Empty Wallet Work

تعلیمی اخراجات میں والدین کا سہارا کیسے بنیں؟

نوجوان نہ صرف اپنے قبیلہ کی آنکھ کا تارا ہوتے ہیں بلکہ وہ اپنے والدین کی تمام تر اُمیدوں کا مرکز و محور بھی ہوتے ہیں۔اسی لیئے ہمارے ہاں اکثر والدین کی شدید ترین خواہش ہوتی کہ وہ اپنی اولاد کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن سعی کریں اور عام طور یہ دیکھا بھی گیا ہے کہ اس سلسلے میں وہ اپنی استطاعت سے بھی کئی گنا بڑھ کر کوشش کرتے ہیں۔لیکن دورِ جدید میں اعلیٰ تعلیم کا حصول بہرحال کوئی آسان یا سستا سودا نہیں ہے۔اس لیئے کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ والدین کو اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کی راہ میں شدید ترین مالی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑجاتا ہے۔اس لیئے دورِ جدید کے حالات اور مسائل کو سمجھتے ہوئے نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ بھی اپنی بھرپور ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں اور اپنے والدین اور گھر والوں کی مالی و ذہنی مشکلات کا بروقت ادراک کرتے ہوئے انہیں ایک طاقتور سہارا مہیا کریں اور کوشش کریں اپنے تمام تر تعلیمی اخراجات کا بوجھ صرف اور صرف اپنے گھر والوں پر ڈالنے کے بجائے، اخراجات کا کچھ بوجھ خود بھی برداشت کرنے کی اچھی عادت کو اپنائیں۔نوجوان اگر ذرا سے غور و فکر اور تدبرسے کام لیں تو انہیں اپنے اردگر د عملی زندگی میں بہت سے ایسے کام نظر آجائیں گے، جنہیں اختیار کرنے سے نہ صرف انہیں اپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے میں اچھی خاصی مدد میسر آسکتی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ عملی زندگی گزارنے کا ایک خوشگوار تجربہ بھی حاصل ہوسکے گا۔یہاں ہم آپ کو اُن چند جز وقتی کاموں کے بارے میں بتاتے ہیں، جنہیں اختیار کرنے سے آپ کو ٹھیک ٹھاک مالی سہارا بھی مل جائے گا اور آپ کی تعلیم میں بھی کسی قسم کا کوئی ہرج واقع نہیں ہوگا۔

ٹیوشن پڑھائیں
طلباء و طالبات کے لیئے اپنے والدین کو تعلیمی اخراجات کے غیر ضروری دباؤ سے نکالنے کے لیئے ٹیوشن پڑھانے سے بہتر تو کوئی جزوقتی کام ہو ہی نہیں سکتا۔ اپنے اضافی وقت میں ٹیو شن پڑھانے سے جہاں نوجوان اپنے لیئے اضافی اخراجات کے لیئے ٹھیک ٹھاک مالی رقم کا بندوبست کر سکتے ہیں وہیں ٹیوشن پڑھانے سے اپنی تعلیمی و ذہنی صلاحیتوں کی ازسرِنو تجدید بھی کرسکتے ہیں۔اگر آپ کو گھر پر ٹیوشن دینے مسائل کا سامنا پڑ سکتا ہے تو پھر آپ اپنے شہر میں موجود کسی اچھے کوچنگ سینٹر کو بھی دو سے تین گھنٹے کے لیئے اپنی خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔

ٹائپنگ یا پروف ریڈنگ کریں
پاکستان کے کم و بیش تمام شہروں میں اس وقت پبلشنگ کا کام انتہائی عروج پر ہے۔کل تک جن شہروں میں ایک بھی پرنٹنگ پریس نہیں ہوتا تھا، وہاں آج کئی کئی پرنٹنگ پریس کھل چکے ہیں۔اگر آپ ان پرنٹنگ پریس یا پبلشرز سے رابطہ کریں تو ان کے پاس کمپیوٹر کتابت اور پروف ریڈنگ کا بہت سا کام ہر وقت موجود ہوتا ہے۔جو وہ آپ کو انتہائی پرکشش قیمت پر کرنے کیلیئے دے سکتے ہیں۔میں نے کئی نوجوانوں کو دیکھا ہے کہ وہ شہر کے مختلف پرنٹنگ پریس اور پبلشرز کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہتے ہیں۔ جہاں سے اُنہیں کمپیوٹر کتابت اور پروف ریڈنگ کا کام فی صفحہ کے حساب سے انتہائی مناسب قیمت پر باآسانی مل جاتا ہے۔ جسے وہ اپنے فارغ وقت میں گھر بیٹھے مکمل کر کے دے دیتے ہیں اور اپنی رقم کھری کر لیتے ہیں۔

اخبار تقسیم کریں
ہم ہمیشہ پڑھتے اور سنتے آئے ہیں کہ محنت میں عظمت ہے اور کوئی کام چھوٹا بڑا نہیں ہوتا اگر آپ اس مقولہ پر یقین رکھتے ہیں تو پھر روز صبح سویرے اخبار تقسیم کرنے سے بھی آپ ٹھیک ٹھاک اضافی رقم کماسکتے ہیں۔اس کام کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ صبح ہونے سے پہلے ہی عموماً اخبار تقسیم کے لیئے ہر شہر میں موجود ہوتا اگر آپ صبح وقت پر بیدار ہوکر روز ایک دو گھنٹے اخبار تقسیم کردیں تو اس سے آپ نہ صرف آپ اچھی خاصی رقم روزانہ بنیادوں پر کما سکتے ہیں بلکہ سحر خیزی کی وجہ سے آپ کی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انشورنس کمپنی جوائن کریں
پاکستان کی تقریباً تمام اہم ترین انشورنس کمپنیاں نوجوان طلبا ء و طالبات کے لیئے ایسی خصوصی ملازمتیں فراہم کرتی ہیں جنہیں جوائن کر کے آپ کسی دفتر میں حاضری لگائے یا بغیر دفتری اُمور کی انجام دہی کے صرف انشورنس کمپنی کو اپنے دوستوں،رشتہ دارغیرہ میں سے چند اچھے کلائنٹ فراہم کر کے انتہائی پرکشش ماہانہ تنخواہ کے حصول کو اپنے لیئے یقینی بنا سکتے ہیں۔ انشورنس کمپنیاں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہکرنے پر آپ کو تنخواہ کے علاوہ بھی بہت سی مزید پرکشش سہولیات و مراعات مہیا کرسکتی ہیں۔لیکن کسی بھی انشورنس کمپنی کو جوائن کرنے سے پہلے ایک بات ضرور ذہن نشین رہے کہ صرف ناموراور برسہا برس سے کام کرنے والی انتہائی اچھی ساکھ اور شہرت کی حامل انشورنس کمپنی کا ہی انتخاب کریں کسی گمنام یا نئی انشورنس کمپنی میں قسمت آزمائی آپ کے لیئے وقت کا زیاں اور دھوکہ دہی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

پراپرٹی ایجنٹ بنیں
آپ کا روز مرہ کا مشاہدہ ہوگاکہ اکثر آپ کے دوستوں،عزیزوں اور رشتہ داروں کو کرائے پر مکان یا دُکان،یا پھر پلاٹ یا زمین وغیرہ کی تلاش رہتی ہی رہتی ہے۔کیا ہی اچھا ہو کہ آپ شہر کی کسی اچھی اسٹیٹ ایجنسی کو جوائن کرلیں اور تھوڑا سا وقت نکال کر اپنے عزیزو اقارب وغیرہ کو مکان،دُکان، پلاٹ یا زمین وغیرہ کی خریداری میں اپنی خدمات فراہم کریں۔اس سے آپ کو جہاں اچھی خاصی رقم کمیشن کی مد میں ہر کامیاب سودے سے مل جائے گی وہیں آپ کے دوستوں کو آپ کی صورت میں ایک اچھا،قابلِ اعتماد اور کاغذی کارروائی میں امداد کرنے والا پراپرٹی ایجنٹ بھی میسر آجائے گا۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے روزنامہ جنگ 28 اکتوبر 2017 کی اشاعت میں شائع ہوا

راؤ محمد شاہد اقبال

تعلیمی اخراجات میں والدین کا سہارا کیسے بنیں؟” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں