Most Used Apps In The World 2021

سال 2021 کی بہترین موبائل اپلی کیشنز

گزرے سال2020 کا سورج کسی کو خوشی اور کسی کو غم دے کرغروب ہوچکا۔جبکہ 2021 کانیا سال اپنے جلو میں بہت سی اُمیدیں اور امکانات لے کر ہم سب کے درِپر دستک دے رہا ہے۔اس مناسبت سے عمران شمشاد نے کیا خوب شعر لکھا ہے کہ ”یہ غلط ہے،یہ سال ٹھیک نہیں۔۔۔ہر گھڑی کا ملال ٹھیک نہیں“۔ یعنی یہ سال بھی اچھا،بلکہ بہت ہی اچھا ثابت ہوگا،فقط اُن افراد کے لیئے جو بہترین منصوبہ بندی اور نیک عزائم کے ساتھ نئے سال کو بھرپور انداز میں خوش آمدیدکہیں گے۔لیکن نئے سال کا استقبال کرنے کے لیئے منصوبہ بندی بھی بالکل نئے،اچھوتے اورمنفرد انداز ہی سے ہونی چاہیئے۔جیسے آپ کے سب سے قریبی رفیق ”اسمارٹ فون“ کو 2021 میں زیادہ سے زیادہ کارآمد اور مفید بنانے کے لیئے کس قسم کی جدید ترین اپلی کیشنز کی حاجت ہوسکتی ہے، ایسی چند بہترین ایپس کا آموختہ زیرنظر مضمون میں حاضر خدمت ہے۔

اپنے خوابوں کو دیکھیں،موبائل کی آنکھ سے
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2DKcjZR
آپ کورات کیسی نیند آئی؟کیا آپ ساری رات بھرپور نیند کرتے رہے؟یا صرف کروٹیں بدلتے رہے۔رات کا وہ کون سا حصہ ہے جب آپ گہری نیند میں تھے؟ اور کس حصہ میں آپ بظاہر سو کر بھی جاگتے رہے تھے؟،کب آپ نے اچھے خواب دیکھے؟ اور کس وقت آپ برے خواب دیکھتے رہے؟۔کیا کوئی ایسا شخص ہے جو آپ کو رات بھر کی نیند کے بعد،صبح سویرے آپ کو یہ ساری باتیں بالکل ٹھیک ٹھیک بتا سکے یقینا آپ کا جواب انکار میں ہی ہوگا۔ لیکن سلیپ سائیکل(Sleep Cycle) نامی ایک ایسی ایپ بھی موجود ہے جو اگر آپ اپنے اسمارٹ فون پر انسٹال کرنے کے بعد رات کو سونے سے پہلے اپنے بستر کے قریب رکھ لیں تو یہ سافٹ وئیر اپنی جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے آپ کے بستر اور آپ کی رات بھر کی حرکات و سکنات ریکارڈ کرنے کے بعد یہ رات بھر کی نیند کی مکمل رپورٹ صبح آپ کے سامنے من و عن پیش کردے گا اور آپ کو ہر صبح اس بات سے بھی خبردار کرتا رہے گا کہ رات کو آپ نے جو نیند لی تھی یہ آپ کی صحت کے لیئے مناسب ہے یا نہیں۔اس موبائل ایپ سے آپ اپنی نیند کو بہتر کرنے کے بارے میں انتہائی موثر نسخے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

اسمارٹ فون کو کماؤ پوت بنائیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2Li3wlg
مثل مشہور ہے کہ ”اگر آپ نے اونٹوں سے دوستی کرنی ہے تو پھر اپنے گھر کے دروازے ضرور اونچے کروائیں“۔یاد رہے کہ یہ مقولہ صرف اونٹوں پر ہی نہیں بلکہ ہمارے اور آپ کے ہاتھ میں موجود اسمارٹ فون پر بھی پوری طرح سے صادق آتاہے۔کیونکہ صرف اسمارٹ فون ہی مہنگا نہیں ہوتا بلکہ آج کے جدید دور میں اسمارٹ فون کو جیب میں رکھنا بھی ایک مہنگا سودا ہے۔مثلاً موبائل فون میں بیلنس کا خرچہ،انٹرنیٹ پیکج کا خرچہ اور اسے لوگوں کی نظروں میں دلکش بنانے کے لیئے خوب صورت کیسنگ،اسکرین کی حفاظت کے لیئے پروٹیکٹر وغیرہ جیسے اضافی اخراجات بھی اسمارٹ فون کو ہمیشہ ”اسمارٹ“ رکھنے کے لیئے ازحد ضروری ہوتے ہیں۔ایسے میں کبھی نہ کبھی تو آپ کے ذہن ِ رسامیں یہ خیال ضرور آیا ہوگا کہ کیا ہی اچھا ہوجائے ”اگر ایک موبائل فون اپنے روزمرہ کے تھوڑے بہت اخراجات پورا کرنے کے لیئے آن لائن کمائی بھی کرنا شروع کردے؟“۔

لیجئے جناب!آپ کی یہ خواہش ہم پوری کیئے دیتے ہیں اور بلاکسی تاخیر درج بالا مختصرلنک کی مدد سے اس مفید موبائل اپلی کیشن کو اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کر کے آن لائن کمائی شروع کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ موبائل ایپ گزشتہ کئی برسوں سے اپنے صارفین کے لیئے جزوقتی کمائی کا ایک اچھا ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔ اس ایپ میں 12 مختلف طریقوں سے سکے کمائے جاسکتے ہیں۔ جیسے اشتہارات اور ویڈیوز ملاحظہ کرکے یا ویڈیوز گیمز کھیل کر۔نیز آسان سے کوئز مقابلوں اور سروے میں شامل ہوکر بھی سکے جمع کیئے جاسکتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر اس ایپ کو روزانہ باقاعدگی کے ساتھ صرف ایک بار کھول لیتے ہیں تو اس پر بھی آپ کو سکے ملتے ہیں۔اس ایپ پر سکے جمع کرکے بعد ازاں انہیں موبائل بیلنس کی صورت میں کیش کروایا جاسکتاہے۔لہٰذا جہاں آپ کے اسمارٹ فون میں بھانت بھانت کی اتنی ڈھیر ساری موبائل اپلی کیشنز موجود ہیں، وہیں ایک بار اس ایپ کو بھی انسٹال کر کے ضرور دیکھیئے گا۔بلاشبہ سال 2021 میں اسمارٹ فون کے اضافی اخراجات پورے کرنے لیے اسے ایک ”اسمارٹ اپلی کیشن“قرار دیاجاسکتاہے۔

سیلفی کو بنائیں شاندار بھی اور جاندار بھی
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/3h3GRKL
بعض لوگ سیلفی کے جنون میں مبتلاہوتے ہیں اور کسی بھی موقع یا جگہ پر سیلفی لینے سے باز نہیں آتے۔لیکن ہر جگہ اور ہر موقع پر اچھی سیلفی بنانا کسی کے لیئے بھی آسان نہیں ہوتا۔کیونکہ کبھی کسی خاص اندازسے تصویر بنانے کے چکر میں کیمرے کا بٹن پریس نہیں ہورہا ہوتا اور اگر کوشش کرکے بٹن دب جائے تو پھر سیلفی کا وہ مخصوص زاویہ خراب ہوجاتاہے،جو اچھی سیلفی لینے کے لازم ہوتاہے۔ ویسے اس مسئلے کا حل کے لئے مہنگی سیلفی اسٹکس بھی بازار میں دستیاب ہیں لیکن عام مشاہدہ یہ ہی ہے کہ ہر جگہ سیلفی اسٹکس بھی کارآمد ثابت نہیں ہو پاتیں۔ ہمارے خیال میں درج بالا موبائل اپلی کیشن اچھی سیلفی کی راہ میں حائل ہونے والے ہر مسئلہ کا آخری حل ہے۔ کیونکہ اس ایپ کو اسمارٹ فون کا حصہ بنا لینے کے بعد کسی بھی خاص زاویے پرسیلفی لینے کے لیئے موبائل کیمرا کا بٹن پریس کرنے ضرورت نہیں رہتی۔بس! کیمرے کے سامنے ایک بار اپنا ہاتھ لائیں،کیمرہ آپ کے ہاتھ کو سکین کرلے گا۔اَب آپ مٹھی بند کرکے اسے اشارہ کریں تین سکینڈ کا ایک خود کار ٹائمر آن ہوجائے گا۔آپ اطمینان سے کھڑے ہوجائیں اور اسمارٹ فون کا کیمراخودکار طریقے سے سیلفی بنا لے گا۔ واضح رہے کہ یہ اپلی کیشن ایک دو نہیں بلکہ13 فٹ کی دوری سے بھی آپ کاہاتھ کو سکین کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ملازمت پیشہ خواتین کے لیئے بطور خاص
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/3r7gOah
جیسے جیسے ہمارے ہاں ملازمت پیشہ خواتین کی شرح میں اضافہ ہوا ہے وہیں ایسی ملازمت پیشہ خواتین جو ایک ماں بھی ہیں انہیں آئے روز ہونے والے زینب جیسے المناک واقعات کے ڈر اور خوف کے باعث آج کل اپنی ملازمت جاری رکھنے میں شدید ترین ذہنی کوفت کا بھی سامنا ہے ایسی تمام ملازمت پیشہ خواتین جو اپنی بچوں کی نگہداشت و حفاظت کے خوف میں اپنی ملازمت کو خیر باد کہنے کا سوچ رہی ہیں انہیں ہم مشورہ دیں گے کہ وہ ایک بار کم ازکم اس ایپ کو ضرور آزما لیں۔ اس موبائل اپلی کیشن کو بنانے والوں کا بنیادی مقصد وحید ملازمت پیشہ خواتین کے لیئے اپنے بچوں کی نگرانی و نگہداشت کو سہل بنانا ہے اور اس میں کوئی شک بھی نہیں ہے کہ انہوں نے ایسا کر بھی دکھایا ہے۔لہٰذا،اس کارآمد ایپ کو آپ اپنے کسی بھی اسمارٹ فون کے ذریعے ڈاؤنلوڈ کر کے استعمال میں لاسکتی ہیں۔اس ایپ کے ذریعے آپ نہ صرف اپنے بچوں کے لیئے ایک اچھے ڈے کئیر کا انتخاب کرسکتی ہیں بلکہ کسی بھی ڈے کئیر میں موجود اپنے بچہ کو دورانِ ملازمت نہ صرف دیکھ سکتی ہیں بلکہ وہاں ان کے سونے جاگنے اور کھانے پینے سمیت دیگر اُمور سے متعلق مکمل طور پر باخبر بھی رہ سکتی ہیں اور اگر پھر بھی آپ کو ضرورت محسوس ہو تو آپ اس ایپ کے ذریعے اپنے بچہ کے ساتھ دن میں پانچ بار ساٹھ سیکنڈز یعنی ایک منٹ کے لیئے ویڈیو کال بھی کر سکتی ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف ابتدائی طبی امداد
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/3bJMA4l
دنیا کے کم و بیش تمام ممالک نے کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیئے، باردگر سخت لاک ڈاؤن کا اطلاق کر کے اپنی عوام کو اُن کے گھروں میں ہی مکمل طور پر قرنطینہ کردیا ہے۔ یہ اقدام اِس لیئے اُٹھایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے سرعت انگیز پھیلاؤ کو روکا جاسکے اور لوگ اپنے آپ کو از خود ہی قرنطینہ کر کے کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کا انتظار کریں تاکہ پھر اُنہیں علامات کی شدت کے حساب سے کورونا وائر س کے علاج کے لیئے قائم کیئے گئے ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ لیکن گھر میں ازخود قرنطینہ ہونے والے متاثر ہ شخص میں کب اور کس وقت کورونا وائرس کی شدید علامات اچانک سے ظاہر ہوجائیں گی کسی کو کچھ معلوم نہیں ہوتا۔

لہٰذا غیر متوقع اور غیر معمولی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے ازخود قرنطینہ ہونے والے افراد کی تھوڑی بہت فرسٹ ایڈ یعنی ابتدائی طبی امداد سے متعلق بھی کچھ نہ کچھ تربیت ضرورہونی چاہئے۔ اِس کا سب سے بڑا فائدہ یہ حاصل ہوگا کہ اگر آپ کی کورونا وائرس کی وجہ سے اچانک طبیعت بگڑ جائے تو آپ ابتدائی طبی امداد کی بدولت اُس وقت تک اپنے آپ کو سنبھال سکیں گے جب تک کہ آپ کوکورونا وائرس کے لیئے قائم کردہ کسی ہسپتال یا سرکاری قرنطینہ سینٹر میں منتقل کیا جاسکے۔ کووڈ 19 بیماری سے مقابلے کے لیے ابتدائی طبی امداد کی تربیت کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے امریکن ریڈ کراس نے خصوصی طور پر ”فرسٹ ایڈ“ موبائل اپلی کیش متعارف کروائی ہے۔ یہ موبائل اپلی کیشن کورونا وائرس سمیت درجن بھر دیگر حادثات سے متعلق بھی فرسٹ ایڈ تربیت فراہم کرنے والی دنیا کی ایک بہترین ایپ خیال کی جاتی ہے۔ اِس اپلی کیشن کی مقبولیت کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ اَب تک اِس ایپ کو ایک ملین سے زائد افراد اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کرچکے ہیں۔یاد رہے کہ ”فرسٹ ایڈ“ نامی اِس موبائل ایپ کو گوگل پلے اسٹور نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیئے نامزد کی گئی اپنی پانچ موبائل ایپس کی فہرست میں خصوصی طور پر شامل کیا ہوا ہے۔ اگر آپ اِس موبائل ایپ کو اپنے اسمارٹ فون کا حصہ بنانے چاہتے ہیں تو درج بالامختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کرلیں۔

اُردو تھیسارسس، مترادف الفاظ کا ایک جہان
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/3r9e1Nz
اردو لکھنے اور پڑھنے والوں کو بعض اوقات زندگی میں ایک مشکل کا سامنا تو کرنا پڑتا ہی ہے یعنی جب وہ کسی لفظ کا مناسب متبادل لفظ جاننے کے لیے اپنے ذہن پر زور ڈالتے ہیں لیکن کوئی مناسب مترادف لفظ ذہن کی اسکرین پر ظاہر نہیں ہوتا جس کے لیئے پھر اُردو زبان کی کئی بھاری بھرکم لغات کا سہارا تلاش کرنا پڑتا ہے،لغت مل جانے کے بعد بھی درست اور مناسب ترین مترادف ڈھونڈنا اتنا مشکل لگتا ہے کہ اسے آئندہ پر اُٹھا کر رکھ دیا جاتا ہے۔ہمیں یقین ہے کہ یہی کچھ لاہور کے اُردو دوست ماحول میں پرورش پانے والے مصنف و مترجم مشرف علی فاروقی کے ساتھ کم از کم اتنی بار تو ضرور ہوا ہوگا کہ ایک دن اُن کا حوصلہ جواب دے گیا ہوگا۔جب ہی تو انہوں نے اس مشکل ترین کام کا حل ایک موبائل ایپلی کیشن کی صورت میں پیش کردیا۔خیال رہے کہ اردو زبان میں ایک لفظ کے معنی ایک سے زیادہ الفاظ سے ادا ہوسکتے ہیں یعنی وہ الفاظ جو ایک دوسرے کا متبال ہوں یا اپنے معنی میں یکساں یا ایک دوسرے سے قریب ہوں،وہ مترادفات کہلاتے ہیں۔اُردو تھیسارس کے نام سے اُردو الفاظ کے مترادف الفاظ کا ذخیرہ جمع کرکے اُردو دان حضرات کے لیئے استفادہ کے لیئے انٹرنیٹ اور موبائل فون پر جاری کردیا ہے۔

اردو تھیسارس کا یہ جدید ورژن 16 جولائی 2016 ء سے انٹرنیٹ اور موبائل فون کے لیے دستیاب ہے، پانچ سال کی طویل مدت میں تیار ہونے والی اس ویب سائٹ اور ایپ کے ذریعے اُردو تھیسارس کے موجودہ ورژن میں چالیس ہزار سے زائد الفاظ اور بیس ہزار سے زائد مترادفات کے مجموعے ڈھونڈے جاسکتے ہیں۔ اردو زبان اور الفاظ کے ایک ماخذ کے طور پراس کو بہتر بنانے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ اپنی موجودہ حالت میں یہ محض مترادفات کے ایک حصے پر مشتمل ہے، لیکن مستقبل میں اُردو اور ذولسانی لغات کے علاوہ، اس میں متضادات، محاورات، اور ضرب الامثال کا اضافہ بھی کیا جائیگا۔زبان اور الفاظ کے کسی بھی ماخذ کی طرح اردو تھیسارس کی تالیف میں بھی متعدد اردو لغات اور مستند حوالہ جاتی کتب سے استفادہ کیا گیا ہے، لیکن اس اردو تھیسارس میں موجود ذخیرہ الفاظ کی ترتیب و تنظیم منفرد ہے۔ اردو تھیسارس ایک مفت تعلیمی سروس کے طور پر پیش کی جارہی ہے۔ اس کے بنانے والوں کو ڈیزائن، خصوصیات اور مندرجات میں بہتری کے لیے آپ کی تجاویز اور سفارشات کا شدت سے انتظار ہے۔اس وقت اس ایپلی کیشن میں ذخیرہ الفاظ تقریباً 40 ہزار ہے جبکہ 25 ہزار سے زائد مجموعہ مترادفات ہیں۔جو کہ اُردو زبان کے رائج مترادفات کا تقریباً پچاس فیصد ذخیرہ بنتا ہے جبکہ مزید ذخیرہ شامل کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے،عنقریب اس ایپلی کیشن اور ویب سائٹ پر مستقبل میں متضاد الفاظ، محاورے اور ضرب الامثال بھی شامل کیے جائیں گے۔

پیارے نبیؐ کی پیاری دُعائیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2OYr84V
اللہ کے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے دعاکی عظمت، اس کی بر کتیں، دعا کے آداب اور دعا کرنے کے بارے میں واضح ہدا یات دی ہیں۔ایسی بے شمار احادیث ہیں، جن میں نہ صرف دعا کا ذکر ہے بلکہ دعا کی اہمیت و فضیلت کو بھی واضح کیا گیا ہے۔حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا”دعا کارآمد اور نفع مند ہوتی ہے۔ اِن حوادث میں بھی جو نازل ہوچکے ہیں اور اُن میں بھی جو ابھی نازل نہیں ہوئے، پس اے خدا کے بندو! دعا کا اہتمام کرو“۔]جامع ترمذی[ایک اور حدیث حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مردی ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ ”اللہ سے اس کا فضل مانگو، کیونکہ اللہ کو یہ بات محبوب ہے کہ اس کے بندے اس سے دعا کریں اور مانگیں۔اللہ تعالی کے کرم سے امید رکھتے ہوئے اس بات کا انتظار کرنا کہ وہ بلا اور پریشانی کو اپنے کرم سے دور فر مائے گا اعلی درجہ کی عبادت ہے“۔]جامع ترمذی[
مسنون دعاؤں اور اذکار کا اہتمام دین کا حصہ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کا جزو اور اجر و ثواب کا باعث بھی ہے، ہمارے محدثین نے کتبِ حدیث میں ”اذکار ودعوات“ کے مختلف عنوانات کے تحت بہت سی دُعائیں جمع کی ہیں جبکہ اہلِ علم حضرات نے دعاؤں پر بے شمار کتابیں بھی ترتیب دی ہیں۔ البتہ اسلامی تعلیمات کا لحاظ رکھتے ہوئے ہمیشہ مستند دُعائیں ہی پڑھنی چاہئیں اور مسنون دعاؤں سے مستند بھلا کونسی دعائیں کہیں جاسکتی ہیں۔مسنون دعاؤں سے مراد وہ دُعائیں ہیں جنہیں ہمارے نبی حضرت محمدصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اکثر و بیشتر پڑھا کرتے تھے۔ایسی ہی سینکڑوں مسنون دعاؤں پر مشتمل ایک موبائل اپلی کیشن”مائی دُعا“کے نام سے گوگل پلے اسٹور پر بھی دستیاب ہے۔اس ایپ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس میں مسنون دعاؤں کو 30 سے زائد مختلف درجہ بندیوں کے تحت عربی،انگلش اور اُردو زبانوں میں بیک وقت سُنا اور پڑھا جاسکتا ہے۔اسے میاں اسد علی اور حافظہ عائشہ نے انتہائی محنت سے تخلیق کر کے گوگل پلے اسٹور پر بالکل مفت میں پیش کردیا ہے۔جس پر یہ دونوں شاباش کے مستحق ہیں۔ اگر آپ اس اپلی کیشن کی مزید خوبیاں جاننا چاہتے ہیں تو ایپ کو دیئے گئے مختصر لنک کی مدد سے بلاتاخیر اپنے اسمارٹ فون کا حصہ بنالیں۔

وزن گھٹائیں،انعام پائیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2nkNL2T
جی ہاں! اس ڈائیٹ بیٹ(Diet Bet) نامی اسمارٹ فون ایپ میں دئیے گئے مختلف گیمز میں شرکت کریں اور کامیابی سے وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ انعامی رقم کے حقدار بھی قرار پائیں۔اس ایپ پر بے شمارآن لائن گیمز موجود ہیں جن میں دئیے گئے ٹاسک آپ آن لائن کمیونٹی کے ساتھ مقررہ وقت میں سب سے پہلے پورے کر کے انعامی رقم کے حقدار بن سکتے ہیں۔وزن کم کرنے کے حوالے سے ترغیب دینے والی یہ اپنی نوعیت کی انتہائی منفرد اسمارٹ فون ایپ ہے جو کافی عرصہ سے اسمارٹ فون کی دنیا میں اپنی کامیابی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہاں آپ اُن افراد کی دلچسپ سچی کہانیاں بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں جنہوں اس ایپ کے مختلف آن لائن گیمز میں شرکت کرکے اپنے بڑھتے ہوئے وزن کو کامیابی سے ساتھ کم کیا۔اس ایپ کو بنانے والوں کا دعوی ہے کہ اب تک ان کی بنائی گئی اس ایپ کی مدد سے 90 مختلف ممالک کے4 لاکھ سے زیادہ افراد مجموعی طور پر اپنا5ملین پاؤنڈ وزن کم کرکے12ملین ڈالرز کی خطیر انعامی رقم کے حقدار قرار پاچکے ہیں۔

مفت میں آن لائن چینی زبان سیکھیں
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/3p1v02o
اگر آپ بغیر ٹیوشن یابغیر کسی نگران کے گھر میں لکھنے پڑھنے کا ذرہ برابر بھی سابقہ تعلیمی ریکارڈ رکھتے ہیں تو پھر آپ کے لیئے ایک خوشخبری ہے کہ اگر آپ اپنی مستقل مزاجی،محنت اور شوق کو بروئے کار لائیں تو باآسانی چینی زبان مفت میں آن لائن بھی سیکھ سکتے ہیں یا اُس کے بارے میں کم از کم اتنی معلومات تو حاصل کر ہی سکتے ہیں کسی جعلی تعلیمی ادارے میں چینی زبان سیکھنے سے بچ سکیں۔یہاں ہم آپ کی رہنمائی کے لیئے ایک انتہائی معتبر اور مستند موبائل اپلی کیشن پیش کر رہے جس کی مدد سے آپ چینی زبان پر ابتدائی دسترس باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈولنگو (Duolingo) دنیا بھر کی مختلف زبانیں سکھانے کے لیئے کورسز مفت میں فراہم کرنے والی مشہور و معروف موبائل ایپ ہے۔ڈولینگو نے حال ہی میں چینی زبان سیکھنے کے کورس کو بھی اپنی موبائل ایپ میں شامل کرلیا ہے۔ڈولینگو نے چینی زبان کے کورس کو چار مختلف زمروں میں تقسیم کی ہے۔ جس میں ملاقات، سپورٹ، صحت اور کھانے پینے سے متعلق روزمرہ گفتگو سے متعلق ذخیرہ الفاظ اور مختصر جملے شامل ہیں جس کی مدد سے باآسانی چینی زبان میں کی جانے والی روزمرہ استعمال کو عام گفتگو کو سیکھا اور سمجھا جاسکتا ہے۔اس مقبول ِ عام ایپ کو آپ گوگل پلے اسٹور پر جاکر Duolingo لکھ کر باآسانی تلاش کر کے اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کرسکتے ہیں۔

”راستہ“ایپ بچائے گی، ٹریفک جام کی کوفت سے
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/3nzpJ1W
بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے ٹریفک جام میں پھنس جانا،پاکستان کے ہر بڑے شہر میں رہنے والی شہری کا ایک روزمرہ مسئلہ ہے۔ جبکہ موسم شدید سردی اور دھند کا ہوتو ٹریفک جام کی شکایات بہ نسبت عام دنوں کے کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔اکثر دیکھا گیا ہے کہ صبح و شام کے دفتری اوقات کار میں ہر بڑے شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کے اژدھام اور دفتر یا گھر پہنچنے کی عجلت کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوجانا معمول کی بات ہے، جس میں پھنس کربے شمار لوگ یا تو وقت پر دفتر نہیں پہنچ پاتے یا انہیں گھر پہنچنے میں تاخیر ہوجاتی ہے۔لیکن اگر آپ لاہور شہر کے رہائشی ہیں یا اس دھند کے موسم میں آپ کا لاہور جانے کا ارادہ ہے تو آپ اپنے کو کم ازکم لاہور میں تو ضرور ٹریفک جام میں پھنسنے سے بچا سکتے ہیں کیونکہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شہریوں کی سہولت کی خاطر راستہ ایپ متعارف کروا کر عوامی خدمت کا ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اس ”راستہ“ ایپ کو اپنے موبائل فون میں انسٹال کرنے کے بعد شہری لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک سے متعلقہ تمام تازہ ترین معلومات اپنے موبائل فون پر ہی حاصل کرسکتے ہیں۔یہ ایپ آپ کو بتائے گی کہ شہر کی کس کس سڑک پر اس وقت ٹریفک جام ہے یا ہونے کی توقع ہے اور آپ کے لیئے جلد از جلد اپنے گھر پہنچنے کے لیئے بہترین متبادل راستہ کونسا ہوسکتا ہے۔سٹی ٹریفک پولیس لاہور کا یہ مستحسن اقدام دیگر شہروں کے منتظمین کو بھی ایک دعوتِ عمل دیتا ہے،اگر کوئی سمجھے تو۔

اقوامِ متحدہ کی سیر کریں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2y0yOch
کیا آپ یو این سیکریٹریٹ کی سیر کرنا چاہتے ہیں؟ اگر آپ کا جواب ہاں میں ہے تو برائے مہربانی بلاکسی تاخیر ”یو این وزیٹر“ نامی اس ایپ کو اپنے اسمارٹ فون کا حصہ بنالیں،کیونکہ دنیا بھر کی حکومتی شخصیات کے علاوہ عام افراد کے لیئے بھی اقوامِ متحدہ نے ایک ایسا طریقہ کار وضع کیا ہوا ہے جسے استعمال کر کے یو این سیکریٹریٹ کا وزٹ کیا جاسکتاہے۔اس حوالے سے تمام تر تفصیلات اور شرائط اس موبائل اپلی کیشن میں ملاحظہ کے لیئے دستیاب ہیں۔صرف یہ ہی نہیں اس میں یواین سیکریٹریٹ کا مکمل تھری ڈی نقشہ بھی ہے۔اس ایپ کا مختصر لنک نوٹ فرمالیں۔

کبھی تو کانوں کی بھی کچھ سنیں
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/2Fs1Z9h
فضائی آلودگی کے ساتھ ساتھ شورشرابا بھی ایک ایسی آلودگی ہے جس کی وجہ سے ہمارے کانوں کی قوتِ سماعت تیزی سے رو بہ زوال ہور ہی ہے۔ قوتِ سماعت کے جملہ عوارض و مسائل سے بروقت خبردار اور تشخیص کے لیئے اس سے بہتر موبائل فون ایپ دنیائے انٹرنیٹ پر موجود نہیں۔اس ایپ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے بین الاقوامی ادراہ برائے صحت نے مکمل طور پر جانچ کرنے کے بعد اپنی تصدیق کے ساتھ اس کی عام استعمال کی اجازت دی ہے اور ہمارے نزدیک تو صرف یہی ایک بات اس ایپ کو استعمال کرنے کے لیئے کافی ہے۔اس ایپ کے ذریعے آپ اپنی قوت سماعت کی نہ صرف درست جانچ کرسکتے ہیں بلکہ مختلف تجویز کردہ مشقوں کے ذریعے اپنی قوتِ سماعت میں اضافہ بھی کر سکتے ہیں۔

آپ صرف لکھیں، اُسے گانا ہم بنائیں گے
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/3mzc0GQ
سچی پوچھیئے تو یہ ایک بہت ہی کارآمد اور دلچسپ ایپ ہے۔اس ایپ کی بے پناہ خوبیاں کئی بار تو یہ سوچنے پر مجبور کردیتی ہے کہ آخر اتنی زبردست ایپ بالکل مفت کیسے دستیاب ہوسکتی ہے؟۔سادہ لفظوں میں یوں سمجھ لیجئے کہ یہ ایک ”ڈیجیٹل گلوکار“ ہے،جو آپ کے ایک اشارے پر آپ کے لکھے گئے الفاظ کو چند لمحوں میں مسحورکن گانے میں بدل سکتی ہے۔بس آپ نے کرنا اتنا ہے کہ اس موبائل اپلی کیشن کو اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کر کے کھول لیں۔ اس میں بے شمار گانوں کا انتخاب آپ کے سامنے آجائے گا۔ آپ ان میں سے کوئی بھی ایک گانا منتخب کریں اور لکھے گئے ٹیکسٹ کی جگہ پر اپنی مرضی کا ٹیکسٹ لکھ دیں۔یہ ایپ آپ کے ٹیکسٹ کو گانے کی صورت میں پیش کردے گی۔اب آپ اس گانے کو چاہیں تو ایپ میں سے ہی کسی بھی سوشل نیٹ ورک پر اپنے دوست،احباب کو شیئر کرسکتے ہیں یا پھر چاہیں تو اسے اپنے موبائل میں محفوظ بھی کرسکتے ہیں، جس خوبی اور کمال کے ساتھ یہ آپ کے ٹیکسٹ کو گیت میں ڈھالتی ہے وہ واقعی لاجواب ہے۔

اپنی یادگار تصاویر کو بنائیں ہلکا،پھلکا
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/34Jh1qD
ہمیں یقین آپ کے اسمارٹ فون کا کیمرا بہت ہی اچھا ہوگا۔لیکن یاد رہے کہ موبائل کیمرا جتنا اچھا ہوگااور اُس لیمرے سے لی گئی تصویر جتنی صاف اور معیاری ہوگی تو اُس تصویر کا وزن بھی اتنا ہی زیادہ ہوگااور جب آپ اپنی ایک سے زئد بھاری بھرکم تصاویر دوست احباب کو شیئر کرنا چاہیں گے توکوئی شیئرنگ ویب سائیٹ تصاویر کو زائد وزن ہونے کے باعث شیئر کرنے سے انکار بھی کرسکتی ہیں۔ایسی مخدوش صورت حال میں یہ جادوئی ایپلی کیشن آپ کی معاون و مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔یوں سمجھ لیجئے کہ ہر اچھے اسمارٹ فون میں اس ایپ کا ہونا ازحد ضروری ہے۔کیونکہ یہ موبائل اپلی کیشن چند سیکنڈوں میں آپ کی تصاویر کا.وزن80سے90 فیصد تک کم کردیتی ہے اور وہ بھی اس یقین دہانی کے ساتھ کہ تصویر کی جاذبیت اور معیار پر ذرہ برابر بھی فرق نہیں پڑے گا۔

اسمارٹ فون کا ”اسمارٹ چوکیدار“
ڈاؤن لوڈ لنک: https://bit.ly/34sH8BR
یہ موبائل ایپ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اگر دفتر یا گھر میں آپ نے اپنا موبائل چارج پر لگایا ہے یا ویسے ہی کہیں رکھہ دیا ہے اور آپ نہیں چاہتے کہ کوئی آپ کے فون کو ہاتھ بھی لگائے،یا پھر آپ جیب کتروں کے خوف سے بس وغیرہ میں دوران سفر بار بار جیب کو ہاتھ لگا کر تسلی کرتے رہتے ہیں کہ موبائل ہے بھی کہ نہیں، تو یہ فری ایپ ضرور انسٹال کیجئے، اسے انسٹال کرنے کے بعد اوپن کریں،مین پیج پر بڑا سا ایکٹیویٹ لکھا ہوگا اس پر کلک کردیں، تین سکینڈ بعد یہ ایپ ایکٹیویٹ ہوجائیگی۔ اب آپ بے فکر ہوکر اپنا قیمتی اسمارٹ فون کہیں بھی رکھ دیں یا جیب میں ڈال لیں،جیسے ہی کوئی آپ کے فون کو چھونے کی کوشش کرے گا۔ آپ کا فون چیخ چیخ کر آسمان سر پر اٹھا لے گااور اگر سفر میں ہوں تو پھر چور کو آپ اٹھالیجئے گا۔

اُردو مضامین کی ”ڈیجیٹل اقلیم“
ڈاؤن لوڈ لنک: http://bit.ly/3pkQKGH
ویسے تو اُردو زبان کی کم وبیش ہر معتبر نیوز ویب سائیٹ کی موبائل اپلی کیشن گوگل پلے اسٹور پر ڈاؤن لوڈ کے لیئے دستیاب ہے،جن کی مدد سے کوئی بھی صارف اپنے موبائل فون پر تازہ ترین خبروں کے علاوہ حالاتِ پر مضامین بھی باآسانی پڑھ سکتاہے۔ لیکن مصیبت یہ ہے کہ کیونکہ نیوز ویب سائیٹ پر تازہ ترین خبروں کا بہاؤ زیادہ ہوتاہے۔لہٰذا اچھے طبع زاد مضامین اور تجزیے تازہ ترین خبروں کی خوررو جھاڑیوں تلے بُری طرح سے دب کر رہ جاتے ہیں۔ زیرنظر موبائل اپلی کیش کی سب سے بڑی خوبی یہ ہی ہے کہ اس میں فقط طبع زاد مضامین ہی شائع کیئے جاتے ہیں۔لہٰذا، اسلام، پاکستان،بین الاقومی مسائل،حالات ِ حاضرہ، تعلیم و تربیت،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر موضاعات پر تازہ ترین مضامین پڑھنے کے لیے اس اپلی کیشن کا اسمارٹ فون میں ہونا ناگزیر ہی سمجھئے۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے روزنامہ ایکسپریس کے سنڈے میگزین میں

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں