in-karachi-power-failer-show-pdm-renews-call-for-revolution-with-march-to-islamabad

پی ڈی ایم کا پاور فیلیئر

جس طرح،فقط نمک شامل نہ ہونے سے اچھے،خاصے صحت بخش اور لذیذ اجزاء سے بنائے گئے پکوان کا ستیاناس مارا جاتاہے بالکل ایسے ہی پاکستان پیپلزپارٹی کی غیر موجود گی میں پاکستان ڈیموکریٹک الائنس المعروف پی ڈی ایم کا کراچی کے جلسے میں جو سوا ستیاناس ہوا ہے۔ یقینا یہ ”سیاسی پکوان“ پاکستانی سیاست سے دلچسپی رکھنے والوں کو اپنی بدمزہ گی کا مدتوں احساس دلاتا رہے گا۔ حالانکہ پاکستان پیپلزپارٹی بھی کراچی میں ”ریکارڈ ساز“ جلسے،جلوس اور ریلیاں منعقد کرنے کی کوئی زیادہ قابل فخر سیاسی تاریخ نہیں رکھتی، لیکن پھر بھی چونکہ گزشتہ ایک دہائی سے مسلسل سندھ کی صوبائی حکومت، پیپلزپارٹی کے پاس ہے اور صوبہ کی سب سے بڑی عوامی اور جمہوری سیاسی جماعت ہونے کا اعزاز بھی اسی جماعت کو ہی حاصل ہے۔

اس لیئے اگر پی ڈی ایم کے کراچی میں ہونے والے حالیہ جلسے میں پیپلزپارٹی بطور اپوزیشن جماعت شریک ہوتی تو یقینا اپوزیشن اتحاد کی کراچی میں ایک فقید المثال ناکام سیاسی جلسہ کرنے کی وجہ سے جو ”سیاسی عزت“ تار تار ہوئی ہے۔وہ نہ صرف باآسانی بچ سکتی تھی، بلکہ پیپلزپارٹی کی اپوزیشن اتحاد میں موجود گی سے تحریک انصاف کی حکومت کی صفوں میں ”سیاسی سراسیمگی“ پھیل جانے کے وافر”سیاسی اسباب“ بھی پیدا ہوسکتے تھے۔ لیکن جس طرح کا سیاسی جلسہ پی ڈی ایم نے کراچی میں منعقد کرکے دکھایا ہے، اُسے ہم جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی مذہبی و سیاسی طاقت کا کامیاب مظاہر ہ تو کہہ سکتے ہیں لیکن اس جلسے کو پی ڈی ایم کی سیاسی قوت کا مظاہرہ کہنا خود پی ڈی ایم کی ”احتجاجی صلاحیت“ کی توہین کرنے کے مترادف ہوگا۔

لطیفہ ملاحظہ ہو کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے کراچی جلسے کی ناکامی کی وجہ سے وفاقی وزراء کے بے رونق چہروں کی رونقیں بھی طویل مدت کے بعد واپس لوٹ آئی ہیں اور حکومتی وزراء الیکٹرانک میڈیا پر ایسے ایسے چہک چہک کر پی ڈی ایم اتحاد کے متعلق گفتگو اور تبصرے فرمارہے ہیں جیسے پی ڈی ایم اتحاد اُن کی حکومت کو گرانے کے لیئے نہیں بلکہ عمران خان کے اقتدار کو مزید ”سیاسی قوت“ مہیا کرنے کے لیئے بنایا گیا ہو۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے تو اپوزیشن اتحاد کو اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کرنے کے لیئے تمام ضروری انتظامی و سیاسی خدمات فراہم کرنے کی فراخدلانہ”سیاسی پیشکش“بھی کر ڈالی ہے۔ کیونکہ شیخ رشید،ایک انتہائی کایاں سیاست دان ہیں،جو بخوبی جانتے ہیں کہ کسی بھی حکومت کے اختتامی ایام میں ہونے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک اور مارچ کا سب سے زیادہ فائدہ برسرِ اقتدار سیاسی جماعت کو ہی پہنچتاہے۔

شاید اسی لیئے شیخ رشید پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن کو اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کرنے روکنے کے بجائے اُلٹا،اُنہیں اپنے مٹھی بھر سیاسی لاؤ لشکر سمیت دارلحکومت پر ”سیاسی حملہ“ کرنے کے لیئے اُکسا رہے ہیں۔ اگر اپوزیشن اتحاد میں شامل سب سے بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کے سیاسی ستارے واقعی گردش میں ہوئے یا مسلم لیگ ن کے رہنما، ایک بار پھر سے مریم نواز کے لارے لپوں میں آگئے تو مولانا فضل الرحمن،عمران خان سے ”سیاسی بغض و عناد“ میں اسلام آباد کی سمت پی ڈی ایم اتحاد کو لے کر پہنچ بھی سکتے ہیں۔ حالانکہ مسلم لیگ ن میں شامل اکثر رہنما اس ”سیاسی ایڈونچر“ کے سخت مخالف ہوں گے لیکن مریم نواز نے پہلے کون سے ”سیاسی بلنڈرز“مسلم لیگی رہنماؤں سے مشاور ت کرنے کے بعد کیئے تھے،جو وہ اَب اِن سے پوچھ کر کریں گی۔

بظاہر اس وقت مسلم لیگ ن کی انتظامی و سیاسی باگ میاں شہباز شریف کے ”دستِ مفاہمت“ میں ہے،لیکن جس طرح سے انہوں نے کراچی کے مجمع عام میں آنسو بہائے ہیں۔ اُس کے بعد یہ عین قرین قیاس لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن میں اُن کی صدارت جلد ہی جانے والی ہے۔ جیسا کہ مثل مشہور ہے کہ ”بنیئے کا لڑکا، گرتا بھی ہے تو وہیں جہاں اُسے فائدہ نظر آتاہے“۔ اسی مصداق میاں شہباز شریف کے آنسو بھی تب ہی نکلتے ہیں،جب انہیں اپنی سیاسی و خاندانی حیثیت کے بے مایاں اور دو کوڑی کے ہونے کا قوی امکان ہو۔یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کراچی کے اہم ترین رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا استعفا بھی زبان حال سے چغلی کھا رہاہے کہ مسلم لیگ ن میں اندرونی اختلافات، تقسیم اور خلفشار وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید گہرا،اور شدید تر ہوتا جارہا ہے۔ دراصل مسلم لیگ ن کے اکثر رہنما مریم نواز کے ”مزاحمتی بیانیے“کا علم بلند کرنے کو اپنی سیاسی موت سمجھتے ہیں۔ مگر مصیبت یہ ہے کہ مریم نواز ”مزاحمتی بیانیہ“ سے دستبردار ہونے کو کسی بھی صورت تیار نہیں ہیں۔جبکہ مسلم لیگ ن کے متوالے اگلے انتخابات میں ”مزاحمتی بیانیہ“کی چکر میں یقینی شکست کا مزہ چکھنا نہیں چاہتے۔

اس لیے جیسے جیسے اگلے انتخابات کا وقت قریب آتا جائے گا، مسلم لیگ ن میں اہم ترین سمجھے جانے والے رہنما ؤں کے استعفے ایک،ایک کر کے سامنے آتے جائیں گے۔ ایسا نہیں ہے کہ مسلم لیگ ن کے یہ رہنما اپنی جماعت سے علحیدہ ہوکر پاکستا ن تحریک انصاف یا پھر پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونا چاہیں گے۔ البتہ! اِن مسلم لیگی رہنماؤں کی یہ خواہش ضرور ہوگی کہ مریم نواز کے ”مزاحمتی بیانیہ“ سے وقتی طور پر قطع تعلقی اختیار کر کے آزانہ حیثیت میں اگلے انتخابات میں حصہ لیا جائے۔ کیونکہ مسلم لیگ ن کے ہر رہنما کے سامنے گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے انتخابی نتائج عبرت حاصل کرنے کے لیئے موجود ہیں۔ جہاں مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باوجود صرف اس وجہ سے اُسے بدترین شکست کا سامنا کرنا کہ مریم نواز کا ”مزاحمتی بیانیہ“عام لوگوں کو پسند نہ آسکا۔ اس لیئے یقین سے کہا جاسکتا ہے آنے والے چند ماہ مسلم لیگ ن اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے لیے سخت مشکل ثابت ہوں گے۔ جس کا ایک ہلکا سا اندازہ اپوزیشن اتحاد کے کراچی میں ہونے والے جلسہ کی ناکامی سے بخوبی لگایا جاسکتاہے۔

حوالہ: یہ کالم سب سے پہلے روزنامہ جرات کراچی کے ادارتی صفحہ پر 02 ستمبر 2021 کی اشاعت میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں