Dr Smart Phone

ڈاکٹر اسمارٹ فون

رات کے آخری پہر کسی نے مجھے بُری طرح جھنجوڑ کر اُٹھایا،میں گہری نیند میں تھا،میری آنکھیں صحیح طرح کھل نہیں پارہی تھیں، جیسی ہی میری آنکھیں روشنی میں دیکھنے کی عادی ہوئیں، میرے سامنے میری چھوٹی بہن کا چہرہ تھا،اُسکی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے اور وہ بار بار ایک ہی بات کی گردان کر رہی تھی کہ ”بھیا! جلد ی اُٹھو،بابا کی طبیعت اچانک بہت زیادہ خراب ہوگئی ہے“۔میں نے جلدی سے بستر سے چھلانگ لگائی اور ساتھ والے کمرے میں موجود اپنے بابا کے پاس جاپہنچا جہاں میری والدہ اور بھائی بہن پہلے ہی سے بابا کے پلنگ کے گرد گھیرا کئے ہوئے پریشان حال کھڑے تھے۔میں نے اپنے بابا کی پیشانی پر اپنی ہتھیلی رکھی تو وہ آگ کی طرح تپ رہی تھی۔ہم شہر کے مضافات میں رہتے ہیں،اس وقت آس پاس کسی اچھے ڈاکٹر کے ملنے کے بارے میں سوچنا کسی بے وقوفی سے کم نہ تھا جبکہ رات کے اس پہر شہر تک جانا بھی بابا کی حالت کو دیکھتے ہوئے عقلمندی کا سودا قرار نہیں دیا جاسکتا تھا کیونکہ فی الحال بابا کو فوری طور پر ایسی طبی امداد کی ضرورت تھی جس سے اُن کی طبیعت کم ازکم اتنی تو بحال ہوسکے کہ صبح سویرے اُنہیں شہر کے کسی اچھے ہسپتال تک لے جایا جاسکے۔ میں ابھی اسی شش و پنچ میں مبتلا ء کہ اچانک میرے ذہن میں خیال کا ایک کوندا سا لپکا،میں نے فوراً اپنی چھوٹی بہن کو کہا”ذرا،میرے کمرے سے میرا اسمارٹ فون تو لانا“۔وہ بھاگی بھاگی گئی اور مجھے موبائل فون لاکر دے دیا،میں نے فوراً اپنے موبائل فون سے اپنے بابا کا بلڈ پریشر چیک کیا،بخار چیک کیا اور گھر میں موجود دوائیوں میں سے ایک دوائی اپنے بابا کو کھانے کے لیئے دے دی جس سے کچھ دیر بعد اُن کی طبیعت میں قدرے بہتری آنا شروع ہوگئی، اتنی دیر میں صبح کا اُجالا بھی ہوگیا،میں اپنے بابا کو لے شہر کے ہسپتال روانہ ہوگیا جہاں موجود ڈاکٹر کو میں نے رات کی ساری روداد تفصیل سے سنائی اور وہ دوائی بھی دکھائی جو میں نے اپنے والد کو کھانے کے لیئے دی تھی۔ڈاکٹر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا”کیا واقعی تم نے اپنے والد کو اتنی درست ابتدائی طبی امداد اپنے اسمارٹ فون سے چیک کرنے کے بعد دی تھی“۔یقین دلانے کے لیئے میں ڈاکٹر کو اپنے موبائل میں موجود تمام میڈیکل ایپس دکھائی جنہیں دیکھ کر ڈاکٹر نے مجھے خوب سراہا۔یہ سچا واقعہ سرفراز کا ہے جس نے اپنے اسمارٹ فون کو بطور ایک ”میڈیکل ٹولز“ کے استعمال کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کوئی چاہے تو موبائل فون کا مثبت استعمال بھی کر سکتاہے۔اس وقت دنیائے انٹرنیٹ پر بے شمار ایسی میڈیکل ایپس موجود ہیں جنہیں آپ اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کر کے اپنے اسمارٹ فون کو ایک گھریلو طبیب میں بدل سکتے ہیں۔یہاں ہم آپ کے ذوقِ مطالعہ اور تجربہ کے لیئے چند ایسی مشہور زمانہ موبائل ایپس کا تذکرہ کر رہے ہیں جنہیں دنیا بھر میں لاکھوں افراد شبانہ روز استعمال کر کے اپنی زندگی میں طبی آسانیاں پیدا کررہے ہیں۔اگر آپ بھی چاہیں تو ان میں سے کسی ایک ایپ یا تما م کو اپنے زیرِ استعمال لاکر مستفید ہوسکتے ہیں لیکن ایک بات یاد رہے کہ ہر ایپ کا استعمال صرف اور صرف اُس ایپ پر دی گئی لوگوں کی آراء اور ہدایات کو مکمل طور پر سمجھنے کے بعد ہی کریں اور یہ بات بھی ہمیشہ ذہن نشین رہے کہ کوئی بھی ایپ مکمل طور پر کسی بھی کلینک میں موجود طبی سہولیات یا وہاں موجود تجربہ کار ڈاکٹر ز کی طبی مہارت کا نعم البدل نہیں ہوسکتی لیکن بہر حال اتنا ضرور یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ یہ ایپس ابتدائی طبی معلومات و امداد حاصل کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

آپ کا اپناویب ڈاکٹر
http://bit.ly/2EgjWZ7
ویب ایم ڈی(WebMD) نامی یہ موبائل ایپ آپ کے اسمارٹ فون کومکمل طور پر ایک ڈاکٹر میں بدل سکتی ہے۔اس جدید ترین ایپ میں آپ اپنی بیماریوں کی مختلف علامات کا اندراج کر کے اپنی بیماری کی درست تشخیص کر سکتے ہیں۔مرض کی تشخیص کے بعد یہ ایپ بیماری کے علاج میں معاون بہترین دواؤں کو بھی تجویز کردیتی ہے۔اس کے علاوہ اس ایپ کی مدد سے آپ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ابتدائی طبی امدادکی مکمل تفصیلات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔جبکہ یہ ایپ دواؤں اور علاج کا ایک مختصر لیکن جامع انسائیکلوپیڈیا بھی ہے جسے آپ روزانہ اپنے زیر مطالعہ رکھیں تو انتہائی اہم ترین طبی معلومات سے اپنے آپ کو اَپ ٹو ڈیٹ رکھ سکتے ہیں۔اس مفید ترین ایپ کو اب تک دنیا بھر میں ایک کروڑ سے زائد افراد ڈاؤنلوڈ کر چکے ہیں۔جس سے آپ اس کی مقبولیت و افادیت اندازہ لگا سکتے ہیں۔

اپنے خوابوں کو دیکھیں،موبائل کی آنکھ سے
http://bit.ly/2DKcjZR
آپ کورات کیسی نیند آئی؟کیا آپ ساری رات بھرپور نیند کرتے رہے؟یا صرف کروٹیں بدلتے رہے۔رات کا وہ کون سا حصہ ہے جب آپ گہری نیند میں تھے؟ اور کس حصہ میں آپ بظاہر سو کر بھی جاگتے رہے تھے؟،کب آپ نے اچھے خواب دیکھے؟ اور کس وقت آپ برے خواب دیکھتے رہے؟۔کیا کوئی ایسا شخص ہے جو آپ کو رات بھر کی نیند کے بعد،صبح سویرے آپ کو یہ ساری باتیں بالکل ٹھیک ٹھیک بتا سکے یقینا آپ کا جواب انکار میں ہی ہوگا۔لیکن سلیپ سائیکل(Sleep Cycle) نامی ایک ایسا سافٹ وئیر ہے جو اگر آپ اپنے اسمارٹ فون پر انسٹال کرنے کے بعد رات کو سونے سے پہلے اپنے بستر کے قریب رکھ لیں تو یہ سافٹ وئیر اپنی جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے آپ کے بستر اور آپ کی رات بھر کی حرکات و سکنات ریکارڈ کرنے کے بعد یہ رات بھر کی نیند کی مکمل رپورٹ صبح آپ کے سامنے من و عن پیش کردے گا اور آپ کو ہر صبح اس بات سے بھی خبردار کرتا رہے گا کہ رات کو آپ نے جو نیند لی تھی یہ آپ کی صحت کے لیئے مناسب ہے یا نہیں۔اس موبائل ایپ سے آپ اپنی نیند کو بہتر کرنے کے بارے میں انتہائی موثر نسخے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

پیدل چلیں،اپنے لیئے اور فلاحی اداروں کے لیئے
http://bit.ly/2Fpf43i
آپ سب یہ تو جانتے ہی ہوں گے کہ پیدل چلنا صحت کے لیئے کتنا فائدہ مند ہوتاہو گالیکن شاید آپ یہ نہ جانتے ہوں کہ آپ کے پیدل چلنے سے جہاں آپ کو ایک صحت مند زندگی حاصل ہوسکتی ہے وہیں آپ کے پیدل چلنے سے کئی فلاحی ادارے مالی امداد بھی حاصل کرسکتے ہیں۔جی ہاں! یہ بالکل سچ ہے اگر چیئریٹی مائیل(Charity Miles) نامی اس سافٹ وئیر کوآپ اپنے موبائل فون میں انسٹال کرلیں تو یہ سافٹ وئیر آپ کی صبح،شام یا رات میں کی گئی ہر واک کو مانیٹر کرے گا اور آپ کی طرف سے ہر ایک میل کئی گئی واک پر آپ کے منتخب کردہ فلاحی ادارے کو 52 سینٹ سے لے کر ایک ڈالر تک بطور امداد دے گا۔ یعنی اب آپ پیدل چلیں،بھاگیں دوڑیں یا سائیکل چلائیں اور اپنی صحت مند زندگی کے ساتھ نیک کام میں حصہ دار بن کر خوب ثواب بھی کمائیں۔گزشتہ سال سے اب تک اس ایپ کے ذریعے 2.5 ملین امریکی ڈالرز مختلف فلاحی اداروں کو امداد کی مد میں دئیے جاچکے ہیں۔

لے سانس بھی آہستہ۔۔۔
http://bit.ly/2EivbAr
لے سانس بھی آہستہ کہ نازک ہے بہت کام۔یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ سانس کے آنے جانے کے ساتھ ہی ہماری زندگی کی ڈور بندھی ہوئی ہے۔ صاف ستھری فضا میں کس طریقہ کو اختیار کرکے آپ اپنی سانس لینے کی صلاحیت میں اضافہ کرسکتے ہیں یہ سب کچھ اس موبائل ایپ سے بخوبی سیکھا جاسکتا ہے۔ جن افراد کو دمے یا سانس کے مختلف تکالیف ہیں اُن کے لیئے بھی ان موذی عوارض سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیئے بہت کچھ اس ایپ پر موجود ہے۔ صرف ۵۱ منٹ اس ایپ کا روزانہ استعمال بہت کچھ آپ کی زندگی میں تبدیل کرسکتاہے۔یہ ایپ استعمال کے لیئے بالکل مفت دستیاب ہے حیران کن طور پر اس ایپ کو استعمال کرنے کے دوران کسی بھی قسم کے اشتہارات بھی آپ کو تنگ نہیں کرتے کیونکہ یہ ایپ مکمل طور اشتہارات سے پاک ایک بالکل مفت ایپ ہے۔

کچھ نظرِ کرم اپنی آنکھوں پر بھی کریں
http://bit.ly/2DJexZE
اگر آپ کا سارا دن دفتر میں کمپیوٹر اسکرین کے سامنے گزرتا ہے جس کی وجہ سے آپ آنکھوں کی تھکن سمیت مختلف نوعیت کی تکالیف و شکایات کا شکار رہتے ہیں اور آئے روز کی ماہرِ امراضِ چشم کی طرف سے تجویزکردہ دواؤں اور بھاری فیسوں سے بھی پریشان ہیں تو ہمارے مشورے پر ایک بار اس موبائل ایپ کو اپنے اسمارٹ فون میں ڈانلوڈ کرلیں اور روزانہ صرف 5 منٹ اس پر تجویز کردہ مختلف آسان ورزشوں کو کرنے سے آنکھوں کی بیشتر پیچیدگیوں و عوارض سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیئے اپنی جان چھڑا لیں گے اور وہ بھی کسی کلینک جائے بغیر، بالکل مفت میں۔

کبھی تو کانوں کی بھی کچھ سنیں
http://bit.ly/2Fs1Z9h
فضائی آلودگی کے ساتھ ساتھ شورشرابا بھی ایک ایسی آلودگی ہے جس کی وجہ سے ہمارے کانوں کی قوتِ سماعت تیزی سے رو بہ زوال ہور ہی ہے۔قوتِ سماعت کے جملہ عوارض و مسائل سے بروقت خبردار اور تشخیص کے لیئے اس سے بہتر موبائل فون ایپ دنیائے انٹرنیٹ پر موجود نہیں۔اس ایپ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے بین الاقوامی ادراہ برائے صحت نے مکمل طور پر جانچ کرنے کے بعد اپنی تصدیق کے ساتھ اس کی عام استعمال کی اجازت دی ہے اور ہمارے نزدیک تو صرف یہی ایک بات اس ایپ کو استعمال کرنے کے لیئے کافی ہے۔اس ایپ کے ذریعے آپ اپنی قوت سماعت کی نہ صرف درست جانچ کرسکتے ہیں بلکہ مختلف تجویز کردہ مشقوں کے ذریعے اپنی قوتِ سماعت میں اضافہ بھی کر سکتے ہیں۔

ایتھلیٹ کا موبائل ٹرینر
http://bit.ly/2DLv5Ee
اگر آپ ایتھلیٹ ہیں یا ایک اچھا ایتھلیٹ بننا چاہتے ہیں تو یقینا اسٹار وا (Starva)نامی یہ موبائل فون آپ کے لیئے ایک تحفہ سے کم نہیں۔اس ایپ کے ذریعے کوئی بھی ایتھلیٹ اپنی تمام تر سرگرمیوں کا نہ صرف ریکارڈ مرتب کرسکتا ہے بلکہ اپنی کارکردگی کی جدید سائنسی بنیادوں پر جانچ پڑتال بھی باآسانی ملاحظہ کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ایپ دنیا بھر کے ایتھلیٹ کا سوشل نیٹ ورک بھی جس کے ذریعے اپنے آپ کو منسلک کر کے کوئی بھی ایتھلیٹ دنیا بھر کی ایتھلیٹ کمیونٹی کا فعال حصہ بھی بن سکتا ہے اور اپنی سرگرمیوں سے دنیا بھر کو آگاہ بھی کرسکتا ہے۔یہ ایپ دنیا کے بہترین ایتھلیٹ سینٹرز کو آپس میں ایک دوسرے سے مربوط کرتی ہے جہاں ہونے والی تمام تر سرگرمیوں کی تما م تر تفصیلات آپ بھی براہِ راست یا ریکارڈ ویڈیوز کی صورت میں دیکھ کر بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔اس ایپ کو بلاشبہ ایتھلیٹ کی جنت قرار دیا جاسکتا ہے۔

موسیقی سنیں اپنی اچھی فٹنس کے لیئے
http://bit.ly/2DFZjVf
آپ نے اکثر و بیشتر سنا اور پڑھا بھی ہوگا کہ موسیقی روح کی غذا ہے لیکن فٹ ریڈیو (Fit Radio)نامی اس موبائل ایپ کا دعویٰ ہے کہ موسیقی آپ کو فٹ رکھنے کی بنیادی وجہ بھی ہے۔یہ موبائل ایپ ایک ریڈیو ایپ ہے جسے آپ اپنے اسمارٹ فون پر ڈاؤنلوڈ کرکے استعمال میں لاسکتے ہیں۔اس میں موسیقی کی ایسی دُھنیں،نغمے اور آوازیں ہیں۔ جن سے آپ دورانِ ورزش یا جم میں ورک آؤٹ کرتے ہوئے لطف اندوز ہوں تو اس سے آپ کی فٹنس پر انتہائی اچھے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔اب اس موبائل ایپ کو بنانے والے اپنے کئیے گئے دعوی میں کس قدر سچے ہیں یہ تو آپ اسے استعمال کر کے ہی جان سکتے ہیں لیکن لوگوں کی رائے بتاتی ہے کہ اس ایپ اور بھی بہت سی ایسی اضافی سہولیات و معلومات دستیاب ہیں جو آپ کی فٹنس کے لیئے ممدو معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔بس آزمائش شرط ہے۔

موبائل چلائیں،خوشیاں پائیں
http://bit.ly/2rQ8n8F
کیا آپ جانتے ہیں سائنسی طور پر غم کیا ہوتا ہے اور خوشی کیا ہوتی ہے؟ سائنسی حساب سے آپ اس غمزدہ ہیں یا خوش؟ ان تمام سوالات اور کیفیات کے جوابات آپ بخوبی اس انتہائی خوبصور ت و دلکش موبائل ایپ سے حاصل کرسکتے ہیں۔ہیپی فائی(Happify) نامی یہ موبائل ایپ آپ کو اپنے ہر موڈ کے مثبت و منفی پہلوؤں کے بارے میں نہ صرف خبردار کرسکتی ہے بلکہ سائنسی حوالے سے اس کی درست وجہ بھی آپ پر آشکار کر سکتی ہے۔دلچسپ ترین بات تو یہ ہے کہ اگر اس ایپ کے مطابق آپ غمگین ہیں تو فکر کی کوئی بات نہیں یہ ایپ اپنے استعمال کنندہ کو غم کی وادی سے نکالنے کی بھرپور استطاعت بھی رکھتی ہے یقین نہ آئے تو آپ ایک بار ضرور اس ایپ کو استعمال کریں اور اس میں موجود بیش بہا ٹاسک پر عمل پیرا ہو کر اپنا دامن خوشیوں سے بھر لیں۔

بھاگم بھاگ موبائل ایپ
http://bit.ly/2EjxnaF
میپ مائی رن(Map My Run) 2017 میں دنیا کی سب سے بہترین ”رننگ ایپ“ کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔اس ایپ کے ذریعے آپ اپنے اسمارٹ فون کے جی پی ایس ٹریکر کی مدد سے اپنی رننگ کا مکمل دورانیہ،نقشہ،فاصلہ اور ضائع کردہ حراروں یعنی کلوریز کی تفصیلات صرف ایک سنگل کلک سے حاصل کرسکتے ہیں۔اسپورٹس ایتھلیٹ کے لیئے یہ ایپ ایک بیش بہا تحفہ ہے اگر آپ بھی اسکول،کالج،یونیورسٹی کی سطح پر بطور ایتھلیٹ یا ریسر کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیتے رہتے ہیں تو یہ ایپ یقینا آپ کی کارکردگی میں اضافہ کا باعث بن سکتی ہے۔

موبائل آن کریں،وزن آف کریں
http://bit.ly/2DHD3uc
کیا آپ اپنے بڑھتے وزن سے پریشان ہیں؟ہزاروں روپوں کی دوائیاں کھانے اور لاکھ جتن کرنے کے باوجود اپنے وزن کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہو پارہے تو پھر لوز اِٹ(Loseit) نامی یہ موبائل ایپ آپ کے لیئے ہی بنائی گئی ہے۔اس موبائل ایپ کے ذریعے آپ بالکل مفت میں اپنا وزن باآسانی کم کرسکتے ہیں یہ ہم نہیں کہتے بلکہ وہ لاکھوں لوگ کہتے ہیں جنہوں نے اس ایپ کے ذریعے اپنا وزن کو انتہائی کامیابی کے ساتھ کم کیا۔اس ایپ میں مکمل غذائی پلان،ورزش پلان،کلوریز پلان،ورک آؤٹ پلان،نیوٹریشن پلان،کلوریز ٹریکنگ،واٹر ٹریکنگ اور اسمارٹ گول ٹریکنگ جیسی جدید خدمات دستیاب ہیں جن کی مدد لے کر وزن کم کرنے کی طرف پہلا قدم تو یقینا اُٹھایا ہی جاسکتا ہے۔

سب کچھ کھائیں مگر ذرا دیکھ بھال کے
http://bit.ly/2EjVTZu
ٹھرئیے! آپ کے ہاتھ میں یہ جو چائے کا کپ ہے کیا آپ جانتے ہیں کہ اس میں کتنے حرارے (Calories)ہیں اور یہ حرارے کہیں آپ کی جسمانی ضرورت سے زیادہ تو نہیں۔فوڈو کیٹ (Foodu Cate)نامی یہ موبائل اگر آپ کے اسمارٹ فون میں موجود ہے تو پھر آپ کے لیئے پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ یہ ایپ آپ کو کھائے جانے والی ہر چیز کے بارے تفصیلی طور معلومات فراہم کرتی ہے کہ اس میں کتنے حرارے اور اس کی کتنی مقدار کھانے سے آپ کی جسمانی ضروریات پور ی ہوسکتی ہیں اور کتنی مقدار میں کھانے سے آپ کو صحت کے مسائل لاحق ہوسکتے ہیں۔بہت زیادہ منتخب غذا کھانے والوں اور اپنی ڈائیٹ پلان کے بارے میں انتہائی حساس افراد کے اسمارٹ فون میں اس ایپ کا ہونا انتہائی ناگزیر ہے۔

یوگا خود بھی سیکھیں اوردوسروں کو بھی سکھائیں
http://bit.ly/2niB3Cf
جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے پاکٹ یوگا (Pocket Yoga)نامی یہ ایپ یوگا میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیئے بنائی گئی ہے۔اس موبائل ایپ کے ذریعے آپ اپنی سہولت کے مطابق یوگا کی براہ راست کلاسیں بھی لے سکتے اور اگر چاہیں تو کلاسوں کی اس ایپ پر پہلے سے موجود ویڈیوز کے ذریعے بھی یوگا کو اپنے گھر کے کسی پرسکون کمرے میں بغیر کسی استاد یا ساتھی کی مدد سے بخوبی سیکھ سکتے ہیں۔اس ایپ کے ذریعے آپ اپنی یوگا کی مشقوں کو ریکارڈ بھی کر سکتے ہیں جسے آپ اپنے کمپیوٹر یا ٹی وی اسکرین سے منسلک کر کے بھی دیکھ سکتے ہیں۔یوگا کے شائقین کے لیئے یہ ایک انتہائی کارآمد موبائل ایپ قرار دی جاسکتی ہے۔

وزن گھٹائیں،انعام پائیں
http://bit.ly/2nkNL2T
جی ہاں! اس ڈائیٹ بیٹ(Diet Bet) نامی اسمارٹ فون ایپ میں دئیے گئے مختلف گیمز میں شرکت کریں اور کامیابی سے وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ انعامی رقم کے حقدار بھی قرار پائیں۔اس ایپ پر بے شمارآن لائن گیمز موجود ہیں جن میں دئیے گئے ٹاسک آپ آن لائن کمیونٹی کے ساتھ مقررہ وقت میں سب سے پہلے پورے کر کے انعامی رقم کے حقدار بن سکتے ہیں۔وزن کم کرنے کے حوالے سے ترغیب دینے والی یہ اپنی نوعیت کی انتہائی منفرد اسمارٹ فون ایپ ہے جو کافی عرصہ سے اسمارٹ فون کی دنیا میں اپنی کامیابی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہاں آپ اُن افراد کی دلچسپ سچی کہانیاں بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں جنہوں اس ایپ کے مختلف آن لائن گیمز میں شرکت کرکے اپنے بڑھتے ہوئے وزن کو کامیابی سے ساتھ کم کیا۔اس ایپ کو بنانے والوں کا دعوی ہے کہ اب تک ان کی بنائی گئی اس ایپ کی مدد سے90 مختلف ممالک کے 4 لاکھ سے زیادہ افراد مجموعی طور پر اپنا ۵ملین پاؤنڈ وزن کم کرکے 21 ملین ڈالرز کی خطیر انعامی رقم کے حقدار قرار پاچکے ہیں۔

ذہنی مسائل کا حل ایک کلک کی دوری پر
http://bit.ly/2DK5n38
جدید دور کا یہ ایک المیہ ہے کہ جیسے جیسے انسان ترقی و آسائش کی معرج پر پہنچتا جارہاہے ویسے ویسے اُس کا چین و سکون غارت ہوتا جارہا ہے۔زمانہ کی رفتار اور دوسروں سے مقابلہ کی دوڑ نے اُسے ان گنت ذہنی مسائل سے دوچار کردیا ہے۔جس کی وجہ سے اُس کی روز مرہ زندگی خطرہ کی زد پر آگئی ہے۔نت نئے خیالات کے سیلاب نے حضرت انسان کو مختلف ذہنی و نفسیاتی عوارض میں مبتلاء کر دیاہے۔افسوسناک بات تو یہ ہے بہت سے افراد کو تو اس بات کا علم بھی نہیں ہوتا کہ وہ مختلف ذہنی و نفسیاتی امراض کا شکار ہوچکے ہیں۔یہ اسمارٹ فون ایپ نہ صرف آپ کو اپنے ذہنی ونفسیاتی صورت حال سے درست طور پر باخبر کرتی ہے بلکہ ان عوارض سے نجات حاصل کرنے کے لیئے آپ کے لیئے مددگار بھی ثابت ہوتی ہے۔کام(Calm) نامی اس ایپ کو 2017کی سب سے بہترین طبی ایپ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔اس لیئے اگر اس ایپ سے درست معنوں میں استفادہ کرنے کے متمنی ہیں تو ایک بار اسے اپنے اسمارٹ میں ضرور ڈاؤنلوڈ کریں۔اُمید ہے کہ یہ آپ کی ذہنی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے میں انتہائی مؤثر و معاون ثابت ہوگی۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے ماہنامہ اُردو ڈائجسٹ لاہور مارچ 2018 کے شمارہ میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں