LinkedIn Profile Urdu Writer

لنکڈان پروفائل سے اپنے کیئرئیر کو چار چاند لگائیں

سرفراز انجینئرنگ کا ایک ہونہار طالب علم ہے جو کچھ عرصہ پہلے تک امریکہ میں انٹرن شپ کے امکانات تلاش کررہا تھا۔ جس کے حصول کے لیئے سرفراز نے اپنے تمام تعلقات کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی کوشش کی، لیکن بات نہیں بنی۔ پھر اس نے سوشل میڈیا کی کچھ ویب سائٹ پر بھی اپنی اس خواہش کا اظہار کیا، لیکن نتیجہ حسبِ سابق صفر ہی رہا۔ مایوسی میں اس نے اپنے ایک ہر دلعزیز اُستادسے اس بابت بات چیت کی۔ جنہوں نے امریکہ میں مناسب جان پہچان نہ ہونے کی بات کہہ کر اس کی مدد کرنے سے مکمل لاچاری ظاہر کردی، لیکن ساتھ ہی اُنہوں نے سرفراز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی خواہش کو ایک بار ” لنکڈ اِن “ LinkedInپر لکھ کر دیکھے۔جیسا کہ آج کل اسمارٹ فونز اور 4 جی کنیکٹیوٹی کے دور میں کسی پروفیشنل سوشل نیٹ ورک ویب سائٹ یا اپلی کیشن پر جانا کسی کے لیئے بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پس سرفراز نے اپنے اُستاد کے مشورے کے عین مطابق فوری طور پر اسمارٹ فون پر ” لنکڈ ان  کا ایپ ڈاؤن لوڈ کیا اوراپنی ایک خوبصورت سی پروفائل بنا کراپنی امریکہ میں انٹرن شپ حاصل کرنے والی دیرینہ خواہش کا اظہار کرنے والی پوسٹ بھی لکھ دی۔ سرفرازکے اُستاد نے نہ صرف اُس کے کام پر اُسے خوب سراہا بلکہ اس کی پوسٹ کو”لائیک“ بھی کر دیا۔سرفراز نے ” لنکڈ اِن  میں اگلے پانچ دنوں میں 27 افراد سے روابط استوار کیئے۔ تقریباً 10 دن بعد اس کی خواہش پوری ہو گئی اور اُسے امریکہ میں انٹرن شپ حاصل ہوگئی۔ سرفرازنے اپنی اس غیر متوقع کامیابی پر پرُجوش خوشی کا اظہا ربھی ” لنکڈ اِن “  میں ایک پوسٹ کی صورت میں کیا۔اسی طرح کی ان گنت کہانیاں ” لنکڈ اِن“جیسے ڈجیٹل پیشہ ورانہ سوشل نیٹ ورک پلیٹ فارم کی مقبولیت کی عکاسی کرتیں ہیں۔
اسمارٹ ڈیوائسز مثلا موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور دیگر آلات کے طفیل اب انٹرنیٹ سے کسی بھی جگہ رابطہ کرناذرا مشکل نہیں رہا۔ انٹرنیٹ کی اس فراوانی کے باعث ایک شخص صرف اس معاشرے کا حصہ نہیں جہاں وہ رہتا ہے بلکہ وہ عملی طور پر ہر اُس معاشرے کا حصہ ہے جہاں تک اس کی پہنچ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مواصلاتی خلا کو پورا کرنے کے لیے نت نئی ایپلیکیشنز آئے روز وجود میں آرہی ہیں جو رابطوں کو مزید بہتر بنانے میں ممدومعاون ثابت ہورہی ہیں۔ لوگوں کے باہم روابط کے حوالے سے انٹرنیٹ کی دنیا میں دو اصطلاحات مقبول عام ہیں۔ ایک سوشل میڈیا اور دوسری سوشل نیٹ ورکنگ۔ سوشل نیٹ ورکنگ عموماً اس عمل کو کہا جاتا ہے جس میں انسان ایک خاص حلقہ سے مخاطب ہوتا ہے۔ اس میں براہ راست روابط ضروری ہوتے ہیں۔ جبکہ سوشل میڈیا سے مراد انٹرنیٹ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی بات پہنچانا ہے۔ آپ چاہے بلاگ لکھیں، اپنی ویب سائٹ بنائیں، کسی اور ویب سائٹ کے ذریعہ اپنے کاروبار کی تشہیر کریں یا فاصلاتی تعلیم دیں۔ یہ سب سوشل میڈیا کا حصہ ہے۔اس وقت دنیا میں بے شمار ویب سائٹس موجود ہیں جن کے ذریعہ سوشل میڈیا یا نیٹ ورکنگ کا حصول انتہائی آسانی کے ساتھ ممکن ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک عموماََ لوگ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو صرف موج مستی اور دوستوں رشتے داروں سے رابطے کیلئے ہی استعمال کرتے تھے۔ ایسے میں شدت کے ساتھ کسی ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس ہوتی تھی جہاں لوگوں کو پروفیشنل اپروچ کے ساتھ اپنا کام دکھا نے کا موقع مل سکے اوردنیا بھر میں ملازمت کے حصول میں بھی آسانی ہو۔بلاشبہ لنکڈ اِن ایک ایسی ہی جگہ ہے۔جہاں پر نہ صرف آپ اپنے پیشہ ورساتھیوں سے جڑ سکتے ہیں، بلکہ پروفائل پر موجودہ یا گزشتہ کمپنیوں کے ہم منصب اور سینئر ساتھیوں سے مشورہ لے کر مستقبل میں ملازمت کے لئے اپنی امیدواری کو بالواسطہ طور پر مضبوط بھی کر سکتے ہیں۔موجودہ دور میں جب ملازمت کے لئے امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے، ایسے میں ” لنکڈ اِن “  پر متحرک مختلف شعبہ ہائے جات کے پیشہ ور افراد کے لئے بنائے گروپ یا کمیونٹی کافی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان پر ہونے والے مباحثے آپکو بر و قت اپنی مہارت کو بہتر کرنے کے لئے گاہے بہ گاہے آگاہ کرتے رہیں گے، بلکہ یہاں ملنے والے کچھ لوگ صحیح کورس اور انسٹی ٹیوٹ کا انتخاب کرنے میں بھی مدد کر سکتے ہیں۔  لنکڈ اِن  پر موجود پروفیشنل ”علم بانٹنے سے بڑھتا ہے“ والے نظریہ پر یقین رکھتے ہیں۔ لہذا یہاں پر نہ صرف آپ دوسرے پیشہ ور افراد کی تجربہ کار باتوں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، بلکہ خود کے تجربے یا مہارت سے منسلک چیزیں دوسروں کے ساتھ شیئر بھی کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ کیریئر کو متاثر کرنے والی غیر معمولی مہارت رکھنے والے پیشہ ور افراد کے تجربات کو پڑھ کر ان کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں بھی یہ پلیٹ فارم بہت مؤثر ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ نیٹ ورک انجینئر ہیں تو ایک سینئر ایڈمن پروفیشنل کے تجربات کو پڑھ کر آپ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ اور آپ کے ایڈمن منیجر کے درمیان ہوئے کھنچاؤکی وجہ کیا رہی ہوگی۔موجودہ دور میں ہمارے کیریئر کی ترقی کو تمام محکمہ کے پروفیشنلز کومتاثر کرتے ہیں، ایسے میں ان کے نقطہ نظر کو سمجھنا کافی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی نقطے کو سامنے رکھ کرلنکڈ اِن جیسا پروفیشنل نیٹ ورک متعارف کروایا گیا۔ لنکڈ اِن کی بنیاد 28دسمبر 2002 کو ایک چھوٹے سے ڈرائنگ روم میں رکھی گئی تھی جسے بعد ازاں ۵ مئی 2003 سے باقاعدہ لانچ کر دیا گیا۔ اس وقت دنیا بھر کے 200 ممالک کے پانچ سو تیس ملین سے زیادہ افراد اس کے باقاعد ہ ممبرز ہیں۔ زیادہ تر لوگ لنکڈ اِن  کو پروفیشل تعلقات قائم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ” لنکڈ اِن  کا بنیادی مقصد ہی بزنس یا ملازمت سے متعلق نیٹ ورکنگ قائم کرنا ہے۔جس کے لیئےلنکڈ اِن اپنے ممبران کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم پر موجود دیگر افراد سے رابطہ قائم کر سکیں۔ لنکڈ اِن  کی بدولت آپ بہت جلد ہی اپنی فیلڈ اور انڈسٹری کے لوگوں سے تعلقات قائم کر سکتے ہیں۔” لنکڈ اِن کا بنیادی ورژن بالکل مفت میں دستیاب ہے جس کی کوئی بھی فیس نہیں ہوتی لیکن اس کا ایک پریمیم ورژن بھی دستیاب ہے جس کی باقاعدہ فیس ہوتی ہے۔ اس پیڈ ورژن کو عموماً کارپوریشن کے سربراہان اور بڑی، کمپنیز کے سی ای اوز زیادہ پسند کرتے ہیں۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا روایتی مائیکروسافٹ ورڈ میں ٹائپ شدہ ”سی وی“غیر مؤثر ہے؟ جو ہم لنکڈ اِن  کا استعمال کریں۔ تو جناب اس کا مختصر جواب ہے، جی ہاں۔ اگرچہ بہت سی ملازمتوں کے لیے اب بھی روایتی”سی وی“کی اہمیت باقی ہے لیکن آج کل زیادہ تر بڑی کمپنیز کے ایچ آر مینیجر روایتی”سی وی“کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے کیونکہ ان کو معلوم ہوتا ہے کہ یہ”سی وی“ امیدوار نے خود تیار نہیں کی بلکہ کسی نیٹ کلب میں تیار کروائی ہے یا پھر کاپی،پیسٹ کا نتیجہ ہے۔ جبکہ کمپنیز کے لیے بڑی تعداد میں موجود سی ویز میں سے کسی قابل شخص کو تلاش کرنا بھی ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ اس لیے حالیہ کچھ سالوں میں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی لنکڈ اِن  کے ذریعے ملازمتیں فراہم کرنے والی کمپنیوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے کیونکہ کارپوریشنز کے ریکروٹمنٹ اسپیشلسٹس لنکڈ اِن کے ذریعے درست امیدوار کو زیادہ جلد اور مؤثر انداز میں تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لنکڈ اِن کو استعمال کرنے سے پہلے چند اہم ترین باتیں اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ لنکڈ اِن  دیگر سوشل میڈیا فیس بک وغیرہ جیسا قطعاً نہیں ہے بلکہ یہ ایک مکمل پروفیشنل نیٹ ورک ہے۔ اس لیئے یہاں صرف اپنی پروفیشنل شناخت بنائیں اور اپنے مذہبی، نسلی، لسانی، سیاسی، خیالات کا اظہار ہر گز نہ کریں اور نہ ہی ان لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں جن کا آپ سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہ ہو یا آپ کی پیشہ ورانہ فیلڈ سے وابستگی نہ رکھتے ہوں۔ ایسا کرنے سے آپ کی  لنکڈ اِن  پروفائل کو اسپیم (SPAM) قرار دے کر بلاک بھی کیا جاسکتا ہے۔

کیا آپ کے پاس پہلے ہی سے ایک لنکڈان پروفائل موجود ہے؟ اگر ایسا ہے تو یقینا آپ مبارک باد کے مستحق ہو، کیونکہ آپ دنیا کے سب سے بڑے پروفیشنل پلیٹ فارم کے 530ملین سے زائد پروفیشنل صارفین میں سے ایک ہیں لیکن اب دوسرا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا آپ  لنکڈان کو بالکل ایسے ہی استعمال کررہے ہیں جیسا کہ اُس کو استعمال کرنے کا حق ہے؟اگر اس کا جواب”نہیں“ میں ہے تو پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں کیونکہ پاکستان میں صرف آپ ہی اکیلے وہ شخص نہیں ہیں جو لنکڈ اِن کی پیشہ وارانہ طاقت سے بے خبر ہے بلکہ اکثر پاکستانی لنکڈ اِن کے درست استعمال سے عدم واقفیت کی بناء پر اس سے خاطر خواہ فائدہ اُٹھانے سے قاصر رہتے ہیں جس کی بنیادی وجہ لنکڈ ان کو فیس بک یا ٹوئٹر جیسا تصور کرنا ہے۔اگر آپ بھی ایک ماہرپروفیشنل ہیں اور لنکڈ اِن  کے نیٹ ورک پر موجود ہیں تو ہم آپ کو زیرِنظر مضمون میں وہ تمام اہم ترین نکات بتائیں گے جن کی مدد سے آپ لنکڈ اِن پر اپنی پروفائل کو انتہائی جاذب نظر اور مؤثرترین بناکر اپنے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے کیرئیر میں مزید چار چاند کا بھی اضافہ کرسکتے ہیں۔

لنکڈ اِن یو آر ایل کو منفرد بنائیں
آپ کا یو آر ایل (یونیفارم ریسورس لوکیٹر) انٹرنیٹ پر آپ کے ” لنکڈ اِن  پروفائل کا ایڈریس ہوتا ہے۔اپنی لنکڈ اِن پروفائل کا ایڈریس اس انداز میں ترتیب دیں تاکہ سرچ انجن کے ذریعے اسے آسانی سے تلاش کیا جا سکے۔ اپنا پروفائل ایڈریس دوسروں سے مختلف یا منفرد ضرور بنائیں تاکہ آپ کے ہم نام لوگوں میں سے آپ کو تلاش کرنا آسان ہو، جیسے نام کے ساتھ شہر کا نام درج کر لیں تاکہ آپ کا نام منفردبن جائے تاکہ جب بھی کوئی کسی بھی سرچ انجن میں آپ کا نام لکھ کر آپ کو انٹرنیٹ پر ڈھونڈنے کی کوشش کرے تو اس تلاش میں آپ کی پروفائل سر فہرست ہو۔ پہلے سے بنائی گئی پروفائل کے یو آر ایل میں ترمیم کرنا مقصود ہو تو اس کے لئے اپنی لنکڈ اِن  پروفائل کے ایڈٹ مینیو میں جائیں اور اپنی پروفائل پر لگی ہوئی تصویر کے نیچے بنے ہوئے چھوٹے سے وہیل پر کلک کریں اس سے آپ اپنے یو آر ایل کے ایڈٹ مینیو میں پہنچ جائیں گے۔یہاں اگر آپ کا نام بہت عام ساہو جو شاید بہت سارے اور لوگوں کا بھی ہو تو یہاں اپنے نام کے ساتھ کوئی لاحقہ جیسے آپ کا تعلق کراچی سے ہے تو KHIلکھ دیں تاکہ دوسروں سے آپ الگ نظر آئیں اور انٹرنیٹ پر اگر کوئی آپ کو ڈھونڈنے کی کو شش کرے تو کراچی سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں آپ سر فہرست ہوں۔

پروفائل کا تعارفی عنوان جامع ہونا چاہیے
ایک جامع اور منفرد تعارفی عنوان پڑھنے والے کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں انتہائی اہم کردار اداکرتاہے۔اس لیئے کہا جاتا ہے کہ لنکڈ اِن  پر گھساپٹا تعارفی عنوان کسی کو بھی متاثر نہیں کرتا۔یاد رکھیں، لنکڈ اِن میں 530ملین سے زائد صارفین ہیں لہذا وہاں ایک اچھا اور جامع تعارفی عنوان ہی لوگوں کو آپ کی پروفائل دیکھنے پر مجبور کرسکتاہے۔ذیل میں ملازمت کے فوری حصول کے لئے ” لنکڈ اِن  کے تعارفی عنوان ترتیب دینے کی چند مثالیں پیش خدمت ہیں۔
کاشف علی“ آرٹ ڈائریکٹر جو صارفین کو دلکش اشتہارات بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
کاپی رائٹر“منفرد مواد لکھنے میں جس کا کوئی ثانی نہیں۔
کنسلٹنٹ“ آن لائن خرید و فروخت کے لیئے رہنمائی ہم سے بہتر کوئی نہیں دے سکتا۔

اچھے ہو تو کوئی اچھی سی تصویر تصویر لگاؤ
لنکڈ اِن پر آل اسٹار پروفائلز کا درجہ حاصل کرنے کے لیئے پروفائل میں ایک انتہائی جاذب نظر اور اعلی معیار کی تصویر کا ہونا ناگزیر ہے۔ ایک اچھی تصویر آپ کی” لنکڈ اِن  پروفائل کو 12 گنا زیادہ متاثر کن بناسکتی ہے۔اس کے لیئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ تصویر حالیہ اور ایک اچھے تاثر سے بھرپور ہونی چاہیئے مثلاً مسکراہٹ،نہ صرف آپ کے ہونٹوں سے بلکہ آنکھوں سے بھی جھلکنی چاہیئے۔جبکہ تصویر کا 50 فیصد حصہ چہرہ پر مشتمل ہونا چاہئے۔نیز تصویر مناسب تھمب نیل سائز کی ہونا بھی لازمی ہے۔

پس منظر کی تصویر کی اہمیت
لنکڈ اِن کے بہت سے صارفین کو معلوم نہیں ہے کہ وہ اپنی لنک کردہ پروفائل پر پس منظر یا احاطہ کی تصویر بھی اپ لوڈ کرسکتے ہیں،بالکل ویسے ہی جیسے ٹویٹر یا فیس بک پر پس منظر کی تصویر لگائی جاتی ہے۔بس یہاں اتنا دھیان میں رکھنا ہے کہ پس منظر میں جو بھی تصویر لگائیں وہ آپ کی پیشہ وارانہ صلاحیت یا کام سے متعلق ضرور ہو، جیسے،آپ کا کاروباری لوگو یا آپ کی کتاب کا سامنے کا احاطہ یا ایک ایسی تقریب کے بینر یا اسٹیج جہاں آپ تقریر کررہے ہوں یا پھر کسی ایسی کانفرنس یا ورکشاپ میں شرکت کرتے ہوئے تصویر جس سے دیکھنے والا فوری اندازہ لگا سکے کہ آپ ایک پیشہ ور ملازم یا کاروباری ہیں۔اس ضمن میں آپ اپنی کام کرتے ہوئے تصویر کو بھی شامل کرسکتے ہیں جیسے آرکیٹیکٹس، شیفس، فوٹوگرافروں، انجنیئرز، اور کسی بھی فیلڈ کا کام کرتے ہوئے۔ پس منظر کی تصاویر 396ش1584پکسلز سائز میں 8،ایم بی، سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئے۔

اپنے ہنر اور مہارت کا ذکر لازمی کریں
جس شعبے میں آپ ملازمت کرنے کے خواہشمند ہیں یا کر رہے ہیں اس کے متعلق اپنی تمام تر پیشہ وارانہ مہارتوں کو تعارفی پیراگرف میں ضرور بیان کریں۔ مثلاً اگر آپ کا تعلق ”آرکیٹیکچر“ سے ہے تو آپ اپنی فنی مہارتوں میں ڈیزائنگ، تخمینہ و اخراجات، سپر وائز، سائٹ آرگنائزئشن، ماڈل میکنگ، آٹو کیڈ وغیرہ لکھیں گے۔ کہنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ جو بھی مہارتیں رکھتے ہیں ان کا ذکر ضرور کریں۔ پروفائل میں اکثر لوگ صرف حالیہ نوکری کا ذکر کرتے ہیں،حالانکہ آپ کو اپنی سابقہ ملازمتوں کا ذکر بھی کرنا چاہیئے تاکہ آپ کے تجربات/ مہارت کا بہتر طور پر اندازہ لگایا جا سکے۔ اپنے کیریئر کی معلومات مختصراً مگر جامع انداز میں تحریر کریں۔ کوشش کریں کہ تین سو الفاظ سے زیادہ طویل نہ ہو۔ اپنی پروفائل پر تسلی کے ساتھ اچھی طرح کام کریں۔ یہ کچھ وقت طلب کام ضرور ہے۔ لیکن لنکڈ اِنپروفائل پر آپ جتنی محنت کریں گے نوکری ملنے کے مواقع اتنے زیادہ ہوں گے۔ یہ بات ذہن نشیں کرلیں کہ آپ کے لیے انٹرویو کال کا فیصلہ آپ کی پروفائل دیکھ کر ہی ہو گا۔ لہٰذا پرسکون ہو کر، ایک دو دن بھی لگا کر اپنی تمام تر خوبیاں درج کریں۔ جبکہ سمر ی والے باکس میں ایسے کی ورڈز اور جملے بھی لازمی لکھیں جو کہ آپ کے پیشے سے متعلقہ نوکری کی جاب ڈسکرپشن میں ہو سکتے ہیں،تاکہ اگر کوئی ادارہ اپنے کام سے متعلقہ لوگوں کو ڈھونڈرہا ہو تو ان کی ورڈز کے میچ ہونے کی صورت میں وہ آپ کی پروفائل تک آسانی سے پہنچ سکے۔ مثال کے طورپر آپ کا میڈیکل سے تعلق ہے اور آپ کا تجربہ بھی وسیع ہے،اب اپنے تجربات کی روشنی میں انڈسٹری میں نئے آنے والے لوگوں کو ٹریننگ دینے کے خواہاں ہو تو آپ اپنی اس تعارفی سمری میں لکھئے کہ میں ایک ٹرینر ہوں اس کے علاوہ آپ شامل کر سکتے ہیں
اشاعتیں: ویب سائٹس، میگزین، خبرنامے جہاں آپ کی تحریرں شائع ہوتی ہیں۔
سرٹیفیکیشن: پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹ کے لئے اور آپ کے ضمنی منصوبوں یا دیگر اموروں سے متعلق۔
کورسز: نئے کورسز کو شامل کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ مسلسل سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
منصوبے: کچھ مضامین میں آپ کی مہارت کا مظاہرہ کرنے کے لئے سوچے گئے کام اور ضمنی منصوبے۔
اعزاز اور انعام: صرف کمپنی اور صنعت کی طرف سے تسلیم شدہ ایوارڈز کی فہرست۔

 لنکڈ اِن پروفائل پر سفارش کی اہمیت
آپ کےلنکڈ اِن  پروفائل میں درج کردہ مہارتوں سے آپ کو دوسرے اراکین سے ”تصدیق” حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے جو اس بات کی تصدیق کرسکتے ہیں کہ آپ کو واقعی ان کی مہارت حاصل ہے۔کم از کم تین سے پانچ کامیاب افراد ایسے تلاش کریں جو آپ کی پروفائل پر اپنے نیک جذبات کا اظہار کر سکیں۔ لنکڈ اِن پر کامیاب افراد کی ”سفارش“ یعنی Endorsements سے کافی اثر پڑتا ہے۔ کوشش کریں کہ یہ وہ افراد ہوں جن کے پاس آپ نے ماضی میں کام کیا ہو۔ جس سے یہ مراد ہوتی ہے کہ وہ آپ کے کام سے مطمئن تھے۔ اس طرح کی ”سفارش“ یعنی Endorsementsسے آپ کی پروفائل زیادہ متاثر کن بن جائے گی۔ کم از کم پانچ لوگوں سے اپنی پروفائل کی سفارش کو یقینی بنائیں، آپ سوچ رہے ہوں گے ہم بار بار کیوں آخر سفارش پر اتنا زور دے رہے کیونکہ عام طور ہمارے ذہن میں جب سفارش کا لفظ آتا ہے توخیال آتا ہے کہ بھلا ” لنکڈ اِن پر پروفائل کی تصدیق کیلئے سفارش نامے کی کیا ضرورت ہو سکتی ہے تو جناب اگر سوشل نیٹ ورکنگ کی اس سائٹ پر نوکری دینے والے ادارے حقیقی ہیں، آپ کے تمام کوائف اور تجربات درست ہیں،آپ کو حقیقت میں تواتر کے ساتھ ایک کے بعد ایک ملٹی نیشنل کمپنیوں میں نوکریاں مل رہی ہیں تو ایسے میں کیا یہ سب ثابت کرنے کیلئے کسی گواہ یا تصدیق کی ضرورت نہیں پڑے گی۔” لنکڈ اِن سفارش“ یعنی Endorsements کا مطلب ہی یہ ہے کہ شعبے سے متعلقہ ماہرین یا ایسے لوگ جن کا تجربہ وسیع ہو اور آپ کو ان کے ساتھ ماضی میں کام کرنے کا موقع بھی ملا ہو اور سب سے بڑی بات وہ آپ کے کام سے مطمئن بھی ہوئے ہوں تواس میں کیا برائی ہے کہ وہ اس نیٹ ورک پر آئیں آپ کے بارے میں چند تعریفی جملے لکھ دیں۔اس سے آپ کیلئے کامیابی کی نئی راہیں کھلیں گی اور آپ کو نوکری کی پیشکش کرنے والے ادارے کو یقین ہو جائے گا کہ پروفائل پر درج آپ کے کوائف اور تجربات افسانوی نہیں بلکہ حقیقی ہیں اور آپ انہیں بیان کرتے ہوئے صرف میاں مٹھو ہی نہیں بن رہے تھے بلکہ آپ کے شعبے کے ماہرین بھی آپ کے کام سے متاثر ہیں۔

پروفیشنل لوگوں سے تعلقات قائم کریں
لنکڈ اِن پروفائل کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں موجود اپنی فیلڈ کے دیگر پروفیشنل لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں۔ جس کا بہت فائدہ ہوتا ہے۔ پروفیشنل دوست آپ کو اپنی کمپنی میں ملازمت دلوانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔آپ کی لنکڈ اِن پروفائل کے مؤثر ہونے کیلئے بہت زیادہ لوگوں سے رابطے بڑھانا خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات ذہن میں رکھیے کہ یہ فیس بک کی طرح کا سوشل نیٹ ورک نہیں ہے یہاں پروفیشنل اپروچ کے ساتھ دنیا بھر سے لوگ موجود ہیں۔ایسا ممکن نہیں ہے کہ آپ ایک متاثر کن پروفائل بنائیں اور دوسرے لوگوں سے رابطہ نہ رکھیں۔مثال کے طور پر آپ کسی ادارے میں ملازمت کرنا چاہتے ہیں اور آ پ کے دوستوں کی فہرست میں سے کسی کا وہاں رابطہ ہو یا وہ وہاں پہلے سے ہی ملازمت کر رہا ہو تو آپ اس سے درخواست کر سکتے ہیں وہ آپ کو اس کمپنی سے متعارف کر وا دے یا ایک انٹرویو دلوا دے۔ہو سکتا ہے آپ کو اس کے توسط سے وہاں ملازمت مل جائے۔

اپنے پیشہ سے متعلق اپنا نقطہ نظر ضرور واضح کریں
لنکڈ اِن  پروفائل میں اپنے اختیار کردہ پیشہ سے متعلق اپنا نقطہ نظر پیش کرنے سے دیکھنے والے بہت جلد آپ کی جانب متوجہ ہوسکتے ہیں۔اس سے لوگوں کو آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیت سمجھنے میں خوب مدد حاصل ہوتی ہے۔اس کام کے لیئے  لنکڈ اِن آپ کو چار پیراگراف تک لکھنے کی مکمل اجازت دیتا ہے۔جو کچھ اس طرح سے ہوسکتے ہیں۔ پہلا پیراگراف: چیلنج- ایکشن – نتائج (CAR) کی شکل میں حاصل ہونے والی آپ کی سب سے زیادہ متاثر کن کامیابی کا خلاصہ ہونا چاہیے۔ دوسرا پیراگراف:آپ کیا کرتے ہیں اور آپ نے اس کیریئر یا کاروبار کو کیوں منتخب کیا۔تیسرا پیراگراف:آپ کا ہدف کون سے سامعین ہیں اور آپ ان کی مدد کیسے کرسکتے ہیں،اسے تفصیل سے لکھنا زیادہ بہتر ہے۔ چوتھے پیراگراف: آپ کے سائیڈ پراجیکٹ، شوق، یا آپ کو تفریح فراہم کرنے والی عمومی مصروفیات کے بار ے میں ہونا چاہیئے۔

اپنے دیگر اکاؤنٹس اور ویب سائٹ بھی منسلک کریں
لنکڈ اِن  اپنے صارفین کو دیگر سماجی میڈیا اکاؤنٹس کو  لنکڈ اِن  پروفائل میں منسلک کرنے کی اجازت دیتا ہے، جن کی مدد سے آپ کے موجودہ دوست آپ سے دوسرے پلیٹ فارم پربھی رابطہ کرسکتے ہیں۔ آپ کو اپنی تین ویب سائٹس تک بھی لنک کرنے کی اجازت ہے۔مثلاً اپنی ذاتی ویب سائٹ، کمپنی کی ویب سائٹ، بلاگ، پورٹ فولیو، یا آر ایس ایس فیڈ کو بطور ویب سائیٹ لیبل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ سادہ پرانے ”پورٹ فولیو” کے بجائے اپنی ویب سائٹ کو ”گرافیک ڈیزائین پورٹ فولیو” کے طور پر بھی اپنی پروفائل سے منسلک کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کی ویب سائٹ یو آر ایل، آپ کے برانڈ کا نام سے مختلف ہے تو، آپ یو آر ایل کے ساتھ برانڈ کے نام کی فہرست کیلئے اس خصوصیت کا استعمال کرسکتے ہیں۔یہ بات یاد رکھیے کہ لنکڈ اِن پر آپ کی پروفائل سے متاثر ہو کر دنیا کے کسی بھی کونے سے آپ کو نوکری کی پیشکش ہو سکتی ہے لہذا کو شش کریں جس جس کام کا آپ نے اپنی پروفائل پر ذکر کیا ہے ان کی تفصیل کے لئے ان کے آن لائن لنکس بھی دے دیں۔

 لنکڈ اِن  پر خود کو اپ ٹو ڈیٹ رکھیں
اپنے لنکڈ اِن  پروفائل کو فعال رکھنے کے لیئے ضروری ہے کہ اسے وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کرتے رہیں،اس کے لیئے اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات،خبریں وغیرہ پوسٹ کر سکتے ہیں۔ تاہم ایسی اپ ڈیٹس جو آپ کی پیشہ ورانہ زندگی سے تعلق نہ رکھتی ہوں اُنہیں لنکڈ اِن پر پوسٹ کرنے سے گریز کریں کیونکہ دنیا کے کسی بھی پروفیشنل شخص کواس بات سے قطعاً کوئی دلچسپی نہیں ہوسکتی کہ آپ آج کہاں کہاں سیر کرنے گئے یا آج آپ نے دوپہر کے کھانے میں کیا کھایا تھا اورآپ کارات کو کیا کھانے کا پروگرام ہے۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے ماہنامہ اُردو ڈائجسٹ لاہور ستمبر 2018 کے شمارے میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں