Cloud Storage Comparison

272 جی بی آن لائن یو ایس بی ڈرائیوحاصل کریں۔۔۔ بالکل مفت

کئی بار کمپیوٹر پر کام کرنے کے دوران آپ کے سامنے اسکرین پر ایک پیغام آجاتا ہے کہ ”آپ کی ہارڈ ڈسک میں مزید فائلیں جمع کرنے کی گنجائش ختم ہوچکی ہے اگر مزید فائلیں ہارڈ ڈسک میں محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو برائے مہربانی پرانی فائلوں میں سے کچھ غیر ضروری فائلوں کو ڈیلیٹ کردیں ”۔ اگر آپ کی کمپیوٹر میں موجود تمام فائلیں اہم اور ضروری ہوں جن میں سے ایک بھی فائل ڈیلیٹ کرنا آپ کے لیئے ممکن نہ ہوتو پھراس کے بعد آپ کے پاس صرف ایک ہی راستہ بچتا ہے کہ یا تو آپ ایک زیادہ ہارڈ ڈسک کی گنجائش والا نیا کمپیوٹر خریدیں یا پھر بازار سے ایک یو ایس بی ڈرائیو خریدیں تاکہ آپ اپنی اہم ترین فائلوں کو محفوظ کرنے کا درست انتظام کر سکیں۔لیکن مصیبت یہ ہے کہ جب آپ ایک اچھی کمپنی کے یو اسی بی ڈرائیو خریدنے بازار جاتے ہیں تو اُس کی قیمت بعض اوقات آپ کی جیب کی گنجائش سے بہت زیادہ ہوتی ہے اور اگر آپ ہلکے معیار کی یوایس بی ڈرائیو کا انتخاب کر لیں تو پھر آپ کو ہر وقت یہ ہی ڈر لگا رہتا ہے کہ کہیں یہ اچانک خراب نہ ہوجائے اور آپ کا تمام محفوظ کیا ہوا ڈیٹا ضائع نہ ہوجائے۔ اس وقت ہمارے ہاں ایک اچھی کمپنی کی200جی بی گنجائش والی یو ایس بی ڈرائیو پانچ سے چھ ہزار روپے میں دستیاب ہے۔اگر بالفرض آپ کا تعلق ایک صاحبِ حیثیت گھرانے سے ہو اور آپ ایک اچھی کمپنی کی یو ایس بی ڈرائیو خرید بھی لیتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں ہے کہ آپ نے اپنا تمام ڈیٹا ہمیشہ کے لیے محفوظ کرلیا ہے اکثر اوقات ایسا بھی ہوتا ہے آپ کی انتہائی قیمتی یو ایس بی ڈرائیو جس پر آپ کو بہت ناز ہوتا ہے وہ اچانک کہیں گر جاتی ہے،گم ہوجاتی ہے یا چوری ہوجاتی ہے اوریوں آپ کو مالی نقصان برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اہم ترین فائلوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑ جاتا ہے۔
مگر آپ گھبرائیں نہیں ہم آپ کو ایک ایسا طریقہ بتائیں گے جس پر عمل پیرا ہونے کے بعد نہ تو آپ کو نیا کمپیوٹر خریدنا پڑے گااور نہ ہی کوئی قیمتی یو ایس بی ڈرائیو خریدنے کی ضرورت پیش آئے گی اور ان سب کے باوجود بھی آپ بغیر کوئی رقم خرچ کیئے اپنی فائلوں کو محفوظ کرنے کے لیئے آن لائن کلاؤڈ سروس کا استعمال کرتے ہوئے اضافی جگہ کا انتظام کرلیں گے۔ اس وقت انٹر نیٹ پر بہت ساری کلاؤد اسٹوریج کمپنیاں اپنے صارفین کو بالکل مفت میں اپنی اہم ترین فائلیں اور دیگر مواد محفوظ کرنے کے لیئے جگہ فراہم کرتی ہیں۔کئی کلاؤڈ کمپنیاں شروع میں کم جگہ فراہم کرتی لیکن جیسے جیسے آپ ان کی مفت خدمات سے استفادہ کرتے جاتے ہیں یہ بتدریج آپ کی فائلیں محفوظ کرنے کی گنجائش میں اضافہ کرتی جاتی ہیں۔مثال کے طور”ڈراپ باکس“ ایک ایسی ہی معروف اور قابلِ اعتماد کلاؤڈ اسٹوریج کمپنی ہے جو اپنے صارفین کو ابتدا ء میں 2جی بی فائلیں محفوظ کرنے کی جگہ دیتی ہے لیکن جیسے ہی آپ اس کمپنی سے اپنے کسی دوست کو متعارف کراتے ہیں تو پھر یہ کمپنی ہر ایک دوست کے بدلے میں آپ کو مزید 500 ایم بی کی اضافی جگہ فراہم کردیتی ہے اور اگر آپ یا آپ کا دوست اس کمپنی کے ٹویٹر اکاؤنٹ کو فالو کرتا ہے تو یہ521 ایم بی اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ فالو کرنے کی بنیاد پر بھی اضافی جگہ آپ کو دے دیتی ہے۔ اگرآپ اس جیسی دیگر معروف اور قابل اعتماد کلاؤڈ اسٹوریج کمپنیوں کا انتخاب کرتے ہوئے ان پر بھی اپنے اکاؤنٹ بنا لیں تو آپ مفت میں اپنی فائلوں کو محفوظ کرنے کے لیئے ٹھیک ٹھاک جگہ حاصل کرسکتے ہیں۔زیرِ نظر مضمون میں ہم آپ کو ان تمام بہترین کلاؤڈ اسٹوریج کمپنیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے جن پر آ پ صرف ایک اکاؤنٹ بنا کر مفت میں 272 جی بی تک کی آن لائن کلاؤڈ اسٹوریج حاصل کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ ہم آپ کو وہ طریقہ بھی بتائیں جس سے آپ ان تمام کمپنیوں کے اکاؤنٹس ایک ہی جگہ پر استعمال کرسکیں گے یعنی حقیقت میں آپ بغیر کوئی رقم خرچ کیئے اور بغیر کسی پریشانی کے 272 جی بی کی”آن لائن یو ایس بی ڈرائیو“ حاصل کرلیں گے۔
ذیل میں اُن تمام کلاؤڈ اسٹوریج کمپنیوں کے مکمل ویب سائیٹ ایڈریس اور اُ ن کی طرف سے ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیئے مفت میں فراہم کردہ گنجائش کی تفصیلات دی جاری ہیں۔جو دنیائے انٹرنیٹ میں اپنی خدمات اور سہولیات کے حوالے سے ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔آپ ان ویب سائیٹس پر جاکر باآسانی اپنے اکاؤنٹس بنا سکتے ہیں۔
گوگل ڈرائیو 51 جی بی  www.google.com/drive
ون ڈرائیو5 جی بی https://onedrive.live.com
ڈراپ باکس2 جی بیwww.dropbox.com
آئی کلاؤڈ۵ جی بیwww.apple.com/uk/icloud
باکس10 جی بیwww.box.com
آئی ڈرائیو5 جی بیwww.idrive.com
جوٹا کلاؤڈ5 جی بیwww.jottacloud.com
سینس ڈاٹ کام5 جی بیwww.sync.com
ویب اسٹوریج5 جی بیwww.asuwebstorage.com
سینس پلے سٹی10 جی بیwww.syncplicity.com
میڈیا فائر10جی بیwww.mediafire.com
می میڈیا10 جی بیwww.mimedia.com
پی کلاؤڈ10 جی بیwww.pcloud.com
میگا50 جی بیhttps://mega.nz
ہو بی سی52 جی بیhttps://hubic.com
ڈی گو100 جی بیhttps://degoo.com

آن لائن یو ایس بی ڈرائیوکے فائدے
دفتری اُمور کی انجام دہی کے دوران کبھی کبھارایسا بھی ہو تا ہے کہ اچانک آپ کے باس نے آپ سے ایک فائل طلب کرلی ہے لیکن بدقسمتی سے وہ فائل آپ کے گھر والے کمپیوٹر میں موجود ہوتی ہے جس کے حصول کے لیئے آپ کے پاس گھر جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔”آن لائن یوایس بی ڈرائیو“ کا سب سے بڑا فائدہ جو آپ کو ہوگا وہ یہ ہے کہ آپ اپنی تمام فائلوں کو کسی بھی جگہ سے کسی بھی کمپیوٹر،لیپ ٹاپ یا موبائل فون کے ذریعے ہروقت اپنی رسائی اور دسترس میں رکھ سکیں گے۔اس کا م کے لیئے بس آپ کو ایک عدد انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت ہوگی۔اس طرح آپ کو اہم ترین فائلوں کے حوالے سے روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی بہت ساری ناگہانی پریشانیوں سے نجات مل جائے گی۔”آن لائن یوایس بی ڈرائیو“ کا دوسراسب سے بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ اگر کسی بھی حادثہ یا فنی خرابی کی وجہ سے آپ کا کمپیوٹر خراب یا تباہ و برباد ہوجائے تو پھر بھی آپ کی اہم ترین فائلیں محفوظ رہتی ہیں۔آپ”آن لائن یوایس بی ڈرائیو“ کے ذریعے باآسانی اپنے کمپیوٹر میں فائلیں منتقل کرسکتے اور جب چاہیں اپنے دوستوں اور اپنے گھر والوں کے ساتھ انہیں شیئر بھی کرسکتے ہیں۔ بے شمار کلاؤڈ اسٹوریج کمپنیاں جن میں ڈراپ باکس، گوگل ڈرائیو اور مائیکروسافٹ ون ڈرائیو قابل ذکر ہیں نے خدمات اور سہولیات کے میدان میں ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے اپنے صارفین کو یہ سہولت بھی مہیا کردی ہے کہ اگر آپ ان کے پاس اپنی محفوظ کی ہوئی فائلوں کو اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ بھی کردیں پھر بھی یہ انہیں اپنے سرور پر محفوظ رکھتی ہیں جنہیں آپ بوقت ضرورت دوبارہ سے حاصل کر سکتے ہیں۔

کلاؤڈ اسٹوریج اکاؤنٹس سے ایک آن لائن یو اسی بی بنائیں
آپ میں سے کچھ قارئین انفرادی طور پرکلاؤڈ اسٹوریج سروس جیسے گوگل ڈرائیو کو پہلے ہی سے استعمال کررہے ہوں گے اوراب آپ سوچتے ہوں گے کہ دیگر کلاؤڈ اسٹوریج کمپنیوں پر اگر اکاؤنٹ بنا بھی لیں تو اتنے سارے اکاؤنٹ ایک ساتھ استعمال کیسے کریں گے اور سب سے بڑی بات یہ کہ کیسے یاد رکھیں گے کہ کونسی فائل کس کلاؤڈ اسٹوریج کمپنی کے پاس محفوظ ہے۔یہ مسئلہ اُس وقت اور بھی شدید ہوسکتا ہے جب کسی فائل کی اچانک اور عجلت میں ضرورت پڑ جائے۔یہ ہی وہ بنیادی نکات یا نقائص ہیں جن کو ذہن میں رکھتے ہوئے اکثر افراد ایک سے زیادہ کلاؤڈ اسٹوریج کمپنیوں میں اکاؤنٹ بنانے میں ہمیشہ ہچکچاہٹ کا شکار رہتے ہیں۔آئیے ہم آپ کو اس مسئلہ کا بھی شافی حل بتاتے ہیں جس پر عمل کرنے سے آپ نہ صرف اپنے تمام کلاؤڈ اسٹوریج اکاؤنٹس ایک ہی جگہ پر استعمال کر سکیں گے بلکہ اپنی محفوظ کی گئی فائلوں میں اپنی مرضی اور منشا کے مطابق ردوبدل بھی کر سکیں گے۔ایک سے زیادہ کلاؤڈ اسٹوریج اکاؤنٹس کو ایک ساتھ استعمال کرنے کے لیئے جس قسم کے پروگرام دنیا بھر استعمال کیئے جاتے ہیں انہیں ”کلاؤڈ اسٹوریج منیجر“ کہا جاتا ہے۔بہت ایسے سافٹ ویئر اور آن لائن کمپنیاں ہیں جو آپ کو بے شمار کلاؤڈ اسٹوریج اکاؤنٹس کو ایک سنگل کلک پر استعمال کرنے کی سہولت مہیا کرتی ہیں۔یہاں ہم آپ کو اپنا سب سے پسندیدہ،آزمودہ اور انتہائی سہل تھرڈ پارٹی پروگرام ”او ڈرائیو“www.odrive.com استعمال کرنے کا مشورہ دیں گے۔ اس کے ذریعے آپ باآسانی اپنے تمام کلاؤڈ اسٹوریج اکاؤنٹس کو ”آن لائن یو ایس بی ڈرائیو“ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔”او ڈرائیو“تقریباً تمام کلاؤڈ اسٹوریج کمپنیوں جیسے ڈراپ باکس، گوگل ڈرائیو،مائیکروسافٹ ون ڈرائیو اور باکس وغیرہ کو ایک جگہ یکجا کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔”او ڈرائیو“کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے آپ فیس بک اور انسٹا گرام پر اپنی محفوظ کی گئی تصویریں،فائلوں تک بھی باآسانی رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔آپ نے بس کرنا یہ ہے کہ ”او ڈرائیو“ کی بتائی گئی ویب سائیٹ پر جا کروہاں موجود ڈیسک ٹاپ ایپ کو انسٹال کرنا ہے اُسکے بعد آپ نے کلاؤاسٹوریج کمپنیوں پر بنائے گئے اکاؤنٹس باری باری اس ایپ میں لاگ ان کرنے ہیں، یوں 272 جی بی”آن لائن یوایس بی ڈرائیو“آپ کے سامنے حاضر خدمت ہے اور وہ بھی بالکل مفت میں۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے ماہنامہ اُردو ڈائجسٹ لاہور جنوری 2018 کے شمارے میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں