Insight Social Media

سوشل میڈیا رابطوں کے سلسلے فکرِ جہاں پر چھا گئے

 دو ہزارسترہ نے پوری پاکستانی قوم کو ایک بات تو اچھی طرح باور کرادی کہ ”سوشل میڈیا“ سے زیادہ آج کے دور میں کوئی طاقت ور نہیں رہا۔ 29 اپریل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ”Rejected“ کے ٹویٹ نے حکومتی ایوانوں کی چولیں ہلا کر رکھ دیں۔گو کہ بعد ازاں یہ ٹویٹ واپس لے لیا گیا لیکن اس ٹویٹ نے ”ٹویٹر“ سے مٹتے مٹتے اپنے پیچھے وہ نشان ثبت کردیے جو مدتوں چاہ کر بھی کسی سے مٹائے نہ جاسکیں گے۔یہ ٹویٹ صرف 2017 کا ہی نہیں بلکہ شاید پاکستان میں ”ٹویٹر کی اب تک کی تاریخ“ کا سب سے ٹاپ ٹرینڈ تھا۔دوسری جانب اکتوبر کے مہینے میں دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کی جانب سے ٹویٹر اور فیس بک پر کی گئی ایک پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا نیا پنڈرو بکس کھل گیاکہ فیس بک پر فرینڈ ریکویسٹ بھیجنا کسی کو ہراساں کرنے کے زمرے میں آتا ہے یانہیں۔شرمین عبید چنائے کے مطابق ان کی بہن ہسپتال میں اپنے طبی معائنے کے لیئے گئیں تھیں جہاں ان کے ڈاکٹر نے بعد میں فیس بک دوست بننے کی ریکویسٹ بھیج دی۔مذکورہ ڈاکٹر کو شرمین عبید چنائے کی یہ پوسٹ اتنی بھاری پڑی کے اُسے اسپتال کی انتظامیہ کی طرف سے نوکری سے برخاست کردیا۔اس واقعہ نے پہلی بار سوشل میڈیا صارفین کے لیئے اخلاقی ضابطہ کار بنانے یا نہ بنانے کی بحث کا راستہ بھی کھول دیا۔
دو ہزار سترہ میں سوشل میڈیا نے اپنی مقبولیت کی انتہائی حدوں کو چھولیا اس سال مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے بھی تجاوز کرگئی یعنی دنیا میں ہر تیسرا فرد کسی نہ کسی صورت میں فیس بُک استعمال کررہا ہے۔جب کہ ان میں سے ایک ارب 30 کروڑ صارفین وہ ہیں جو ہر روز کم از کم ایک مرتبہ فیس بُک ضرور استعمال کرتے ہیں۔2017ء کی صرف ایک سہ ماہی میں فیس بُک نے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر منافع کمایا جو پچھلے سال کی ایک سہ ماہی کے مقابلے میں 76 فیصد زیادہ بتایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ2017 ء میں ا یشیاء فیس بک استعمال کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا خطہ بن گیا اور یہ فیس بک کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ گزشتہ 2 سال میں ایشیاء میں فیس بک کے صارفین میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ کسی بھی خطے میں موجود فیس بک کے صارفین کی تعداد میں تیز ترین اضافہ ہے جب کہ ایشیاء میں فیس بک کی آمدن میں بھی 15 مہینوں میں دُگنا اضافہ ہوا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فیس بک کے اثاثوں کی مالیت2017 ء میں پہلی بار 500 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔اس سے قبل صرف تین کمپنیاں ایسی تھیں جنہیں 500 ارب ڈالر سے زائد اثاثے رکھنے کا اعزاز حاصل تھا ان میں 798 ارب ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر ایپل، گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ 667 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور 571 ارب ڈالر کے ساتھ مائیکروسافٹ تیسرے نمبر پر تھی۔

 دوہزار سترہ میں فیس بک بھی ”صادق اور امین“ نہیں رہی
یورپین یونین میں مسابقتی امور کی نگرانی کرنے والے ذیلی ادارے ”یورپین کمیشن“ نے مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک کو حکم دیا ہے کہ”غلط بیانی کے جرم کا مرتکب ہونے کی بناء پر“ وہ جرمانے کی مد میں 11 کروڑ یورو (12 کروڑ 20 لاکھ ڈالر) ادا کرے کیونکہ اس نے 2014 میں واٹس ایپ کو خریدتے وقت یورپین کمیشن سے کہا تھا کہ واٹس ایپ اور فیس بک کو آپس میں مربوط کرنا تکنیکی طور پر ممکن نہیں جبکہ مستقبل میں بھی ایسا کچھ نہیں کیا جائے گا لیکن اگست2016 ء میں ایک نئے فیچر کے ذریعے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو فیس بک سے منسلک کردیا گیا۔یہ فیچر متعارف ہونے کے فوراً بعد یورپین کمیشن نے فیس بُک کے خلاف”غلط بیانی“ کرنے پر کارروائی شروع کردی۔تحقیقات کے بعد2017 ء میں یہ ثابت ہوگیا کہ فیس بک ”صادق اور امین“ نہیں ہے۔ اس بری خبر کے باوجود بھی2017 ء فیس بک اپنے صارفین کے لیئے ایک بڑی خوشخبری لے کر آیا، فیس بک نے صارفین کے اکاؤنٹ مزید محفوظ بنانے کے لیے ایک یوایس بی جیسی“چابی“ متعارف کروادی۔یوایس بی پورٹ میں لگنے والی یہ ”کی لاگ“ معلومات کی تصدیق کرکے پاس ورڈ کے ساتھ فیس بک کھولتی ہے۔ فیس بک کا دعویٰ ہے کہ اس ”جادوئی چابی“ کا استعمال ہیکرز تک آپ کے اکاؤنٹ کی رسائی ناممکن بنادیتا ہے۔ اس ”کی“ کو آن لائن خریدا جاسکتا ہے جس کی قیمت 21 ڈالر یعنی پاکستانی 2100 روپے کے برابر ہے۔اس کے علاوہ 2017 ء میں فیس بُک نے ایک اور اعلان کرکے اپنے صارفین کو حیران کردیا ہے کہ وہ ایک ایسے منصوبہ پر کام کررہی ہے جن کی بدولت انسان جلد ہی اپنے دماغ کے ذریعے براہِ راست لکھ سکیں گے اور اپنی کھال کے ذریعے سن سکیں گے۔اان منفرد منصوبہ پر فیس بک کی تجربہ گاہ ”بلڈنگ 8“ میں کام ہورہا ہے۔ دماغ کے ذریعے براہِ راست لکھنے والی اس ٹیکنالوجی کے حاصل کرنے کا مقصد ایسے کم خرچ اور حساس آلات تیار کرنا ہے جنہیں ہیلمٹ، ہیئر بینڈ یا چشمے کی طرح سر پر پہنا جاسکے گا اور وہ دماغ میں گفتگو سے متعلق حصوں میں سرگرمی بڑی تیزی سے نوٹ کرتے رہیں گے۔ انہیں پہننے والا شخص جیسے ہی کچھ لکھنے کے بارے میں سوچے گا یہ آلات بڑی تیزی سے اس سوچ کو پڑھیں گے اور الفاظ میں تبدیل کرکے اس کے سامنے موجود اسکرین پر ظاہر کردیں گے۔
2017 ء میں واٹس ایپ نے اپنی آٹھویں سالگرہ منائی اور اس موقع پر صارفین کو ایک نئے فیچر کا تحفہ دیا جس کا نام ”اسٹیٹس“ ہے۔واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کے تحت صارفین اپنے دوستوں کے لیے تصاویر، ویڈیوز، ایموجیز، ڈرائنگز اور کمنٹس وغیرہ پر مشتمل پوسٹیں شیئر کرواسکتے ہیں جو 24 گھنٹے بعد خودبخود ڈیلیٹ ہوجایا کریں گی۔اس سے پہلے تک واٹس ایپ کے ذریعے انفرادی یا گروپ ڈسکشن ہی ممکن تھی جبکہ اس میں فیس بُک یا انسٹاگرام کی طرح وسیع تر حلقہ احباب کیلیے پوسٹیں شیئر کرانے کی سہولت موجود نہیں تھی لیکن اب ”اسٹیٹس“ کے اضافے سے واٹس ایپ بھی دوسری سوشل میڈیا ایپس کے قریب تر ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ 2017 ء میں ”واٹس ایپ“ نے اپنے صارفین کے لیے ”لائیو لوکیشن شیئرنگ“ یعنی آپ جس مقام پر موجود ہیں اس کی براہ راست معلومات اپنے کسی دوست یا گروپ کے ساتھ شیئر کرنے کا فیچر بھی لانچ کردیا۔ اس فیچر کی مدد سے واٹس ایپ صارفین اس قابل ہوگئے ہیں کہ وہ اپنی رابطوں کی فہرست میں شامل کسی دوست یا گروپ کے ساتھ اپنی موجودگی کے مقام کی معلومات کا تبادلہ کرسکیں۔

 دو ہزار سترہ جاتے جاتے ٹویٹر کو جوان کر گیا
آخر کار ٹویٹر نے اپنے بچپنے سے نکل کر جوانی کی دہلیز میں قد م رکھ ہی دیا۔سال 2017 ء سے پہلے ٹویٹر ایک ٹویٹ میں صرف 140 حروف کی حد فراہم کرتا تھاجس سے اس کے صارفین کو اپنا مافی الضمیر بیان کرتے ہوئے خاصی مشکل پیش آتی تھی اور یوں ٹویٹر کو سنجیدہ سماجی فورم ہونے کے باوجود فیس بک اور انسٹا گرام کے مقابلے میں ”بچہ“سمجھا جاتا تھا۔لیکن آخر کار ہمارا ٹویٹر جوان ہو ہی گیا اور اس نے میسجنگ پلیٹ فارم میں ایک بڑی تبدیلی کرتے ہوئے حروف کی سابقہ گنجائش 140 حروف سے بڑھا کر 280 کردی۔ اب ٹویٹر صارفین کو پیغام رسانی اور اظہارِ خیال کیلیے پوری بات کرنے کا موقع مل گیا۔اس کے علاوہ سال 2017 ء میں ٹوئٹر نے اپنے صارفین کیلیے اکاؤنٹ پر ایک نیا بک مارک فیچر پیش کیا۔ جس کے تحت وہ ٹویٹس کو بک مارک کرکے ذاتی طور پر انہیں دیکھ سکیں گے۔ اس آپشن کو ’سیو دی لیٹر‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں خاص ٹویٹس کو بک مارک کرکے لائک اور ری ٹویٹ کرنے میں سہولت حاصل ہوگی۔ دوسری جانب2017 ء میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ٹویٹرپرکروڑوں اکاؤنٹس انسان کے بجائے سافٹ ویئرچلارہے ہیں۔کمپیوٹر اور سوشل میڈیا کے ماہرین کے مطابق اگر کوئی آپ کی ٹویٹ، لائک یا شیئر کرتا ہے تو ضروری نہیں وہ انسان ہو بلکہ وہ کوئی کمپیوٹر پروگرام بھی ہوسکتا ہے جسے ”ٹویٹربوٹ“ وغیرہ۔اس سے قبل ٹویٹر کمپنی نے اس بات سے انکاری تھی لیکن اب2017 ء میں ٹویٹر نے اقرار کرلیاہے کہ اس کے 319 ملین میں سے 4 کروڑ 80 لاکھ صارفین روبوٹ پر مشتمل ہیں۔ جو معلومات کو آگے بھیجنے، ری ٹویٹ کرنے اور دیگر امور انجام دینے کا کام کرتے ہیں۔اس خبر نے ٹویٹر انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیاہے اب مختلف ملکوں کی جانب سے ٹویٹر انتظامیہ پر یہ دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ فی الفور ایسے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرے۔

اسنیپ چیٹ اور انسٹا گرام بھی اب پہلے جیسا نہیں رہے
2017 ء میں اسنیپ چیٹ نے ورلڈ لینسس کے ذریعے اپنے مشہور فیس فلٹرز میں جدید آپشن پیش کیے ہیں جن کے تحت اب تصاویر کو آگمینٹیڈ ریئلٹی سے سجایا جاسکتا ہے۔اسنیپ چیٹ کے اس نئے آپشن میں جب پچھلا کیمرہ استعمال کرتے ہوئے اسکرین تھپتھپائی جائے تو نئے تھری ڈی لینسس کا آپشن کھل جاتا ہے جس میں بادل، پھول اور دیگر آپشن ظاہر ہوتے ہیں۔ جیسے ہی آپ اس شے کو تصویر یا ویڈیو میں رکھتے ہیں وہ ازخود اس منظر کا حصہ بن جاتی ہے اور یوں لگتا ہے کہ جیسے وہ اس جگہ شروع سے ہی موجود ہے۔ دوسری جانب انسٹاگرام بھی جدت کی اس دوڑ میں کہاں پیچھے رہنے والا تھا سال 2017 ء انسٹاگرام کے لیئے بھی تبدیلی کا سال ثابت ہوا اور اس نے بھی ایک نیا فیچر جاری کردیا۔ جس کے ذریعے صارفین ایک ہی پوسٹ میں 10 تصویریں اور ویڈیوز ایک ساتھ شیئر کرسکتے ہیں۔گو کہ انسٹاگرام پوسٹ میں زیادہ تصویروں اور ویڈیوز کا فیچر پہلے سے موجود تھا لیکن اب تک یہ سہولت صرف اشتہاری کمپنیوں کیلیے دستیاب تھی لیکن اب اس سہولت سے عام صارفین بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

ٹاپ ٹرینڈز
دو ہزار سترہ میں پاکستان میں ہونے ہر اہم واقعہ کا سوشل میڈیا پر خوب چرچا رہا بطور خاص سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ ہیش ٹیگ #PanamaVerdict کے ساتھ دنیا بھر میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اس فیصلہ کے حوالے سے پاکستان قوم کی بے چینی اور بے صبری کا عالم یہ تھا کہ اس ہیش ٹیگ کے ساتھ ہرسیکنڈ میں 20 ٹویٹس کی جارہی تھیں۔ماہِ جون میں پاکستان کی جیت کے ساتھ ہی چیمئنز ٹرافی فائنل سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔سوشل میڈیا صارفین پاکستان کے پرچم کے ساتھ مبارکباد کے پیغامات ایک دوسرے کو بھیجتے رہے حیران کن طور پر پاکستان کی جیت کا ہیش ٹیگ انڈیا میں بھی ٹاپ ٹرینڈ کی صف میں شامل رہا۔ان ریکارڈ بریکنگ ٹرینڈز کے علاوہ جن اہم ترین واقعات کے ٹرینڈ 2017 ء میں ٹاپ ٹین رہے اُن میں پہلے نمبر پر ہیش ٹیگ ”پھٹیچر“ رہا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیانات عموماًجلتی پر تیل کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو ”پھٹیچر“ کہہ دیا۔بس اُن کا بیان سامنے آنے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا پر بھی طوفان کھڑا ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھے ”پھٹیچر“سوشل میڈیا میں ٹاپ ٹرینڈ کی صف میں شامل ہوگیا۔ دوسرے نمبرپر ہیش ٹیگ ڈاکٹر روتھ فاؤرہا۔ کوڑھ کے مریضوں کی مسیحا اور پاکستانی مدر ٹریسا کہلانے والی ڈاکٹر روتھ فاؤ کی آخری رسومات پر پاکستان قوم کے ہرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرادنے سوشل میڈیا انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔تیسرے نمبر کا ہیش ٹیگ پیراڈائز پیپرز رہے۔ آئی سی آئی جے کی طرف سے جاری کی جانیوالی پیراڈائز پیپر ز نے سوشل میڈیا کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ صرف چند منٹوں میں اس خبر نے ٹاپ ٹرینڈ میں اپنے جگہ پکی کرلی۔پیراڈائز پیپرز کے ہیش ٹیگ پر دنیا بھر کے لوگوں نے ٹویٹس کے انبار لگا دیئے۔بھلا اس موقع پر پاکستانی کیسے پیچھے رہنے والے انہوں نے بھی ٹویٹس کی اس گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے۔چوتھے نمبر پر این اے 120 پر ہونے والی ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ کی اُمیدوار بیگم کلثوم نواز کی کامیابی پر ہیش ٹیگ ”مجھے کیوں ہرایا“ اور ”شیر کی جیت“ رہا۔پانچویں نمبر پر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے اپنے ڈیبیو میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے امام الحق رہے۔چھٹے نمبر پر ہیش ٹیگ فاروق ستار رہا۔سربراہ ایم کیوایم پاکستان کاپہلے سیاست سے علحیدگی اور بعد ازاں دوبارہ شمولیت کے اعلان نے پورے ملک کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی ہنگامہ برپا کردیا۔ساتویں نمبر پر تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکنے والا شہید برہان وانی کا ہیش ٹیگ دی فریڈم فائٹر رہا۔آٹھویں نمبر پر شاہد خان آفرید ی کا ٹویٹ رہا جو انہوں نے اپنی بیگم کے ٹویٹ ”الحمداللہ! مجھے اپنے اپنے شوہر پر فخر ہے“کے جواب میں کیا تھا۔نویں نمبر پر ہیش ٹیگ میجر رہا۔میجر اسحاق شہید جنہوں نے دہشت گردوں سے نبرد آزما ہوتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیئے سوشل میڈیا پر ٹویٹس کا سیلاب اُمڈ آیا۔دسویں نمبر پر عائشہ گلالئی اپنے بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنی رہیں۔
اس کے علاوہ 2017 ء میں پاکستان میں ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالور عمران خان کے اکاؤنٹ پر موجود رہے جن کی تعداد 6850220 رہی، دوسرے نمبر پر معرف ٹی وی اینکر حامد میر 4287477 فالورز کے ساتھ رہے اورتیسرے نمبرپرتحریک انصاف کے اسد عمر رہے جنہیں 4144921 افراد فالو کر تے رہے جبکہ چوتھے نمبر پر مریم نواز شریف ر ہیں جنہیں فالو کرنے والے افراد کی تعداد 4097563 تک جاپہنچی۔ اس کے علاوہ وسیم اکر م،شیخ رشید احمد اور سابق ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف باجوہ بھی2017 ء میں ٹویٹر پر اُن اہم ترین شخصیات میں شامل رہے جنہیں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے فالو کرکے اس سال ٹویٹر پر فالو کیئے جانے والے ٹاپ ٹین افراد کی فہرست میں شامل کروادیا۔اس طرح اگر سماجی رابطہ کے سب سے بڑے میڈیا پورٹل یوٹیوب کی بات کی جائے تو 2017 ؁ء میں مجموعی طور پر راحت فتح علی خان کے گانوں کی ویڈیوز پاکستان میں سب سے زیادہ بار دیکھی گئیں،دوسرے نمبر پر کو ک اسٹوڈیوز کی ویڈیوز دیکھی گئیں اگر پاکستانی ڈراموں کی سوشل میڈیا پر مقبولیت کاجائزہ لیا جائے تو جیو ٹی وی کے تحت بننے والا ڈامہ”محبت تم سے نفرت ہے“ اور ”خانی“ اس سال یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ میں شامل رہے۔”محبت تم سے نفرت ہے“ کی یوٹیوب پر مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ اس ڈرامے کی صرف پہلی قسط تین ملین سے زیادہ بار دیکھی گئی۔

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے روزنامہ جنگ کے سنڈے میگزین میں 14 جنوری 2018 کے شمارہ میں شائع ہوا

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں