To 10 Best Computer Software

دس بہترین سافٹ وئیرز۔۔۔

گزشتہ سال تیزی سے بدلتی دنیا میں کمپیوٹر کے میدان میں جو نت نئی تبدیلیاں آتی رہیں وہ بنی نوع انسان کے لیئے مفید ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی حیران کن بھی ہیں۔اسی طرف اشارہ کرتے ہوئے ہمارے قومی شاعر،حکیم الامت علامہ اقبال نے کئی دہائیوں پہلے ہی فرما دیا تھا کہ ”آنکھ جو کچھ دیکھتی ہے لب پہ آسکتا نہیں۔محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی“۔کمپیوٹر کے میدان میں ہونے والے انکشافات و ایجادات کا جتنا عمل دخل ہماری زندگی میں آ ج در آیاہے وہ بیان سے باہر ہے۔اسی بات کو محسوس کرتے ہوئے زیرنظر مضمون میں 2017 کے بہترین سافٹ وئیر ز اور ویب سائٹس میں سے انتہائی عرق ریزی سے کیاگیا چنیدہ انتخاب پیش کیا جارہا ہے اس اُمید کے ساتھ کہ اپنی سہولیات اور افادیت کی بناء پر یہ انتخاب آپ کی روزمرہ زندگی کو مزید سہل اور جدید خطوط پر استوار کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوگا۔

کلین ماسٹر 6(Clean Master 6)
www.cleanmasterofficial.com
فائل سائز: 20،ایم بی
ہم مسلمانوں کے نزدیک صفائی نصف ایمان ہے لیکن اگر کمپیوٹر کی کارکردگی کی بات کی جائے تو کہا جاسکتا ہے کہ کمپیوٹر کے لیئے ”صفائی نصف رفتار ہے“۔کمپیوٹر استعمال کرنے والے جو بھی استعمال کنندگان کمپیوٹر کی صفائی کا خیال رکھتے ہیں وہ کبھی کمپیوٹر کی کارکردگی کے حوالے سے شکایت کرتے دکھائی نہیں دیتے۔کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک،میموری اور رجسٹر ی سے غیرضروری مواد کی صفائی کے لیئے عموماً جو پروگرام استعمال کیئے جاتے ہیں انہیں ”سسٹم کلینر“ کہا جاتاہے۔یہ سسٹم کلینر کمپیوٹر میں موجود تمام غیر ضروری مواد اور کچرے کو صاف کرکے کمپیوٹر کی رفتار اور کارکردگی میں اضافہ کا باعث بنتے ہیں۔دنیا بھر میں ”سی سی کلینر“ اس حوالے سے سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سسٹم کلینر ہے۔سی سی کلینر کی افادیت سے ہمیں بھی انکار نہیں لیکن ہمارا دعوی ہے کہ ایک بار آپ ”کلین ماسٹر6“ کو اپنے کمپیوٹر میں صفائی کرنے کا موقع فراہم کریں پھر آپ بھی اسے ہماری طرح سی سی کلینر سے بہتر پائیں گے۔”کلین ماسٹر6“ کی خوبیاں اور خوبصورتی کو آپ سی سی کلینر کے مقابلے میں ایک قدم آگے پائیں گے۔”کلین ماسٹر 6“کا اینڈرائیڈ ورژن دنیا بھر میں انتہائی مقبول ہے جسے اب تک 900 ملین سے زائد بار ڈاؤنلوڈ کیا جاچکا ہے جس سے آپ اس کی قابلیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔”کلین ماسٹر 6“ کا تازہ ورژن بے شمار اضافی خوبیوں سے لیس ہے۔یہ پروگرام آپ کے کمپیوٹر میں غیرضروری خفیہ طور پر چلنے والے پروگراموں کو بھی روکتا ہے اور اگر آپ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو اُس پر بھی بڑی گہری نظر رکھتا اوراس کی وہ اضافی خوبی جو اسے دیگر تمام سسٹم کلینرز سے ممتاز بناتی ہے وہ یہ ہے کہ دنیائے انٹرنیٹ سے ایسی کوئی چیز آپ کے کمپیوٹر میں داخل ہونے نہیں دیتا جس کی وجہ سے آپ کے کمپیوٹر کی کارکردگی یا رفتار میں کسی طرح کی بھی کمی آئے۔اسے آپ بیک وقت اپنے کمپیوٹر اور اسمارٹ فون میں مفت میں ڈاؤنلوڈ کر کے انسٹا ل کرسکتے ہیں۔اپنی انہی دلفریب خوبیوں کی وجہ سے اسے 2017کا بہترین ”سسٹم کلینر“ کا کہاجاسکتا ہے۔

ایکس این ویو۔ایم پی (XnView MP)
http://bit.ly/2BE45lB
فائل سائز: 25،ایم بی
مسکرا مسکرا کر نہ دیکھو اسے۔جان پڑ جائے گی میری تصویر میں۔شاعر نے جو بات اس شعر میں کہی وہ حقیقت میں اُسی وقت ممکن ہوسکتی ہے جب آپ کی بنائی ہوئی تصویروں میں واقعی کچھ ”جان“ ہو۔اسمارٹ فونز اور ڈیجیٹل کیمروں کی بہتات نے ہمارے لیئے تصویریں بنا نا تو آسان بنا دیا ہے لیکن انہیں محفوظ کرنے کا مسئلہ آج بھی درپیش ہے گو کہ اس کے لیئے ایک سے بڑھ کر ایک ”امیج ویور“پروگرام موجود ہیں۔امیج ویور وہ پروگرام کہلاتے ہیں جن کے ذریعے تصاویر کو اُن کی اصل حالت اور ترتیب وار محفوظ کر کے رکھا جاتا ہے تاکہ بوقت ضرورت اپنی تصویروں کو خود بھی دیکھ سکیں اور دوسروں کوبھی دکھا سکیں۔امیج ویور کا انتخاب اتنا آسان نہیں آپ کا غلط انتخاب آپ کی تصاویر کے معیار پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔ان تمام باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم آپ سے 2017 کے سب سے بہترین امیج ویور ”ایکس این ویو۔ایم پی“ کو متعارف کروارہے ہیں۔یہ دوسرے تمام امیج ویوورپروگرامز کے مقابلے میں انتہائی سادہ، ہلکا اور غیر معمولی سہولیات کا حامل پروگرام ہے۔”ایکس این ویو۔ایم پی“500 سے زائد امیج فارمیٹ کی تصاویر دکھانے اور محفوظ رکھنے کی سہولت مہیا کرتا ہے۔اس کے ذریعے آپ اپنی تصاویر اسکین اور پرنٹ بھی کرسکتے ہیں۔جبکہ تصاویر کے اسکرین شاٹس مع تفصیلی معلومات جتنے اچھے اس پروگرام میں دیکھے جا سکتے ہیں کسی دوسرے پروگرام میں اس کا عشر عشیر بھی ممکن نہیں۔ایک تصویر کو مختلف زاویوں سے دکھانا اس کی اضافی خوبی ہے۔”ایکس این ویر۔ایم پی“ 2018 میں اپنی بیسویں سالگرہ منا رہا ہے۔جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس میدان میں یہ نیا نہیں ہے۔اس لیئے آپ اس پر آنکھ بند کر اعتماد کرسکتے ہیں۔

اے وی جی فری بیٹا(AVG Free Beta)
http://bit.ly/2BwQL1g
فائل سائز: 4،ایم بی
ایک زمانہ وہ بھی تھا کہ جب گھر سے کوئی فرد کسی طویل سفر کے لیئے نکلتا تھا تو اُس کے پیارے،اُسکے بازو پر امام ضامن باندھ دیتے تھے تاکہ حفاظت کا کچھ تو بندوبست ہوسکے۔اب نہ وہ زمانہ اور نہ خیال رکھنے والے وہ خوش عقیدہ لوگ۔لیکن سفر ہمیں درپیش ہے دنیا بھر کا۔یعنی انٹرنیٹ پر دنیا کے قریہ قریہ،نگرنگر کی سیر کرنے والوں کو آخر اپنی حفاظت کا کچھ تو بندوبست کرنا چاہئیے کیونکہ دنیائے انٹرنیٹ پر ایک سے بڑھ کر ایک دشمنِ جان یعنی ہیکر موجود ہے جو ”رینسم وئیر“وائرس کے ذریعے آپ کو کنگال اور ”بلیووہیل گیم“ کے ذریعے آ پ کی جان تک بھی لے سکتا ہے۔مگر آپ گھبرائیں نہیں ہم آپ کو 2017میں راج کرنے والا ایک ایسا اینٹی وائرس بتاتے ہیں جسے انسٹال کرنے کے بعد آپ کا کمپیوٹر اور اسے استعمال کرنے والے آپ کے تمام پیارے ہمیشہ ہمیشہ کے لیئے محفوظ و مامون ہوجائیں گے۔اس امام ضامن ٹائپ اینٹی وائرس پروگرام کا نام ”اے وی جی فری بیٹا“ ہے۔اے وی جی دنیا کی سب سے مشہور ترین سیکورٹی سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی ہے۔یوں تو اس کمپنی کے بنائے گئے اور بھی بے شمار اینٹی وائرس سافٹ وئیر اپنے صارفین سے مقبولیت کی سند حاصل کرچکے ہیں لیکن ”اے وی جی فری بیٹا“ بطور خاص آن لائن ہیکرز حملوں،رینسم وئیر،سپائی ویئر ز سے تحفظ کے لیئے بنایا گیا۔یہ استعمال میں انتہائی سادہ اور تحفظ میں بے مثال ہے۔یہ آپ کے کمپیوٹر کو متاثرہ ای میلز،اٹیچمنٹ فائلوں،ڈاؤنلوڈ اور آلودہ ویب سائیٹ سے مکمل تحفظ فراہم کرے گا۔آزمائش شرط ہے۔

زوم پلئیر14 بیٹا(Zoom Player 14 Beta)
http://bit.ly/2kiG7Ir
فائل سائز:92،ایم بی
کمپیوٹر پر فلمیں،کارٹون،ڈرامے یا گانے دیکھنے یا سننے میں اُس وقت بڑی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب آپ کی کچھ میڈیا فائلیں آپ کے انسٹال کیئے ہوئے میڈیا پلیئر پرچلنے سے انکار کردیتی ہیں۔جس کے لیئے پھر آپ کو اپنے کمپیوٹر میں ایک سا زائد میڈیا پلئیر انسٹال کر کے رکھنا پڑتے ہیں۔ یوں پھر کسی پلئیر پر آپ ایم پی تھری ویڈیو دیکھتے ہیں،کسی پر ڈی وی ڈی فلمیں دیکھتیں ہیں،کسی پر ایم پی فور کارٹون دیکھتے ہیں اور کسی پر ایمپیگ ڈرامے چلاتے ہیں۔آپ سوچتے ہوں گے کہ کیا کوئی ایسا ویڈیو پلئیر آپ کو مل سکتا ہے جو ہر قسم کی ویڈیو فائلیں چلاسکے۔آپ کا انتظار ختم ہوا ”زوم پلئیر 14 بیٹا“ ایک ایسا ہی ویڈیو پلئیر ہے جو ہر قسم کی ویڈیو اور آڈیو فائلیں چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔”زوم پلئیر 14 بیٹا“ کے ذریعے آپ اپنی ویڈیو فائلوں آگنائز اور بک مارک بھی کرسکتے ہیں جبکہ یہ آپ کو ویڈیو دیکھنے کے ایک سے زائد مختلف موڈ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے یعنی اب آپ کی مرضی ہے کہ آپ اپنے پسندیدہ ڈرامے”تھیٹر موڈ“ میں دیکھنے چاہتے ہیں یا”ہوم موڈ“میں۔اس ویڈیو پلئیر کے ذریعے آپ اپنی ویڈیو کی آواز اور ڈسپلے میں حسبِ منشا تبدیلی بھی کرسکتے ہیں۔ہے نا! ایک ”آل اِن ون“ ویڈیو پلئیر۔

ٹیم ویور13(Team Viewer 13)
http://bit.ly/2zZ76j0
فائل سائز: 81،ایم بی
”ٹیم ویور13“ایک سادہ،تیزاور محفوظ ترین کمپیوٹرکنٹرول کرنے والاسافٹ وئیر ہے جس کی مدد سے آپ دنیا بھر میں موجود کسی بھی کمپیوٹر کوچند سیکنڈز میں اپنے کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرکے بالکل ویسے ہی اُس میں بھی تما م اُمور انجام دے سکتے ہیں جیسے آپ اپنے کمپیوٹر میں انجام دیتے ہیں۔یہ سافٹ وئیر اُس وقت بہت زیادہ فائدہ مند ہوسکتا کہ آپ اپنے دفتر میں موجود ہیں اور آپ کے گھر میں رکھا ہوا کمپیوٹر خراب ہوگیا لیکن گھر میں موجود کسی شخص کو کمپیوٹر کی اُن مبادیات کا علم نہیں جن کی مدد سے وہ کمپیوٹر ٹھیک کر کے اپنا ضروری کام کرسکے۔اس سافٹ وئیر کی مدد سے آپ اپنے اُس کمپیوٹر سے منسلک ہوکہ نہ صرف اُسے درست کرسکتے ہیں بلکہ اگر چاہیں تو اُس کمپیوٹر میں موجود فائلوں کو اپنے آفس والے کمپیوٹر میں کاپی بھی کرسکتے ہیں۔”ٹیم ویور13“ آپ کو کسی بھی کمپیوٹر پر مکمل کنٹرول فراہم کرتا ہے اور اگر آپ چاہیں تو اس کے ذریعے آپ اپنے کمپیوٹر کو کسی دوسرے شخص کے کنٹرول میں بھی دے سکتے ہیں۔بس ایک بات کا خیال رہے کہ کسی انجان شخص کو ”ٹیم ویور13“ کے ذریعے اپنے کمپیوٹر پر کنٹرول کی دعوت مت دیں کیونکہ ہوسکتاہے کہ وہ آپ کے کمپیوٹر کو غلط استعمال میں لائے اور آپ کو خبر بھی نہ ہو۔اس لیئے جس شخص پر آپ کو مکمل اعتماد اور بھروسہ ہو صرف اُسے ہی ”ٹیم ویور13“ میں اپنے کمپیوٹر کا بنایا گیا یوزر نیم اور پاسورڈ دیں۔

براؤ ویب براؤزر(Brave Web Browser)
www.brave.com
فائل سائز: 511،ایم بی
بلاشبہ دنیا بھر میں زیادہ تر افراد انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیئے گوگل کا ”کروم براؤزر“ یا پھر موزیلا کا مشہورِ زمانہ”فائر فاکس ویب براؤزر“ استعمال کرتے ہیں۔لیکن 2017 میں ایک ویب براؤز اور بھی دنیائے انٹرنیٹ کے فلک پر ستارا بن کر اُبھرا ہے جس نے اپنی خوبیوں اور خوبصورتی سے بڑے بڑے براؤزر کو مات دے دی ہے۔اس براؤزر کا نام براؤ ہے۔”براؤ“نامی یہ ویب براؤزر موزیلا فائر فاکس کے سابق سی ای او،برینڈن ایرچ (Brendan Eich)کے ذہن رسا کی تخلیق ہے۔برینڈن ایرچ نے موزیلا سے علحیدگی اختیار کرنے کے بعد ایک ایسا ویب براؤز بنانے کا تہیہ کیا، جو اشتہارات سے پاک اور ہیکر ز کی دسترس سے مکمل محفوظ ہو اورجو اپنی خدمات فراہم کرنے کی بناء پر موزیلا فائرفاکس کو بھی پچھاڑ سکے۔آخر اُس کی یہ محنت رنگ لائی اُس نے ”براؤ“ کی صورت میں ایک انتہائی خوبصورت اور بے پناہ خوبیوں سے مزین ویب براؤزر صارفین کے استعمال کے لیئے پیش کردیا۔’’براؤ“ نے 2017میں اپنے استعمال کنندگان سے خوب داد سمیٹی۔ماہرین اسے مستقبل کا ویب براؤزر بھی قرار دے رہے ہیں اگر آپ نے ابھی تک اسے استعمال نہیں کیا تو کوئی بات نہیں، ابھی بھی دیر نہیں ہوئی جلد ی اسے انسٹال کریں اور ایک محفوظ ترین ویب براؤزر کے مزے اُڑائیں۔

فاکس اِٹ ریڈر 9(FoxIt Reader 9)
http://bit.ly/2khz9Dy
فائل سائز: 15،ایم بی
انٹرنیٹ پر کتابیں ہوں یا رسالے زیادہ تر پی ڈی ایف فارمیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں۔جنہیں پڑھنے کے لیئے پی ڈی ایف ریڈر کی ضرورت ہوتی ہے۔اس دقت دنیا بھر زیادہ تر افراد”ایڈوبی پی ڈی ایف ریڈر“ ہی استعمال کرتے ہیں لیکن اس پروگرام میں سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ یہ ایک بھاری بھرکم پروگرام ہے۔ یہ آپ کے کمپیوٹر کو سست بھی کر دیتا ہے جس کی وجہ سے کمپیوٹر پر کتابیں اور رسائل کا مطالعہ کرنے میں آپ کو مسائل کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔اس کے مقابلے میں فاکس اِٹ ریڈر 9“ انتہائی ہلکا پھلکا،استعمال میں آسان ہونے کے ساتھ ساتھ اور بھی بے شمار اضافی خوبیوں کا حامل پروگرام ہے۔اس کے ذریعے آپ پی ڈی ایف فائل میں من چاہا ردوبدل بھی کر سکتے ہیں جبکہ بک مارک اور ٹیکسٹ ہائی لائیٹ کرنے کی اضافی سہولت اس میں مزید چار چاند لگا دیتی ہے۔اس لیئے آپ ایک بار اس میں کتابیں پڑھ کر دیکھیں۔آپ بھی اس کی سہل پسند کی کے قائل ہوجائیں گے۔

ایف بیک اَپ 7(FBackup 7)
www.fbackup.com
فائل سائز: 98،ایم بی
کمپیوٹر استعمال کرنے والے تمام افراد اپنے اہم ترین ڈیٹا کو محفوظ کرنے کی افادیت سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں اور اس کے لیئے وہ مختلف قسم کے ڈیٹا بیک اَپ پروگرام اپنے کمپیوٹر میں پہلے ہی سی انسٹال کر کے رکھتے ہیں تاکہ وقتا فوقتا اپنے اہم ترین دیٹا کا بیک اَپ بناتے رہیں۔لیکن اگر آپ کو اس کام کے لیئے ایک انتہائی طاقت ور پروگرام کی ضرورت ہے تو اس کے حصول میں ہم آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔گھبرائیے نہیں یہ پروگرام ہم آپ کو قیمتاً نہیں بلکہ بالکل مفت میں دیں گے۔جی ہاں!”ایف بیک اَپ 7“مفت میں دستیاب ڈیٹا بیک اَپ بنانے کا سب سے طاقتور اور ملٹی پرپرز پروگرام ہے۔”ایف بیک اَپ ۷“ سے آپ اپنے اہم ترین ڈیٹا بیک صرف اپنی ہارڈ ڈسک اور یوایس بی پر ہی نہیں بناسکتے بلکہ یہ آپ کو دنیا کی تقریباًہر ایک معروف کلاؤڈ اسٹوریج سروس پر بھی ڈیٹا محفوظ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ڈیٹا کا بیک اَپ بنانے میں اس پروگرام کی رفتار بے مثال ہے اگر آپ اسے ایک بار استعمال کریں گے تو آپ بھی ہماری طرح اس کے گرویدہ ہوجائیں گے۔

واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ (WhatsApp Desktop)
http://bit.ly/2At8Pu3
فائل سائز: 64،ایم بی
کیا آپ اپنے اسمارٹ فون پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں؟ہم جانتے ہیں کہ آپ کا جواب ہاں! میں ہی ہوگا۔لیکن کیا آپ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو اپنے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر بھی استعمال کرتے ہیں؟ اس کا جواب زیادہ تر قارئین انکار میں ہی دیں گے۔حالانکہ آپ اپنا واٹس اَپ اکاؤنٹ کمپیوٹر پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ جی ہاں! اب یہ ممکن ہے۔آپ دیئے گئے آفیشل واٹس ایپ ویب سائیٹ لنک سے واٹس اَپ کا ”پی سی ورژن“ڈاؤنلوڈ کرکے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر لیں۔اس پروگرام کے انسٹال ہونے کے بعد آپ کے کمپیوٹر اسکرین پر وہ آپ سے ”کیوآر“ اسکین کی درخواست کرے گا،اب اپنے اسمارٹ فون کی واٹس ایپ اکاؤنٹس کی سیٹنگ میں جاکر ”کیو آر“ اپنے کمپیوٹر اسکرین سے اسکین کرلیں۔چند سیکنڈ ز میں آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ آپ کی کمپیوٹر اسکرین پر بھی نمودار ہوجائے۔لیجیے! اب آپ اپنے کمپیوٹر پر بھی واٹس ایپ بالکل ویسے ہی استعمال کرسکتے ہیں جیسے آپ اپنے اسمارٹ فون کر تے ہیں۔

ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری 11(HD Video Converter Factory 11)
http://bit.ly/2APMIBd
فائل سائز: 47،ایم بی
”ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری 11“ نے 2017 میں ثابت کیا ہے۔ویڈیو کنورٹر ز کے میدان میں دنیائے انٹرنیٹ میں دور دور تک اس کا کوئی بھی مدمقابل نہیں اور یہ بات ہم نہیں کہتے بلکہ دنیا بھر میں مفت سافٹ وئیر فراہم کرنے والی پانچ سب سے بڑی کمپنیاں کہتی ہیں۔ماہرین کا خیال ہے ”ایچ ڈی ویڈیو کنورٹر فیکٹری 11“ جو کچھ اپنے صارفین کو مفت میں فراہم کرتا ہے وہ بڑی بڑی ویڈیو کنورٹر سافٹ وئیر کمپنیاں پیسے لے کر بھی وہ سہولیات یا خدمات اپنے استعمال کنندگان کو فراہم نہیں کرتیں۔حقیقت یہ ہے کہ یہ سافٹ وئیر بھی 2017سے پہلے اپنی خدمات منہ مانگی رقم کے عوض ہی فراہم کرتا تھا لیکن نہ جانے اس کمپنی کی انتظامیہ کے من میں کیا سمائی کہ انہوں نے گزشتہ سال اس سافٹ وئیر کو بالکل مفت کردیا۔تفصیل میں جائے بغیر ہم تو آپ کو صرف یہ ہی مشورہ دیں گے کہ آپ جلد از جلد اس سافٹ ویئر کو ڈاؤنلوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر لیں۔خدا جانے اس کمپنی کی انتظامیہ کب دوبارہ اس بے مثال سافٹ وئیر کو قیمتاً فروخت کرنا شروع کردے۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے ماہنامہ اُردو ڈائجسٹ لاہور فروری 2018 کے شمارے میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں