ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن

صحافتی مسائل: ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور فورتھ پلرانٹرنیشنل کا مشترکہ جدوجہد پر اتفاق

وائی جے اے کے وفد کی صدر فورتھ پلر فاروق مرزا سے ملاقات ، صحافتی برادری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال

فورتھ پلر انٹرنیشنل نے نوجوان صحافیو ں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی پیش کش کردی،وائی جے اے کا خیر مقدم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صحافیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے عالمی صحافتی تنظیم فورتھ پلر ویجلینٹ میڈیا واچ ڈاگ اور ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کرلیا ۔ دونوں تنظیمیں صحافتی مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل کے تحت آواز بلند کرینگی ۔ پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے ایک دوسرے سے تعاون کیا جائے گا جب کہ دونوں تنظیموں نے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بل کے حوالے سے بھی مشترکہ موقف و لائحہ عمل اختیارکرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز” ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن ” کی کورکمیٹی نے” فورتھ پلر ویجیلنٹ میڈیا واچ ڈاگ” کے مرکزی صدر فاروق مرزا کی خصوصی دعوت پر ان سے ملاقات کی ۔ وفد میں وائی جے اے کے صدر یوسف خان ، سیکرٹری جنرل ملک زبیر اعوان ،سنئیر نائب صدر طاہرمحمود اعوان ،جوائنٹ سیکرٹری شمع راجپوت ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد شکیل جب کہ فورتھ پلر کے نمائندہ وفد میں مرکزی صدر کے علاوہ سیکرٹری جنرل مظہراقبال ، کوآرڈی نیٹر پولیٹکل افیئرز نورین سیال شامل تھیں ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر فورتھ پلر فاروق مرزا نے ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی نوجوان صحافیوں کے لئے کاوشوں کو سراہا اور پیشہ ورانہ امور میں تربیت کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ انھوں نے بتایا کہ فورتھ پلر اور پنجاب یونیورسٹی کے درمیان عنقریب پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے ایک معاہدہ کرنے جارہے ہیں جس میں ورکنگ جرنلسٹ کے لئے مختلف کورسز متعاوف کرائیں گے ،کورس مکمل کرنے والے صحافیوں کو پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے سند دی جائے گی ۔ فاروق مرزا نے کہا کہ ان کورس کے لئے نوجوان صحافی پہلی ترجیح ہونگے ۔ ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی مشاورت سے نوجوان صحافیوں کو مواقع فراہم کرینگے جس کے لئے وائی جے اے اور فورتھ پلر ایک باقاعدہ ایم او یو سائن کرینگے ۔ سیکرٹری جنرل مظہر اقبال نے گفتگو میں کہا کہ ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نوجوان ورکنگ جرنلسٹس کا ایک بڑا فورم ہے ۔ مستقبل میں صحافتی مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرینگے ، میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بل سمیت دیگر امور پر مشاورت کے لئے جلد مختلف صحافتی تنظیموں کی ایک مشترکہ ورکنگ کونسل قائم کی جائے گی ۔

ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن
ینگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا صدر فورتھ پلر فاروق مرزا سے ملاقات کے بعد گروپ فوٹو

ینگ جنرنلسٹ ایسوی ایشن کی جانب سے یوسف خان ،زبیر اعوان اور طاہر محمود اعوان نے پیشہ ورانہ کورسز کے لئے تعاون کی پیش کش پر بانی فورتھ پلر فاروق مرزا اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔ وائی جے اے نے انہیں یقین دلایا کہ ورکنگ جرنلسٹس کی بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے ہر قدم کی بھرپور حمایت کرینگے جب کہ مختلف حل طلب مسائل پر بھی مشترکہ لائحہ عمل کے تحت جدوجہد کی جائے گی ۔

راؤ محمد شاہد اقبال
Latest posts by راؤ محمد شاہد اقبال (see all)

اپنا تبصرہ بھیجیں