Digital Election 2018

ڈیجیٹل الیکشن 2018

پاکستان کے قیام کی 71 ویں سالگرہ سے چند روز قبل انتخابات کا انعقاد ہونا،بلاشبہ ہمارے لیئے من حیث القوم اس لحاظ سے ایک تاریخ ساز لمحہ ہے کہ ملکی سیاست میں یہ وہ پہلی مکمل”جمہوری دہائی“ ہے کہ جس میں یکے بعد دیگرے دو منتخب حکومتوں نے اپنی اپنی آئینی مدت کو پورا کیا اوراب آنے والے پانچ سالوں کے لیئے ایک اور جمہوری حکومت کے انتخاب کے لیئے قانون ساز آئینی اسمبلی کا الیکشن 25 جولائی کو ہونے جارہاہے۔الیکشن 2018 ء کو اگر پاکستان کا پہلا ”ڈیجیٹل الیکشن“ قرار دے دیا جائے تو کچھ بے جا نہ ہوگاکیونکہ رواں الیکشن سوشل میڈیا، 3G، 4G اور سمارٹ فونز کی ”ڈیجیٹل چھتری“ تلے ہونے والا منفرد الیکشن ہے۔ پی ٹی اے کی آفیشل ویب سائٹ پر دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے پانچ کروڑ سے زائد افراد 3G، 4G سروسز اور سمارٹ فونز کا عام استعمال کر رہے ہیں۔یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ ہر گلی محلے میں نوجوان اپنے حلقے میں آنے والے سیاسی راہنماؤں سے نہ صرف سابقہ کارکردگی پر جواب طلبی کر رہے ہیں بلکہ اُن کے مستقبل کے عزائم اور اُ ن کی طرف سے کیئے گئے وعدے وعید کی ”شہادتِ بصری و نظری“ اسمارٹ فونز میں محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل کیمرے کی مدد سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل بھی کر رہے ہیں۔اس لیئے یقین سے کہا جاسکتاہے الیکشن 2018 کے دن سوشل میڈیا اور سمارٹ فونز کی موجودگی میں کسی بھی”دھاندلی کے عادی مجرم“ کے لیئے دھاندلی کرنا آسان نہ ہوگا!خاص طور پر اُن مفید اور حیرت انگیز موبائل اپلی کیشنز کی موجودگی میں جو ہم”ہزاروں“ میں سے چندیدہ انتخاب کرکے زیرِ نظر مضمون میں پیش کررہے،تاکہ آپ بھی ان ایپس کی بدولت پاکستان کے اولین ”ڈیجیٹل الیکشن 2018“ سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوسکیں۔

الیکشن کمیشن، صرف ایک کلک کی دوری پر
آئین پاکستان کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان ملک کا واحدخود مختار ادارہ ہے جس کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنائے، اس مقصد کے حصول کے لیئے الیکشن کمیشن نے الیکشن 2018 میں عوام کو بروقت معلومات تک رسائی مہیا کرنے کیلئے جدید ترین موبائل ایپ”کلک ای سی پی“(Click ECP) کے نام سے متعارف کروائی ہے۔یہ موبائل ایپ باآسانی گوگل ایپ سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے اور کسی بھی اینڈرائیڈ اینڈ سمارٹ موبائل فون پر باآسانی چلائی جا سکتی ہے۔ اس موبائل ایپ کی مدد سے وطنِ عزیز کے 12کروڑ سے زائد موبائل صارفین مستفید ہو سکتے ہیں۔ اس جدید موبائل ایپ میں چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کے ویڈیو پیغامات‘ 8300ایس ایم ایس سروس، بائیو میٹرک مشین سے متعلق تعارفی ویڈیو ز، الیکشن کے حوالے سے تازہ ترین نوٹیفکیشن،کورٹ کی کاز لسٹ،الیکشن کے حتمی رزلٹ‘ جی آئی ایس پولنگ سکیم سمیت بہت سی اہم معلومات مہیا کی گئی ہیں، جن کا جاننا ہر ووٹ دہندہ کے لیئے ازحد ضروری ہے۔ہمارے نزدیک اس ایپ میں بس ایک ہی خامی ہے اور وہ یہ کہ اس ایپ کے ذریعے صارف اپنے ووٹ یا حلقہ کی تصدیق مفت میں نہیں کرسکتا،ہم چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سے مودبانہ درخواست کرتے ہیں وہ مفاد عامہ کو پیشِ نظر رکھتے الیکشن کے قریب کم از کم ایک یا دو دنوں کے لیئے یہ سروس اگر اس موبائل ایپلی کیشن پر مفت میں فراہم کردیں تو بلاشبہ ان کا یہ اقدام اس منفرد موبائل ایپ کی افادیت کو کئی گنا بڑھا دے گا۔ اس ایپ کو آپ گوگل پلے میں (Click ECP) لکھ کر سرچ کرکے یا مندرجہ ذیل مختصر لنک کی مدد سے اپنے اسمارٹ فون کا حصہ بناسکتے ہیں۔ http://wicr.me/osjJ



ووٹ دیں اور قیمتی انعام پائیں
2013 ء کے الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب 55.02 فیصد رہا تھا،پاکستان کی انتخابی تاریخ میں 1970 ء کے بعد ووٹ کاسٹنگ کی یہ سب سے زیادہ شرح تھی۔ان سب کے باوجود پاکستان کے 45 فیصد افراد ایسے بھی تھے جنہوں نے انتخابی عمل میں شرکت سے گریز کیا۔ایسے افراد کی طرف سے عموماً ایک ہی جملہ سننے کو ملتا ہے کہ ”ہم ووٹ کیوں ڈالیں،آخر ووٹ ڈالنے سے ہمیں ملتا ہی کیا ہے“۔اگر آپ بھی ایسے ہی خیالات رکھنے والے افراد کی فہرست میں شامل ہیں تو آپ سے درخواست ہے اس بار اپنا ووٹ ضرور ڈالیئے گا،کیونکہ آ پ کا ووٹ آپ کو ایک قیمتی انعام کا حقدار بھی بنا سکتاہے۔جی ہاں! یہ بالکل سچ ہے اور یہ انقلابی اقدام پاکستان کے سب بڑے میڈیا گروپ ”جنگ میڈیا گروپ“ کی طرف سے اُٹھایا گیا ہے۔روزنامہ جنگ نے عوام الناس کو پاکستان کے سب سے بڑے جمہوری عمل کابھرپور اور متحرک حصہ بنانے کے لیئے ایک حیرت انگیز موبائل ایپ متعارف کروائی ہے،جس میں آپ کون بنائے گا حکومت؟ اور کون بنے گا وزیراعظم؟ جیسے دو سوالات کے جوابات دے کر بذریعہ قرعہ اندازی بیش قیمت انعامات کے حقدار قرار پاسکتے ہیں۔اس موبائل ایپ کو استعما ل کرنے کے بعد ایک بات ضرور یاد رکھیئے گا،جس جماعت کو آپ نے اس ایپ میں اپنے قیمتی ووٹ سے نواز ا ہے،اُسے الیکشن والے دن اپنا حقیقی ووٹ ضرور دیجیئے گا تاکہ آپ کے انعام جیتنے کی راہ ہموار ہوسکے اور روزنامہ جنگ کا اس منفرد ایپ کو بنانے کا بنیادی مقصد پورا ہوسکے۔اس موبائل ایپ کا انٹر فیس کتنا خوبصورت ہے،اس کے لیئے یہ کہنا ہی کافی ہے کہ اس ایپ کو علی معین نواز ش نے بنایا جن کا نام موبائل ایپلی کیشن کے لاجواب ہونے کے لیئے کافی ہے۔ موصوف اس سے پہلے بھی جنگ کے پلیٹ فارم سے کئی دلکش، جاذب نظر اور فاندہ مند اپلی کیشن بنا چکے ہیں۔اس ایپ کو jang.elections لکھ کر گوگل پلے پر سرچ کرکے یااس مختصر لنک سے با آسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ http://wicr.me/8EbdCfJ

ووٹ کیسے ڈالیں؟
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 2013 کے انتخابات میں 1.5 ملین ووٹ مسترد کردیئے گئے تھے،مسترد شدہ ووٹوں کی یہ تعداد 2002 ء اور 2008 ء میں رد شدہ ووٹوں کی مجموعی تعداد سے بھی کہیں زیادہ تھی۔اتنی بڑی تعداد میں ووٹوں کے ضائع ہونے کی ایک اہم وجہ عوام الناس میں ووٹ ڈالنے کے درست طریقہ کار سے متعلق عدم واقفیت بتائی جاتی ہے۔یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستانی عوام کی اکثریت ووٹ ڈالنے جیسے اہم ترین قومی فریضہ کے بارے میں مکمل آگہی نہیں رکھتی،اس لیئے الیکشن کے دن اکثر دیکھنے میں آتا ہے لوگ ایک دوسرے سے ووٹ ڈالنے کے صحیح طریقہ کار کے بارے میں دریافت کرنے میں ہی اپنا بہت سا قیمتی وقت برباد کردیتے ہیں، لیکن اس الیکشن میں آپ کو یا آپ کے کسی پیارے کو اس بارے میں پریشان ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں کہ صحیح ووٹ کیسے ڈالا جائے۔ بس اس کے لیئے آپ کو کرنا یہ ہے کہ ذیل میں درج مختصر لنک سے ووٹ ڈالنے کے بارے آگہی فراہم کرنے والی موبائل ایپ کو اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کرلیں۔اس موبائل ایپلی کیشن میں ووٹ ڈالنے کا پورا عمل اُردو زبان میں،تصاویر اور مختلف نقشوں کی مدد سے ذہن نشین کروانے کی ایک بہترین کاوش کی گئی ہے۔ http://wicr.me/VmWAW

ووٹ کی ڈیجیٹل پرچی
الیکشن کے دن پولنگ بوتھ پر پہنچنے کے بعد ووٹر کو ووٹ ڈالنے کے لیئے جس شئے کی سب سے زیادہ ضرورت محسوس ہوتی ہے۔وہ ”ووٹ کی پرچی“ ہے۔جس میں ووٹر کے ووٹ کی تمام تر تفصیلات درج ہوتی ہیں، ماضی میں ووٹ کی پرچی انتخابی اُمیدوار کی طرف سے ووٹر کو فراہم کی جاتی تھی لیکن 2013 ء کے الیکشن سے ووٹ کی ”ڈیجیٹل پرچی“ کے اجراء کی منظوری دے دی گئی ہے۔یعنی اب کوئی بھی ووٹر اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جوابی ایس ایم ایس کی صورت میں ”ووٹ کی ڈیجیٹل پرچی“ حاصل کر سکتا ہے۔جس میں ووٹ نمبر، سلسلہ نمبر،بلاک نمبر اور پولنگ اسٹیشن کانام مکمل پتا کے ساتھ آپ کی موبائل اسکرین پر نمودار ہوجائے گا۔جسے آپ پولنگ اسٹیشن میں موجود پولنگ آفیسر کو دکھا کر اپنا ووٹ پوری سہولت سے کاسٹ کرسکتے ہیں۔ نیز ووٹ کی ”ڈیجیٹل پرچی“ کے فوری حصول کے لیئے آپ (Find My Vote) نامی اس موبائل ایپلی کیشن کو آزما سکتے ہیں تاکہ ووٹنگ والے دن کسی پریشانی سے بچ سکیں۔اپلی کیشن کا مختصر لنک یہ ہے۔ http://wicr.me/o9wsTk5

اسمارٹ الیکشن فائیٹ سیل
اصطلاحی معنوں میں ”الیکشن فائیٹ سیل“ سے ایسی جگہ یا دفتر مراد لیا جاتا ہے جہاں سے انتخابی اُمیدوار اپنی انتخابی مہم چلاتاہے اور الیکشن کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحا ل پر خود بھی گہری نظر رکھتا ہے اور اپنے سپورٹرز کو بھی مطلع کرتا رہتاہے۔الیکشن کے وقت ہمارے ملک کے ہرمحلے،ہر گلی میں جابجا ”الیکشن فائیٹ سیل“ کھول دیے جاتے ہیں،صرف یہ ہی نہیں اب تو کم و بیش ہر نیوز چینل نے بھی الیکشن والے دن’’الیکشن فائیٹ سیل“ کی اسپیشل نشریات کے ذریعے ناظرین کو الیکشن کے حوالے سے متفرق قسم کی معلومات فراہم کرنے کے لیئے کمر کس لی ہے۔مگر آپ بے فکر رہیں ہم آپ کو ایک ایسی موبائل ایپ کے بارے میں بتارہے ہیں جو آپ کے اسمارٹ فون کو ہی ”الیکشن فائیٹ سیل“ میں بدل دی گی۔جی ہاں! یہ سچ ہے ”پاکستان الیکشن“نامی یہ موبائل ایپ الیکشن 2018 کی تمام تر ممکنہ تازہ ترین معلومات فراہم کرنے کے لیئے کافی ہے۔اس موبائل ایپلی کیشن میں پاکستان کی تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابی حلقوں کے نام،تفصیلات اور نقشے ملاحظہ کیئے جاسکتے ہیں،نیز ہر حلقے سے انتخابی میدان میں کھڑے ہونے اُمیدواروں، جماعتوں کی مکمل تفصیلات اور اُن کے انتخابی نشان بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔جبکہ نیوز فیڈ کے سیکشن میں الیکشن سے متعلق تازہ ترین ”بریکنگ نیوز“اور ویڈیوز حاصل کرنے کاخصوصی اختیار بھی فراہم کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ امیدواروں کی فہرست میں تلاش کی سہولت بھی میسر ہے یعنی اپنے مطلوبہ امیدوار کا نام درج کریں اور امیدوار کے علاقے، شہر اوراُس کی سیاسی طاقت کے بارے میں جان لیں۔ نیز10 سوالات پرمشتمل ایک سروے اس اپلی کیشن کا سب سے دلچسپ اور حیرت انگیز حصہ ہے۔ یعنی الیکشن کے دن اپنے جس پسندیدہ اُمیدوار کو آپ ووٹ دینے جانے والے ہیں، اُسے آپ کے علاوہ کتنے اور لوگ ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں،یہ اس سروے کے نتائج سے بخوبی جانا جا سکتا ہے۔ایپ کا مختصر لنک نوٹ فرمالیں۔ http://wicr.me/LrKS

انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی خود کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے والی تمام جماعتوں اور اُمیدواروں کے لیئے ایک ضابطہ اخلاق جاری کیا جاتاہے۔جس کا مقصدِ وحید انتخابات کو صاف شفاف اور منصفابہ بنانا ہوتاہے تاکہ دورانِ انتخابات مسابقت کا ایک مثالی ماحول قائم ہوسکے۔مگر اس کے باوجود بے شمار انتخابی اُمیدواروں کی طرف سے اپنے مخالف اُمیدوار وں پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیئے جانا ایک عام سی بات ہے،یہ الزامات سچے بھی ہوتے اور کبھی کبھارر ذاتی مخاصمانہ رقابت کی وجہ سے جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں۔جس کا فیصلہ بہرحال الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہی کرنا ہوتا ہے۔ اس بار حکومت ِ پنجاب نے دورانِ انتخابات ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لیئے ایک موبائل ایپ اپلی کیشن جاری کی ہے۔آپ اس ایپ کو اپنے اسمارٹ فون کا حصہ بنا کر انتخابات کے دوران ہونے والی ہر قسم کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے بارے میں متعلقہ حکام کو موبائل ویڈیوز یا تصاویر کے ثبوتوں کے ساتھ رپورٹ کرسکتے ہیں۔اس موبائل ایپلی کیشن کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے تیار کیا گیا ہے جسے صوبہ پنجاب میں رہائش پذیر کوئی بھی شخص انتخابی مہم کی نگرانی کے لیئے استعمال کرکے پنجاب بھر میں منصفانہ الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے میں اپنا قابلِ قدر کردار اداکر سکتا ہے۔اس ایپ کا مختصر لنک درج ذیل ہے۔ http://wicr.me/NGqn6G

ڈیجیٹل ووٹ
ووٹ فار پاکستان (Vote4Pakistan) ایک غیرسیاسی اور غیرجانبدار سروے ایپلی کیشن ہے جس کا مقصد سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی رائے مرتب کرتے ہوئے انتخابات کے بارے میں عوامی رجحانات کو سامنے لانا ہے۔اس موبائل ایپ کے ذریعے عوام اپنی پسندیدہ جماعت کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پرڈیجیٹل ووٹ دے سکتے ہیں،ہر فیس بک اکاؤنٹ سے ایک ووٹ کاسٹ کیا جا سکتا ہے ایک ڈیوائس سے ایک فیملی کے 5سے زیادہ افراد ووٹ نہیں ڈال سکتے ہیں اور ووٹ دینے کے بعد نتائج کو بھی ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔اس ایپ پر ”ڈیجیٹل ووٹ“ دینے والے ہر رائے دہندہ کے تمام تر کوائف کو مکمل صیغہ راز میں رکھنے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے،جبکہ جعلی رائے دہندگان کی روک تھام کے لیے بھی موثرمکینزم شامل کیا گیاہے اور جعلی اکاؤنٹس کا سراغ لگا کر انھیں بروقت بلاک کردیا جائے۔رواں الیکشن کی مناسبت سے اسے ایک بہترین موبائل سروے ایپلی کیشن قرار دیا جاسکتا ہے۔ جس کے ذریعے ملک میں رائے دہنددگان کی عمومی رائے کو جاننے میں بھرپور مدد حاصل ہوسکتی ہے۔ http://wicr.me/ZPN7zT

فوری اور مکمل الیکشن نتائج
ووٹ ڈالنے کے بعد سب سے اہم مرحلہ ووٹوں کی گنتی اور ان کے نتائج مرتب کرنے کا ہوتا ہے۔ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے ہر انتخابی حلقہ کا درست اور مکمل نتیجہ سب سے پہلے اُس کے علم میں آئے۔اس کے لیئے ملک کے تمام نیوز چینلز خصوصی اہتمام کرتے ہیں اور سب سے پہلے انتخابی نتیجہ ”بریکنگ نیوز“ کے طور پیش کرنے کی دوڑ میں کبھی کبھار نامکمل اور غلط نتائج کا بھی اعلان کردیتے ہیں۔اگرآپ اس کوفت سے بچنا چاہتے ہیں تو یہاں ہم آپ کو ایک ایسی موبائل اپلی کیشن کے متعلق آگاہ کررہے جس پر آپ کو صرف مکمل اور درست انتخابی نتائج ہی حاصل ہوں گے۔یہ اپلی کیشن 2013 ء کے انتخابات میں فور ی اور درست انتخابی نتائج پیش کرنے کے باعث ہزاروں لوگوں سے اعتماد کی سند حاصل کرچکی ہے۔رواں انتخابات اس اپلی کیشن کا آپ کے اسمارٹ فون میں موجودگی بروقت انتخابی نتائج کی ضمانت بنے گا۔اس ایپ ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں آپ نہ صرف 2008 ء اور 2013 ء کے انتخابی نتائج بھی ملاحظہ فرماسکتے ہیں بلکہ ان کا رواں انتخابات کے نتائج سے مختلف چارٹس اور گرافک کی مدد سے موازنہ بھی کر سکتے ہیں۔انتخابی نتائج کے موازنہ جیسی اضافی سہولت بلاشبہ ”الیکشن نتائج“ کو چار چاند لگا دے گی۔ایپ کو اس مختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ http://wicr.me/JqewB

الیکشن کا ”گیم“ آن ہے
الیکشن 2018 ء میں بھرپور انداز سے لطف اُٹھانے کے لیئے شائقین گیم کے لیئے ایک خصوصی ”3D الیکشن گیم“بھی متعارف کروادیا گیا ہے۔ اس منفرد موبائل گیم کو (Game Vallley 3D) نامی گیمز بنانے والی ایک معروف کمپنی نے بنایا ہے۔اس گیم میں آپ پاکستان کی کسی بھی سیاسی جماعت کی ”3D الیکشن بس“کا انتخاب کرکے اُسے انتخابی مہم پر روانہ کرسکتے ہیں۔منتخب کردہ الیکشن بس کو آپ نے اونچے،نیچے اور ٹریفک جام سے بھرپور راستوں پر انتہائی احتیاط،سمجھداری اور تیز رفتاری سے چلانا ہے تاکہ آپ کو زیادہ سے ”الیکشن پوائنٹس“ حاصل ہوسکیں۔دوران گیم آپ کی منتخب کردہ سیاسی جماعت کے انتخابی نعرے اور سیاسی نغمے بھی آپ کو محظوظ کرتے رہیں گے۔اس”3D الیکشن گیم“ میں دلچسپی کے اور بھی بہت سے سامان موجود ہیں جن کے بارے میں آپ اس گیم کو اپنے اسمارٹ فون کا حصہ بنانے کے بعد ہی جان سکتے ہیں۔یہ گیم بالکل مفت میں دستیاب ہے جسے ذیل میں درج مختصر لنک سے ڈاؤن لوڈ کرکے باآسانی انسٹال کیا جاسکتا ہے۔ http://wicr.me/I90h89z

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے روزنامہ جنگ کے سنڈے میگزین میں 22 جولائی 2018 کے شمارہ میں شائع ہوا

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں