Home Security Surveillance System

اپنا سیکورٹی سرویلنس سسٹم خود بنائیں

”کیا ہوا پریشان کیوں بیٹھے ہو کوئی سنگین مسئلہ ہے تو مجھے بتاؤ،ہوسکتا ہے کہ میں کوئی مدد کرسکوں“۔عمران کو پریشان دیکھ کر اُسکے دوست دانش نے کہا۔
”یا ر پریشانی ایسی ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس کاکوئی حل ہو سکتا ہے،بہرحال پھر بھی تمہیں بتا دیتا ہوں،مسئلہ کچھ یوں ہے کہ جیسا کہ تمہیں معلوم ہی ہے کہ میرے گھر میں بھائی کی شادی کی سلسلے میں تقریبات جاری ہیں اور ہر وقت گھر پر مہمانوں کا آنا جانا لگا ہوا ہے۔اب مہمانوں پر گھر میں کسی مخصوص جگہ آنے جانے پر پابندی تو لگائی نہیں جاسکتی۔ اب ہو یہ رہا کہ روز میرے کمرے سے کوئی نہ کوئی چیز گم ہوجاتی ہے۔جب گھروالوں سے اس چیز کی بابت دریافت کرتا ہوں تو وہ کہتے کہ کہیں رکھ کر بھول گئے ہو گے، شادی کے بعد ڈھونڈ لینا۔مجھے لگتا ہے کہ گم ہونے والی جو چیز اب نہیں مل رہی وہ مہمانوں کے جانے بعد کیا ملے گی۔مصیبت یہ ہے کہ مہمانوں میں سے کسی سے بھی اپنی گم ہوئی چیز کی بابت دریافت نہیں کر سکتا کیونکہ کسی کو میں نے اپنی آنکھوں سے تو چیز اپنے کمرے سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھا نہیں ہوتا۔بس اسی پریشانی کا شکارہوں“۔ عمران نے جواب دیا
”تم سیکورٹی سرویلنس سسٹم اپنے کمرے میں کیوں نہیں لگا لیتے اس سے کم از کم تمہیں یہ تو معلوم ہوگا کہ تمہارے کمرے میں، تمہاری غیر موجودگی میں کون آیا،کون گیا اور کس نے تمہاری چیز کو اُٹھایا،اس طرح تم مطلوبہ فرد سے اپنی چیز کے بارے میں سوال کرنے کے تو روادار ہو گے“۔دانش نے کہا
”یا ر میں تمہیں اپنی پریشانی بتا رہا ہوں اور تم میرا مذاق بنارہے ہو کیا تمہیں نہیں معلوم کہ میرے مالی حالات کسی قسم کے ہیں جبکہ ایک سیکورٹی سرویلنس سسٹم بنانے میں ہزاروں روپے درکار ہوتے ہیں جو سرِدست تو میرے پاس نہیں ہیں“۔عمران نے چڑتے ہوئے جواب دیا
”میں تمہارا مذاق نہیں بنا رہا، بلکہ میں تمہیں واقعی ایک مخلصانہ مشورہ دے رہا ہوں،مجھے معلوم ہے کہ تمہارے پاس کیمرے والے کئی موبائل فون اور ویب کیم موجود ہیں اگر تم چاہو تو ان کی مدد سے آج ہی ایک اچھا خاصا سیکورٹی سرویلنس سسٹم بنا سکتے ہو اور وہ بھی بغیر ایک دھیلا خرچ کیئے،انٹرنیٹ پر کئی ایسے سافٹ وئیر دستیاب ہیں جو اس حوالے سے تمہاری اچھی خاصی مدد کرسکتے ہیں“۔دانش نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا۔
اور یوں عمران نے دانش کے مشورہ کے عین مطابق چند گھنٹوں میں کافی عرصہ سے غیر استعمال شدہ پرانے کیمروں کی مدد سے ایک اچھا خاصا سیکورٹی سرویلنس سسٹم بنا لیا اب عمران کو کوئی پریشانی نہیں کیونکہ اب جو بھی اُس کے کمرے سے کوئی چیز لے کر جاتا ہے اُسے اُس کی خبر رہتی ہے۔
اگر آپ کے پاس بھی ایک پرانا ویب کیم یاآئی پی کیمرا یا پھر اگر کیمرے والا کوئی بھی پرانا موبائل فون موجود ہے جو کافی عرصہ سے آپ کے استعمال میں بھی نہیں تو پھر دیر نہ کریں جلد ی سے اُسے اپنی میز کی دراز سے نکال لیں کیوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے اس پرانے ویب کیم یا موبائل فون کیمرے کی مدد سے اپنا ذاتی سیکورٹی سسٹم بنا سکتے ہیں اور وہ بھی بناء کسی تیکنیکی مہارت یا ایک بھی پیسہ خرچ کیئے بغیر۔آپ حیران نہ ہوں یہ بالکل سچ ہے اگر آپ کو ہماری بات پر یقین نہیں آرہاتوکوئی بات نہیں ہمیں حسنِ ظن ہے کہ اس مضمون کے مکمل مطالعہ کے بعدآپ کو یقین آجائے گا۔ یہاں ہم آپ کو چند ایسے سافٹ ویئرز کے بارے میں تفصیلی طور پر بتائیں گے جن کی مدد سے آپ انتہائی آسانی کے ساتھ اپنے غیر استعمال شدہ ویب کیم یا کیمرے والے موبائل کو انتہائی اعلی درجے کے سیکورٹی سسٹم میں بدل سکتے ہیں جو آپ کے گھر یا عام استعمال کی جگہ میں آپ کی موجودگی یا غیر موجودگی میں ہر سمت نگرانی کرے گا اور یوں پھر آپ بھی اس قابل ہوجائیں گے کہ اپنے گھر میں لکھ کر لگا سکیں کہ”خبردار ہوشیار رہیں کیمرے کی آنکھ آپ کو دیکھ رہی ہے“۔

آئی ویڈیون (Ivideon)
آئی ویڈیون ایک کلاؤڈ ویڈیو سیکورٹی سرویلنس سافٹ وئیر ہے۔آ پ اس سافٹ ویئر کو اس مختصر لنک http://bit.ly/2gMpjnV سے ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر نے کے بعد، اپنے کسی بھی پرانے ویب کیم یا موبائل فون کو اپنے کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کردیں یہ انتہائی خود کار طریقہ سے آپ کے ویب کیم یا موبائل کیمرے کو سیکورٹی سرویلینس سسٹم میں بدل دے گا اور پھر آپ اپنے کمپیوٹر میں کیمرے کے سامنے ہونے والی تمام حرکات وسکنات کو ملاحظہ فرماسکیں گے اس کے علاوہ یہ تمام ویڈیو فوٹیج کو کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک میں محفوظ بھی کرتا رہے گا جسے آپ بوقت ضرورت نہ صرف دیکھ سکتے ہیں بلکہ اگر چاہیں تو ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں۔اس سافٹ ویئر کی ایک اور خوبی یہ بھی اگر آپ کے پاس ایسا لیپ ٹیپ موجود ہے جس میں پہلے ہی سے ویب کیمرا لگا ہوا ہے تو پھر آپ نے بس اس سافٹ ویئر کو اپنے لیپ ٹاپ میں انسٹال کر نا ہے اس کے بعد آپ کا لیپ ٹاپ بھی ایک خود کار سیکورٹی سسٹم میں تبدیل ہوجائے گا اب آپ نے صرف کرنا یہ ہے کہ لیپ ٹاپ کو آن(On) رکھناہے۔جہاں بھی لیپ ٹاپ موجود ہوگا اُس میں لگا ہوا ہے ویب کیم ارد گرد کی تمام ویڈیوز لیپ ٹاپ میں محفوظ کرتا رہے گااور اگر آپ چاہیں تو اپنے اس لیپ ٹاپ کے ساتھ ایک یا دو مزید کیمرے بھی منسلک کر سکتے ہیں یہ سافٹ ویئر تمام منسلک کیمروں کے ساتھ بالکل ویسے ہی کام کرے گا جیسے دنیا کا کوئی بھی سیکورٹی سرویلنس سسٹم کرتا ہے۔
یہ سافٹ وئیر مفت میں بیک وقت ۲کیمرے منسلک کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔اگر آپ 2 سے زیادہ کیمرے اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ساتھ منسلک کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیئے یہ آپ سے ماہانہ فیس طلب کرے گا لیکن بہرحال ایک یا دو کیمروں کے لیئے یہ مفت میں انتہائی اعلی معیار کی خدمات و سہولیات آپ کو فراہم کرسکتا ہے اگر آپ چاہیں تو اپنی فوٹیج کو ۴۲ گھنٹوں کے لیئے اس سافٹ ویئر کی آفیشل ویب سائیٹ پر محفوظ بھی کرسکتے ہیں۔ہمارے خیال میں اگر آپ صرف اپنے ایک یا دو پرانے ویب کیم یا موبائل کے مدد سے اپنے ذاتی آن لائن سیکورٹی سسٹم کا خوشگوار تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیئے یہ سافٹ وئیر آپ کے لیئے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔

ایٹ ہوم کیمرا(AtHome Camera)
ایٹ ہوم کیمرا اس حوالے سے انتہائی منفرد ہے کہ یہ سافٹ ویئر آپ پر ایک یادو کیمروں کو اپنے سیکورٹی سرویلنس سسٹم سے منسلک کرنے کی قدغن عائد نہیں کرتا۔اگر آپ کے پاس کئی پرانے ویب کیم،آئی پی کیمرے اور کیمرے والے موبائل فون موجود ہیں تو آپ اس سافٹ وئیر کی مدد سے ان سب کو باآسانی ایک سیکورٹی سسٹم میں بدل سکتے ہیں۔صرف آپ اس لنک www.ichano.comسے اس سافٹ ویئر کو اپنے کمپیوٹر میں مفت ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد انسٹال کر لیں اور یہ سافٹ ویئر بھی آئی ویڈیون کی طرز پر خود کار طریقے سے آپ کے کیمروں کو ایک مربوط ویڈیوسیکورٹی نظام میں بدل دے گا۔ اس سافٹ وئیر کی اضافی خوبی یہ ہی ہے کہ اس کے ساتھ بیک وقت کئی قسم کے کیمروں کو منسلک کرسکتے ہیں اور وہ بھی بالکل مفت میں۔ہاں ایک بات ضرور ہے کہ آپ اگر چاہیں کہ آپ کی ویڈیو فوٹیج آن لائن اس ویب سائیٹ کے آفیشل سرور پر محفوظ ہوجائیں تو یہ سہولت آپ کو مفت میں نہیں فراہم کی جائے گی اس کے لیئے یہ آپ سے کچھ رقم ماہانہ فیس کی مد میں طلب کرنے کا مطالبہ کرے گا۔ اگر آپ کو آن لائن ویڈیوریکارڈنگ محفوظ کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور آپ کے پاس کئی قسم کے پرانے کیمرے بھی موجود ہیں تو پھر یہ سافٹ ویئر مفت میں سیکورٹی سرویلینس سسٹم بنانے کے لیئے انتہائی اعلیٰ درجہ کا سافٹ ویئر ہے۔

کونٹا کیم (ContaCam)
کونٹا کیم دنیا بھر میں ایک انتہائی اعلی درجہ کی سیکورٹی سسٹم سافٹ وئیر فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔اگر آپ سیکورٹی سرویلنس سسٹم اور کمپیوٹر کی مبادیات کی جان کاری کے حوالے سے نوآموز ہیں یا پھر اس حوالے سے آپ انتہائی محدود معلومات رکھے ہیں تو پھر اس سافٹ ویئر کو آپ ترجیحی بنیادوں پر استعمال کریں۔اس مختصر لنک سے http://bit.ly/2ls4XWq ڈاؤن لوڈ کر کے آپ اسے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرلیں اور جتنے چاہیں کیمرے آپ اس سافٹ وئیر کے ساتھ منسلک کرسکتے ہیں۔جیسے ہی یہ سافٹ ویئر آپ کے کمپیوٹر میں انسٹال ہوگا ویسے ہی ویڈیو فوٹیج آپ کے کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک میں محفوظ کر نا شروع کردے گا۔اس وقت انٹرنیٹ پر دستیاب یہ واحد سافٹ وئیر ہے،جو اپنی تمام خدمات اور سہولیات بالکل مفت میں اپنے صارفین کو فراہم کرتا ہے۔یہ انتہائی خودکار طریقہ سے آپ کے کمپیوٹر میں ایک ویب پیچ بھی بنا دیتا ہے جس پر یہ آپ کے تمام کیمروں کو بیک وقت ایک جگہ دکھا تا ہے۔ہوسکتا ہے کہ آپ کو یہ سافٹ وئیر خوبصورتی کے لحاظ بھلے ہی کچھ سادہ لگے لیکن جتنی خدمات اور سہولیات یہ مفت میں اپنے صارفین کو فراہم کرتا اس حوالہ سے دیکھا جائے تو ایسا سافٹ وئیر شاید ہی آپ کو انٹرنیٹ پر دستیاب ہو۔اس لیئے ہماری ذاتی رائے کے مطابق آپ انتہائی اعلیٰ معیار کے اس سافٹ ویئرکو کم از کم ایک بار ضرور آزمائیں تاکہ آپ بھی،ہماری طرح اس کی طرف سے فراہم کردہ مفت سہولیات کے معترف ہوسکیں۔

یا کیم (YawCam)
یاکیم بھی سیکورٹی سسٹم مفت میں بنانے کے لیئے ایک اچھی شہرت کا حامل سافٹ وئیر ہے جسے آپ اس لنک www.yawcam.com سے ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹا ل کرسکتے ہیں۔ویسے تو یہ سافٹ وئیر بھی مفت خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی ذات میں ایک انجمن ہے لیکن اس میں ایک خامی ہے کہ اس کے ساتھ آپ صرف ویب کیم کو منسلک کرسکتے ہیں۔اگر آپ کے پاس صرف ویب کیم ہیں اور انہیں آپ اپنے گھر یا دفتر کے لیئے ایک اچھے سیکورٹی سسٹم میں بدلنا چاہتے ہیں تو پھر آپ”یاکیم“ کا انتخاب ضرور کریں یہ آپ کو مایوس نہیں کرے گا۔آزمائش شرط ہے۔

آئی پی کیمرا ویور(IPCamera Viewer)
جیسا کہ نام ہی سے ظاہر ہے کہ یہ سافٹ ویئرآئی پی کیمروں اور ویب کیم کے لیئے ہی بطور ِ خاص بنایا گیا ہے۔اسے آپ اس مختصر لنک http://bit.ly/2iKA6mU سے ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹا ل کر سکتے ہیں۔یہاں ہم اپنے قارئین کی معلومات میں اضافہ کے لیئے یہ بھی بتاتے چلیں کے آئی پی کیمرے سے مراد کیا ہے تو جناب عرض یہ ہے کہ لفظ آئی پی کیمرا،انٹرنیٹ پروٹوکول کیمرا کا مخفف ہے۔آپ اپنے اردگرد دفتروں میں،دُکانوں میں بازاروں میں جن کیمروں کو لگا ہوا دیکھتے ہیں انہیں ہی آئی پی کیمرایا عرف عام میں سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرا بھی کہا جاتا ہے۔اگر آپ کے پاس یہ کیمرے موجود ہیں تو اس سافٹ وئیر کے ذریعے آپ اپنے کمپیوٹر کے ساتھ چا ر آئی پی کیمرے یا ویب کیم منسلک کرسکتے ہیں۔یہ سافٹ ویئر کچھ خدمات اور سہولیات مفت فراہم کرتا جبکہ کچھ کی یہ آپ سے فیس طلب کرے گا اگر آپ کے پاس صرف پرانے آئی پی کیمرے موجود ہیں تو پھر آپ اسے ایک بار ضرور آزما کر دیکھیں کیونکہ آئی پی کیمروں کو سیکورٹی سرویلنس سسٹم میں بدلنے کے لیئے یہ بے شمار خدمات اور سہولیات بالکل مفت میں فراہم کرتا ہے۔

آئی اسپائی (iSpy)
یہ ایک اوپن سورس سافٹ وئیر ہے جسے آپ اس لنک www.ispyconnect.comسے بالکل مفت میں ڈاؤن لوڈ کرکے انسٹال کرسکتے ہیں یہ کافی حد تک آئی ویڈیون سے مشابہت رکھتا ہے۔اس کی مدد سے آپ اپنے صرف اپنے گھر ہی نہیں بلکہ دفتر میں بھی ایک اچھا خاصا سیکورٹی سسٹم تخلیق کر سکتے ہیں۔یہ اپنی زیادہ تر خدمات اور سہولیات بالکل مفت فراہم کرتا ہے سوائے میسج سروس اور آن لائن مانیٹرنگ کے۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے ماہنامہ اُردو ڈائجسٹ لاہور جنوری 2018 کے شمارہ میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں