Bholari Air Base

بھولاری ائیر بیس کا قیام، ناقابلِ تسخیر دفاع کی ضمانت

کچھ عرصہ پہلے بھارت کے سابق ڈپٹی وزیراعظم اوربھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اہم ترین رہنما ایل کے ایڈوانی نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ”سندھ کے بغیر بھارت نامکمل ہے،بعض اوقات یہ سوچ کرمیں غمزدہ ہوجاتاہوں کہ کراچی اور سندھ بھارت کا حصہ نہیں ہیں۔سندھ وہ جگہ ہے جہاں میں پیدا ہوا تھا لیکن آج یہ بھارت کا حصہ نہیں ہے اور ہم اس کے ساتھ نہیں ہیں مگر مجھے پورایقین ہے کہ بہت جلد ہم سندھ کو بھار ت میں شامل کرکے اپنے اکھنڈ بھارت کے خواب کے ایک اور حصہ کو پورا کرلیں گے“۔اگر ایل کے ایڈوانی کے اس بیان کاخطے کے تیزی سے بدلتے ہوئے تزویراتی حالات کے تناظر میں جائزہ لیں تو باآسانی سمجھا جاسکتا ہے کہ ہمارا پڑوسی دشمن ملک بھارت ”صوبہ سندھ“ کو اپنے پیچیدہ سیاسی حالات و واقعات کی وجہ سے پراکسی وار کے لیئے اپنی دانست میں آسان ترین ہدف تصور کیئے ہوئے ہے۔

یہ مضمون بھی پڑھیئے: پاکستان اور روس کی مشترکہ فوجی مشق دروزبہ فائیو

قیام پاکستان سے لے کر اب تک بھارتی خفیہ اداروں کی طرف سے سندھ میں مسلسل مداخلت کے سینکڑوں چھوٹے بڑے واقعات اس بات کی واضح دلیل فراہم کرتے ہیں کہ ہمارا دشمن سندھ پر مسلسل اپنی بری نظر یں جمائے ہوئے ہے۔ لیکن شاید ہمارا دشمن اس بات سے قطعاًبے خبر ہے کہ اُس کے خفیہ و گھناؤنے عزائم سے ہمارے ملک کے دفاعی ادارے کسی بھی طور لاعلم نہیں ہیں۔ ہمارے دفاعی ادارے اپنے دشمن کی ہر معاندانہ رمز سے بخوبی آشنا ہیں اس لیئے ہمیشہ سے ہمارے تمام محافظ دفاعی اداروں کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ دشمن کی جارحیت کے کسی ممکنہ اقدام سے پہلے ہی اپنے مضبوط دفاع کا بندوبست کرلیا جائے۔اپنے اسی اُصول کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان ائیر فورس نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تاریخ ساز سنگ میل عبور کرتے ہوئے کراچی اور حیدرآباد کے قریب ضلع ٹھٹھہ کے نواحی علاقہ بھولاری میں پاک فضائیہ کے نئے آپریشنل بھولاری ایئر بیس کا باقاعدہ افتتاح کردیاگیاہے۔

بھولاری ائیر بیس کی اس اہم ترین افتتاحی تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت کئی اہم ترین افراد کو بھی معزز مہمانانِ گرامی کی حیثیت سے تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ بھولاری ائیر بیس کا افتتاح، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے انہیں زبر دست خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ بھی تھا کہ اُن کی قوم نے اپنے عظیم قائد کی اس بات کو ابھی تک حرزِ جاں بنایا ہوا ہے جو انہوں نے پاک فضائیہ کے اولین مقاصد کی بنیادیں طے کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے ارکا ن سے اپنے ایک خطاب میں کی تھی کہ”فضائی قوت کو ا یسا طاقتور بنائیں کہ جس کا کوئی ثانی نہ ہو“۔ بھولاری ائیر بیس بلاشبہ قا ئد اعظم کے افکار کے عین مطابق ہماری فضائی طاقت کے اظہار کابے مثل نشان ہے۔بھولاری ائیر بیس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی اور پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے نئے قائم شدہ ائیر بیس کا افتتاح کیا جبکہ دورانِ تقریب پاک فضائیہ کے چار ایف سولہ جہازوں نے تمام مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہنے کے لیئے استقبالیہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی کیا، اس موقع کو مزید یادگار بنانے کے لیے ہمارے فضائی شاہینوں کی طرف سے ایف سولہ جہاز وں کے انسانی عقل کو ورطہ حیرت میں ڈالنے والے انفرادی کرتب کے ایسے دلچسپ مظاہرے بھی پیش کیے گئے جنہیں دیکھ کر دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔

پا ک فضائیہ کے سربراہ نے شرکاء کے ہمراہ بھولاری ائیر بیس کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا جب کہ بھولاری ائیر بیس کے کمانڈر نے تمام شرکا ء کو بھولاری ائیر بیس کے ابتدائی ڈھانچے اور یہاں موجود مختلف دفاعی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات بھی فراہم کیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کا کہنا تھا کہ’’بلاشبہ، پاکستان ائیر فورس بیس بھولاری، پاک فضائیہ کے زمینی اور سمندری حدود کی دفاعی حکمت عملی اوراستعداد کار میں اضافے کے سلسلے میں اہم ترین پروجیکٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ پی اے ایف بیس بھولاری کا قیام سی پیک منصوبے کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرے گا،مادر وطن کے فضائی دفاع کے ساتھ ساتھ، پاکستان ائیر فورس بیس بھولاری، جدید ترین طبی سہولیات، معیاری تعلیم اور مقامی افراد کو روزگار فراہم کرتے ہوئے گردو نواح کے علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپورکردار ادا کرے گا“۔

دفاعی ماہرین کے مطابق کراچی کے شمال مشرق میں پاکستان ائیر فورس کی طرف سے قائم کی جانیوالا بھولاری ائیر بیس کو پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیت کی راہ میں بجا طور پر ایک اہم ترین سنگ میل قرار دیا جاسکتا ہے، کیونکہ یہ ائیر بیس نہ صرف سندھ اور قریبی ساحلی علاقوں کے فضائی دفاع کو مستحکم کرے گا بلکہ سی پیک کی تناظر میں بھولاری ائیر بیس مستقبل قریب میں بین الاقوامی سطح پر بھی ایک”ڈیپ اسٹریٹجک“ اہمیت کا حامل منصوبہ ثابت ہوسکتا ہے۔ بھولاری ائیر بیس سے پاک فضائیہ کو جہاں پاک فوج کے زمینی آپریشنز اور سمندر میں پاک بحریہ کو بحری آپریشنز کو نتیجہ خیز بنانے میں بروقت اور موثر مدد فراہم کرنے میں آسانی ہوگی وہیں سی پیک منصوبہ کو فضائی تحفظ اور لاجسٹک سپورٹ بھی بوقتِ ضرورت دی جاسکے گی۔ بھولاری ائیر بیس کے ان بیش بہا فوائد کو دیکھتے ہوئے بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ اس ائیر بیس کی تکمیل کے ساتھ ہی صوبہ سندھ دفاعی لحاظ سے اپنے ازلی دشمن بھارت کے لیئے مکمل طور پر ناقابلِ تسخیر محاذ بن چکا ہے۔جس پر یقینا سندھ کی عوام پاک فوج اور اُس کی دور اندیش قیادت کے تہہ دل سے شکر گزار و ممنون ہیں۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے ہفت روزہ ندائے ملت لاہور 04 جنوری 2018 کے شمارہ میں شائع ہوا

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں