی جی دنیا کی سب سے مشہور ترین سیکورٹی سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی ہے۔یوں تو اس کمپنی کے بنائے گئے اور بھی بے شمار اینٹی وائرس سافٹ وئیر اپنے صارفین سے مقبولیت کی سند حاصل کرچکے ہیں لیکن ”اے وی جی فری بیٹا“ بطور خاص آن لائن ہیکرز حملوں،رینسم وئیر،سپائی ویئر ز سے تحفظ کے لیئے بنایا گیا۔یہ استعمال میں انتہائی سادہ اور تحفظ میں بے مثال ہے۔یہ آپ کے کمپیوٹر کو متاثرہ ای میلز،اٹیچمنٹ فائلوں،ڈاؤنلوڈ اور آلودہ ویب سائیٹ سے مکمل تحفظ فراہم کرے گا۔ آزمائش شرط ہے۔

سارے کمپیوٹر آپ کے ہیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2zZ76j0
”ٹیم ویور13“ایک سادہ،تیزاور محفوظ ترین کمپیوٹرکنٹرول کرنے والاسافٹ وئیر ہے جس کی مدد سے آپ دنیا بھر میں موجود کسی بھی کمپیوٹر کوچند سیکنڈز میں اپنے کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرکے بالکل ویسے ہی اُس میں بھی تما م اُمور انجام دے سکتے ہیں جیسے آپ اپنے کمپیوٹر میں انجام دیتے ہیں۔یہ سافٹ وئیر اُس وقت بہت زیادہ فائدہ مند ہوسکتا کہ آپ اپنے دفتر میں موجود ہیں اور آپ کے گھر میں رکھا ہوا کمپیوٹر خراب ہوگیا لیکن گھر میں موجود کسی شخص کو کمپیوٹر کی اُن مبادیات کا علم نہیں جن کی مدد سے وہ کمپیوٹر ٹھیک کر کے اپنا ضروری کام کرسکے۔اس سافٹ وئیر کی مدد سے آپ اپنے اُس کمپیوٹر سے منسلک ہوکہ نہ صرف اُسے درست کرسکتے ہیں بلکہ اگر چاہیں تو اُس کمپیوٹر میں موجود فائلوں کو اپنے آفس والے کمپیوٹر میں کاپی بھی کرسکتے ہیں۔”ٹیم ویور13‘ آپ کو کسی بھی کمپیوٹر پر مکمل کنٹرول فراہم کرتا ہے اور اگر آپ چاہیں تو اس کے ذریعے آپ اپنے کمپیوٹر کو کسی دوسرے شخص کے کنٹرول میں بھی دے سکتے ہیں۔ بس ایک بات کا خیال رہے کہ کسی انجان شخص کو ”ٹیم ویور13“ کے ذریعے اپنے کمپیوٹر پر کنٹرول کی دعوت مت دیں کیونکہ ہوسکتاہے کہ وہ آپ کے کمپیوٹر کو غلط استعمال میں لائے اور آپ کو خبر بھی نہ ہو۔اس لیئے جس شخص پر آپ کو مکمل اعتماد اور بھروسہ ہو صرف اُسے ہی ”ٹیم ویور13‘ میں اپنے کمپیوٹر کا بنایا گیا یوزر نیم اور پاسورڈ دیں۔

اسمارٹ فون کی تمام اپلی کیشن کو اپنے کمپیوٹر پر چلائیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2JLnpWP
بلاشبہ اینڈروئیڈ موبائل فون پر دستیاب اپلی کیشنز،کمپیوٹر کے لئے دستیاب سافٹ وئیرز کے مقابلے میں نہ صرف دیدہ زیب،جاذب نظر اور استعمال میں آسان ہوتی ہیں بلکہ کثیر تعداد میں گوگل پلے اسٹور پر دستیاب بھی ہوتی ہیں۔ جبکہ اینڈروئیڈ گیمز کی توبات ہی کیا ہے۔ آج کل ہر نیا گیم سب سے پہلے موبائل اپلی کیشن کی صورت میں منظر عام آتا ہے۔ ایسے میں کیا کبھی آپ کے ذہن میں یہ خیال آیا ہے کہ اسمارٹ فونز میں موجود تمام موبائل اپلی کیشن،آپ کے کمپیوٹر پر بھی استعمال کے لیئے دستیاب ہوجائیں۔ بظاہر یہ خیال کچھ اچھوتا اور انوکھا سا ہی لگتا ہے لیکن اگر آپ درج بالا بلیو اسٹاک سافٹ وئیر اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرلیں تو یقین مانیئے کہ آپ اپنے اینڈرائیڈ موبائل فون میں موجود ہر موبائل اپلی کیشن کو انتہائی آسانی اور سہولت کے ساتھ اپنے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر بھی چلاسکیں گے۔ خاص طورپر اینڈرائیڈز گیمز کو کمپیوٹر کی بڑی اسکرین پر کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔

ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2APMIBd
”ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری 11‘ نے 2020 میں ثابت کیا ہے۔ویڈیو کنورٹر ز کے میدان میں دنیائے انٹرنیٹ میں دور دور تک اس کا کوئی بھی مدمقابل نہیں اور یہ بات ہم نہیں کہتے بلکہ دنیا بھر میں مفت سافٹ وئیر فراہم کرنے والی پانچ سب سے بڑی کمپنیاں کہتی ہیں۔ماہرین کا خیال ہے ”ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری ۱۱“ جو کچھ اپنے صارفین کو مفت میں فراہم کرتا ہے وہ بڑی بڑی ویڈیو کنورٹر سافٹ وئیر کمپنیاں پیسے لے کر بھی وہ سہولیات یا خدمات اپنے استعمال کنندگان کو فراہم نہیں کرتیں۔حقیقت یہ ہے کہ یہ سافٹ وئیر بھی 2017سے پہلے اپنی خدمات منہ مانگی رقم کے عوض ہی فراہم کرتا تھا لیکن نہ جانے اس کمپنی کی انتظامیہ کے من میں کیا سمائی کہ انہوں نے گزشتہ تین برسوں سے اس سافٹ وئیر کو بالکل مفت کردیا۔تفصیل میں جائے بغیر ہم تو آپ کو صرف یہ ہی مشورہ دیں گے کہ آپ جلد از جلد اس سافٹ ویئر کو ڈاؤنلوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر لیں۔خدا جانے اس کمپنی کی انتظامیہ کب دوبارہ اس بے مثال سافٹ وئیر کو قیمتاً فروخت کرنا شروع کردے۔

حوالہ جات کی ڈیجیٹل ڈائری
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/3ojSQXo
اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو اکثر وبیشتر مقالہ جات یعنی تھیسس لکھنے ہی پڑتے ہیں۔یاد رہے کہ جامعات میں تعلیمی سند کے حصول کے لیئے لکھے جانے والے مقالہ جات کے لیئے ریفرینسز جنہیں اُردو زبان میں کتابیات یا حوالہ جات کہاجاتاہے، ازحد ضروری ہوتے ہیں۔ کوئی بھی مقالہ اُس وقت تک مکمل اور قابلِ قبول قرار نہیں دیا جاسکتا۔جب تک کہ اُس میں مستند حوالہ جات، ترتیب وار اندازمیں شامل نہ ہوں۔کسی بھی مقالہ میں حوالہ جات کا اندراج ایک وقت طلب اور مشکل کام ہوتاہے۔ خاص طور پر اگر مقالہ کمپیوٹرپر لکھا جارہا ہے تو اس کی تدوین و ترتیب مزید مشکل ہوجاتی ہے۔ لیکن زوٹیرو سافٹ وئیر کی موجودگی میں اَ ب یہ مشکل بھی آسان ہوگئی ہے۔ کیونکہ زوٹیرو ایک بہترین قسم کا ریفرنس مینجمنٹ سوفٹ وئیر ہے۔جس کا بنیادی وظیفہ ہی مقالہ جات،مضامین اور مختلف طرح کے پروجیکٹس کے حوالہ جات خود کار انداز میں مرحلہ وار ترتیب میں یکجا اور منظم کرنا ہے۔ اس سافٹ وئیر کے استعمال سے طلباء و طالبات مقالہ جات کی تیاری کم وقت میں انتہائی سرعت کے ساتھ انجام دے سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ زوٹیرو آپ کے مختلف پروجیکٹس کے لئے ایک آن لائن فولڈر تشکیل دے کر کام کرتا ہے، جس کے بعد آپ ایک ہی کلک سے اپنے مقالہ میں متعدد اقسام کے حوالہ جات شامل کرسکتے ہیں۔حیران کن بات یہ ہے کہ زوٹیرو مقالہ جات و مضامین کے علاوہ ویب سائٹ،ای بک یا دیگر کسی بھی انداز میں لکھے گئے مواد کے لیئے ریفرنسز کو منظم کرنا سہل بنادیتاہے۔

پاسورڈ کی تجوری
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/2Xhz5Ux
کبھی کبھی پیچیدہ پاس ورڈ استعمال کرنا الجھن اور بوجھل ہوتا ہے۔ لاگو مینس ایک ایسا سیکورٹی سافٹ ویئر ہے،جسے آپ پاسورڈ کی تجوری بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہ سافٹ وئیر آپ کے کمپیوٹر اور فون پر فنگر پرنٹ لاگ ان، فوٹو لاگ ان یا پن لاگ ان کو دوسرے آلات سے لاگ ان منظور کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے تاکہ آپ چاہیں تو مکمل طور پر پاس ورڈ فری ہوسکیں۔یہ سافٹ ویئر آپ کو اپنے دوسرے تمام پاس ورڈ تک رسائی کے لئے فقط ایک پاس ورڈ استعمال کرنے کی سہولت دیتا ہے۔نیز اس سافٹ وئیر کی مدد سے آپ پیچیدہ پاس ورڈ بھی بنا سکتے ہیں یا جبکہ یہ آپ کے تمام پاسورڈ زکو بھی یاد رکھتا اور آپ کو انہیں کبھی یاد رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ویسے تو یہ سافٹ ویئر سب ہی کے لیئے کارآمد ہے لیکن وہ افراد جنہیں یادداشت کے مسائل لاحق اُن کے لیئے یہ ایک لازمی ضرور ت ہے۔یاد رہے کہ لاگ مینس سافٹ وئیر ونڈوز اور میک دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔

ڈیلیٹ فائلوں کی واپسی ممکن بنائیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/3hHBYY8
کبھی اچانک اگر آپ کی یوایس بی یعنی فلیش ڈرائیو کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرنے کے بعد یہ پیغام نظر میں آئے کہ یو ایس بی فلیش ڈرائیو خراب ہوچکی ہے یا اسے استعمال کرنے سے پہلے فارمیٹ کرنا ضروری ہے تو یقینا آپ کا پریشان ہونا تو بنتاہی ہے۔ کیونکہ آپ کی یوایس بی میں فلیش ڈرائیو میں ضروری فائلیں اور دیگر اہم ڈیٹا وغیرہ ہوگا۔جنہیں آپ نے یوایس میں حفاظت کی غرض سے ہی رکھا ہوگا۔ اَب اگر یوایس بی ہی خراب ہوجائے تو پھر آپ کا اہم ترین ڈیٹا کہاں بچ پائے گا۔ایسی مخدوش صورت حال میں ”منی ٹول پاور ڈیٹا ریکوری“نامی سافٹ وئیر آپ کے لیئے ایک نعمت سے کم نہیں ہوگا۔ اس سافٹ وئیر کی سب سے خاص با ت ہی یہ ہے کہ آپ کی یوایس بی ڈرائیوز سے ڈیلیٹ شدہ فائل آپ کو واپس ریکور کر کے دے دیتاہے۔ نیز اس سافٹ وئیر کی مدد سے آپ اپنے میموری کارڈ سے حذف ہونے والا قیمتی ڈیٹا بھی دوبارہ سے حاصل کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ کارآمد ترین سافٹ وئیر خراب پارٹیشن کی درستگی،گم شدہ پارٹیشن کی واپسی،ڈیجیٹل میڈیا کی ریکوری وغیر ہ جیسی خدمات بھی بوقت ضرور ت مفت میں فراہم کرسکتاہے۔

اپنے اسمارٹ فون کو کمپیوٹر کا ریموٹ کنٹرول بنائیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/3rYtlwU
یونی فائیڈ ریموٹ سافٹ وئیر ایک ایسا عجیب و غریب اور کارآمد سافٹ وئیر ہے جو آپ کے اسمارٹ فون کو کمپیوٹر کے ریموٹ کنٹرول میں تبدیل کرسکتاہے۔ جی ہاں! یہ بالکل سچ ہے۔آپ اپنے اسمارٹ فون سے دور بیٹھ کر،کمپیوٹر پر نہ صرف فلمیں چلاسکتے ہیں،بلکہ فائلز اور فولڈر کھول اور بند بھی کرسکتے ہیں۔جبکہ کمپیوٹر کا کی بورڈ بھی اسمارٹ فون سے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر کو لاک،سلیپ اور شٹ ڈاؤن بھی کرسکتے ہیں۔یعنی اَب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنے اسمارٹ فون کو کب اپنے کمپیوٹر کا ریموٹ کنٹرول بناتے ہیں؟۔کیا کہا؟۔ ذرا پھر سے بولیئے!!۔ اچھا تو ابھی بنا نا چاہتے ہیں تو پھر دیر کیوں کر رہے ہیں۔بلا کسی تاخیر درج بالا لنک سے یہ سافٹ وئیر اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرلیں۔لیکن ذہن نشین رہے کہ یہ سافٹ وئیر کمپیوٹر پر انسٹال کرنے کے بعد اس کی ایپ اپنے اسمارٹ فو ن پر بھی انسٹال کرنا ہوگی۔تب ہی آپ اسمارٹ فون کو کمپیوٹر کے ریموٹ کنٹرول میں بدل سکیں گے۔ اس پروگرام کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ کمپیوٹر اسکرین کو براہ راست آپ کے اسمارٹ فون پر دکھاتا ہے،جس کی وجہ سے آپ کے لیئے کمپیوٹر کو موبائل فون سے چلانا بے حد آسان ہوجاتاہے۔ یاد رہے کہ جب آپ اس سافٹ وئیر کو اپنے کمپیوٹر پر انسٹال کرلیں گے تو دورانِ انسٹالیشن تین آپشن آپ کے سامنے آئیں گے۔پہلا آپشن UAC جو کہ اس پروگرام کے بنانے والوں کی جانب سے تجویز کردہ،منتخب کرنا ہوگا۔ ویسے آپ اپنی ضرورت کے مطابق کوئی دوسرا آپشن بھی استعمال کرسکتے ہیں۔لیکن پہلے آپشن کا استعمال زیادہ سود مند ثابت ہوگا۔

بڑی فائلوں کے بڑے مسائل کا مختصر حل
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/3hMmYbs
بڑی فائلوں کے مسئلے بھی ہمیشہ بڑے ہی ہوتے ہیں،خاص طور پر اگر بڑی فائل کو ایک کمپیوٹر سے کسی دوسرے کمپیوٹر یا موبائل فون پر یا پھر انٹرنیٹ پر کسی کو ای میل وغیرہ کرنا ہوتو بڑی فائل کی منتقلی پریشانی کا سبب بھی بن سکتی ہے۔لیکن اگر آپ کے کمپیوٹر میں ایچ جے اسپلٹ (HJSplit) سافٹ وئیر موجود ہے تو پھر آپ کو قطعاً پریشان ہونے کی ضرور ت نہیں ہے۔کیونکہ اس سافٹ وئیر کی مدد سے کسی بھی فائل کو جتنے حصوں میں چاہیں تقسیم کیا جاسکتاہے۔ یوں سمجھ لیجئے کہ اس سافٹ وئیر کی مدد سے آپ ایک جی بی کی فائل کو توڑ کر اس کے سو سو ایم بی کے دس ٹکڑے بناسکتے ہیں۔علاوہ ازیں آپ اپنی فائل کے جس سائز کے چاہیں حصے کر سکتے ہیں۔ اس سافٹ وئیر کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے کمپیوٹر میں انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں،کیونکہ اس پورٹ ایبل ورژن دستیاب ہے۔بس اسے درج بالا لنک سے ڈاؤن لوڈ کریں اور اسے اپنے استعمال میں لائیں۔ ونڈوز کے تمام آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ مطابقت رکھنے والا یہ منفرد سافٹ وئیر 10Gb تک کی بڑی فائل کو حصے،بخروں میں بانٹ کر کہیں بھی،کسی بھی جگہ اُس کی منتقلی کو آسان بناسکتاہے۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے روزنامہ ایکسپریس کے سنڈے میگزین میں 24 جنوری 2021 کی اشاعت میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں