First Universal Hamd And Naat Conference

ذکر جب چھڑ گیا کراچی کی روحانی بالیدگی کا

ہماری دانست میں یہ جملہ جس اہلِ نظر نے بھی کہا ہے، بالکل درست ہی فرمایاہے کہ ”ہر شہر کاصرف ایک جسم ہی نہیں بلکہ اُس کی ایک روح بھی ہوتی ہے“۔یعنی شہر صرف ظاہری لحاظ سے ہی نہیں بلکہ باطنی طورپر بھی خوب صورت اور بدصورت ہوسکتے ہیں۔لہٰذا پری تمثال کہلانے کا حق فقط اُسی شہر کو ہوتا ہے،جس شہر کا جسم اور روح بیک وقت ظاہری اور روحانی بالیدگی سے پوری طرح سے مزین ہوں۔ اہلِ نظر کے اس معنوی کلیہ کے مطابق کراچی شہر بھی جسم اور روح کا ایک مجموعہ ہوا۔یوں سمجھ لیجئے کہ جب ہم کراچی کو”روشنیوں کا شہر“قرار دیتے ہیں تو اس سے مراد،اس شہر کی ظاہری خوب صورت ہوتی ہے اور جب کراچی کو ”پاکستان کا دماغ“ کہتے ہیں تو اس کا مطلب شہر کراچی کی باطنی و روحانی دلکشی مراد لیتے ہیں۔بدقسمتی سے گزشتہ چالیس برسوں میں تعصب، انارکی، بدامنی،فرقہ واریت اور قتل و غارت گری نے شہر کراچی کے فقط جسمانی وجود کو ہی زخم،زخم نہیں کیا، بلکہ اس شہر بے مثال کی روحانی معصومیت و بالیدگی کو بھی مکمل طور پر آلودہ کردیا تھا۔ یاد رہے کہ کراچی شہر کی ٹوٹی سڑکیں اور لڑکھڑاتے پل،اُبلتے گٹر اور باس مارتی گلیاں،بے ہنگم ٹریفک کا اژدھام اور جگہ جگہ کھڑے ہوئے کچرے کے فلک بوس پہاڑ،اس شہر ِ لاوارث کی ظاہری ابتری کے خوف ناک مناظر ہی تو ہیں۔نیز بے روزگاری،بھتہ خوری، چائنہ کٹنگ اور سرکاری دفاتر میں اقربا پروری جیسے متعصبانہ انتظامی عوامل شہر کراچی کے ”مادی جسم“ پرحالیہ حکمرانوں کی جانب سے لگائے جانے والے وہ بدنما اور بدصورت داغ ہیں، جن کے علاج اور مسیحائی کے لیئے اہلیان کراچی، کئی برسوں سے ریاستِ پاکستان کی طرف اُمید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔اَب یہ تو خداہی جانے کہ وفاق پاکستان،سندھ حکومت کے ساتھ مل کر، شہر کراچی کو لاحق اِن تمام سیاسی و انتظامی عوارض کا مداوا کربھی سکتاہے یا نہیں۔

یہ مضمون بھی پڑھیئے: جب پہاڑ زندگیاں نگل گئے

Today Karachi

شہر میں جب بھی علم وادب کے حوالے سے کسی بھی سنجیدہ کاوش کا تذکرہ ہوگا تو سب سے پہلے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا نام ہی لیا جائے گا

بہرکیف اگر خوش نیتی سے وفاقی حکومت اِن مسائل میں سے آدھے سیاسی و انتظامی مسئلے بھی حل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو یقینا، بیمار و لاچار کراچی کے پژمردہ چہرہ کی کچھ رونق تو ضرور بحال ہوہی جائے گی۔لیکن واضح رہے کہ یہ بندوبست کراچی کی جسمانی صحت کی بحالی کا مژدہ جاں فزا،تو ضرور ثابت ہوگا۔مگر کراچی کی روحانی صحت کی بحالی اور بالیدگی کے لیئے جن مثبت اقدامات کی ضرورت ہے،وہ کسی بھی سیاسی،وفاقی یا صوبائی حکومت کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔کیونکہ کراچی شہر کی زخمی روح کی رفوگری کرنے کے لیئے موقع پرست ”سیاسی بزرجمہروں“ کے بجائے دبستانِ علم و اَدب سے ایسے چنیدہ اور اخلاص میں گندھے،دردِ دل رکھنے والے، باشعور، ذہین و فطین چارہ گروں کی ضرورت ہے،جن کے دستِ مسیحائی، شہر کی پیشانی پر رکھنے سے ہی کراچی کی روح میں اُتر جائے تاثیر مسیحائی کی۔ ہماری مراد شہر کراچی میں علم و ادب کے محافل،عالمی مشاعروں،تنقیدوں نشستوں اور ادبی بیٹھکوں کے زیادہ سے زیادہ انعقاد سے ہے۔تاہم شہر میں جب بھی علم وادب کے حوالے سے کسی بھی سنجیدہ کاوش کا تذکرہ ہوگا تو سب سے پہلے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا نام ہی لیا جائے گا۔ ویسے کہنے کو تو پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں آرٹس کونسل قسم کے ادبی و تہذیبی اداراے باافراط پائے جاتے ہیں لیکن ملک بھر میں علم و ادب اور قومی تہذیب کے فروغ میں جو کردار آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے حصے میں آیا ہے، وہ صرف قابلِ ستائش ہی نہیں بلکہ قابلِ تقلید بھی۔

Muhammad Ahmed Shah
محمد احمد شاہ (صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی)

یاد رہے جس دوران شہر کراچی لہولہان کیا جارہا تھا تو عین اُسی وقت آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی بھی اُجڑے دیار کا آسیب زدہ منظر پیش کررہا تھااور ایک وقت تو اس ثقافتی ادارہ پر ایسا بھی آیا تھا،جب آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے دروازوں کو بدتہذیبی اور خوف کے تالوں سے مقفل کردیا گیا تھا۔ مگر پھر محمد احمد شاہ کی صورت میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو پہلا منتخب صدر میسر آگیا۔یاد رہے کہ محمد احمد شاہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے لیئے ایک ”خدائی انعام“ ثابت ہوئے اور اپنی مدت صدارت کے چند برسوں میں ہی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی پرانی ادبی وثقافتی رونقیں واپس لوٹادیں۔ محمد احمد شاہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ترقی کے لیئے کیا اہمیت و حیثیت رکھتے ہیں،اُس کا اندازہ صرف اس ایک بات سے بخوبی لگایا جا سکتاہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے عہدیداران کے انتخاب کے لیئے ہر برس باقاعدگی سے جمہوری انداز میں انتخابات منعقد ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی حیران کن طور پر محمد احمد شاہ گزشتہ بارہ برسوں سے مسلسل بطور صدرباآسانی منتخب ہوتے آرہے ہیں۔یوں سمجھ لیجئے کہ محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی بحالی و ترقی کے لیئے جس قدر کارہائے نمایاں انجام دے دیئے ہیں،اُن کی موجودگی میں یقین سے کہا جا سکتاہے کہ شاید اگلے چند برسوں تک بھی محمد احمد شاہ کی جگہ کسی اور شخصیت کا بطور صدر منتخب ہوناناممکن ہی رہے گا۔دراصل محمد احمد شاہ نے بطور صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو علمی،ادبی اور سماجی تقریبات کاایسا منفرد ثقافتی گہوارہ بنادیا ہے کہ پاکستانی سماج میں پائے جانے والے تمام رنگ آرٹس کونسل کی ایک عمارت کی چھت تلے جب چاہیں ملاحظہ کیئے جاسکتے ہیں۔

محمد احمد شاہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے لیئے ایک ”خدائی انعام“ ثابت ہوئے اور اپنی مدت صدارت کے چند برسوں میں ہی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی پرانی ادبی وثقافتی رونقیں واپس لوٹادیں

First Universal Hamd And Naat Conferance

کچھ عرصہ قبل ایسا ہی ایک مظاہرہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی عمارت میں عالمی حمد و نعت کانفرنس اور نعتیہ مشاعرہ کی صورت دیکھنے میں آیا۔ جب ”ادارہ چمنستانِ حمدونعت ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان“ کے زیرِ اہتمام پہلی دوروزہ عالمی حمد و نعت کانفرنس انعقاد پذیر ہوئی۔ عالمی ادبی کانفرنسوں،عالمی مشاعروں کے جلو میں عالمی حمد و نعت کانفرنس، ایسا منفرد علمی،ادبی و تہذیبی ذائقہ ہے،جس سے محمد احمد شاہ جیسی شخصیت ہی اہلیانِ کراچی کو روشناس کروا سکتی تھی۔ دلچسپ بات تو یہ ہے جس ادبی و مذہبی انداز میں عالمی حمد و نعت کانفرنس اور نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کیا گیا وہ ایک ایسا انوکھا اور یادگار تجربہ تھا،جو شاید ہی کبھی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سامعین و ناظرین پر وارد ہوا ہو۔واضح رہے کہ ”ادارہ چمنستانِ حمدونعت ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان“ کے روح رواں معروف محقق،نعت خواں اور نعت گو شاعر طاہر سلطانی اور ان کے ہمدم دیرینہ لیاقت علی پراچہ ہیں۔جس طرح طاہر سلطانی کراچی کے ادبی حلقہ میں مشہور و معروف ہیں بالکل اسی مصداق لیاقت علی پراچہ کا شمار بھی شہر کراچی کی اُن گنی چنی سماجی شخصیات میں ہوتا ہے،جنہوں نے اپنے ناتواں کاندھوں پر مذہبی یگانگت اور تہذیبی ہم آہنگی کا بھاری پتھر انتہائی استقامت اور بہادری کے ساتھ اُٹھایا ہوا ہے۔جبکہ فروغِ حمدونعت کے حوالے سے بھی لیاقت علی پراچہ کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، سال میں تین یا چار حمدیہ اور نعتیہ مشاعرے ان کی رہائش گاہ پر ضرور ہوتے ہیں۔

طاہر سلطانی 1970 سے اس میدان میں سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے سب سے پہلے”بزمِ عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ“کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ جب کام کا دائرہ بڑھنے لگا تو انہوں نے ”ادارہ چمنستانِ حمد و نعت“کی 1990 میں میں بنیاد ڈال دی

First Universal Hamd And Naat Conference

بقول معروف شاعر و تنقید نگار جناب اختر سعیدی کے کہ”طاہر سلطانی کے نام میں ”شاعرِ حمدونعت“ کا لاحقہ، غیر ضروری نہیں ہے۔ بلاشبہ انہوں نے اپنی زندگی، فروغِ حمد و نعت کے لئے وقف کردی ہے“۔واضح رہے کہ طاہر سلطانی 1970 سے اس میدان میں سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے سب سے پہلے”بزمِ عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ“کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ جب کام کا دائرہ بڑھنے لگا تو انہوں نے ”ادارہ چمنستانِ حمد و نعت“کی 1990 میں میں بنیاد ڈال دی۔بلاشبہ شہر کراچی کی روحانی بالیدگی کی نشوونما میں طاہر سلطانی اور لیاقت علی پراچہ جیسی شخصیات کا کردارخاص اہمیت کا حامل ہے اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ہونے والی حالیہ عالمی حمد و نعت کانفرنس اس بات کی محکم دلیل بھی ہے۔یاد رہے کہ اس تقریب کی مجلس صدارت محترم ڈاکٹر ریاض مجید، محسن اعظم محسن ملیح آبادی کے ذمہ تھی۔ جبکہ دیگر مسند نشینوں میں ڈاکٹر حافظ محمد سہیل شفیق، الحاج محمد رفیع پردیسی، تابش الوری، ساجد رضوی تھے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سہیل شفیق اور ڈاکٹر محمد طاہر قریشی نے انجام دیئے۔ خطبہٗ استقبالیہ طاہر سلطانی نے دیا۔نیز معروف شاعر تابش الوری نے مختلف قراردادیں، نفاذ ِ اردو کے حوالے سے، حمدو نعت کے فروغ کے لئے حکومتی سرپرستی، حمد ونعت کانفرنسز اور دیگر ایوارڈ اور اجراء کے حق میں پیش کیں، جو بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئیں۔

First Universal Hamd And Naat Conference

سب سے خاص بات اس تقریب میں پیش کیئے جانے والے مختلف مقالات اور اُن کے موضوعات تھے۔جیسے آن لائن مقالہ کینیڈا سے تنویر پھول صاحب نے پیش کیا جس کا عنوان تھا ”دیارِ مغرب میں آفتابِ حمد کی کرنیں“۔جبکہ دوسرا مقالہ پروفیسر انوارالحق شیخ نے”تعارف ادارہ چمنستان ِ حمد ونعت“ پیش کیا۔ تیسرا مقالہ ڈاکٹر محمد طاہر قریشی نے ”پاکستانی فلمی شاعری میں حمدیہ عناصر“ پیش کیا۔چوتھا مقالہ نوید حسین اقبال نے بعنوان ”صنفِ حمد کا تجزیاتی مطالعہ“ پیش کیا۔نیز ایک مقالہ ڈاکٹر داؤد عثمانی نے ”محسن کاکوروی کی نعتوں میں حمدیہ عناصر“ پر بھی پیش کیا۔علاوہ ازیں ڈاکٹر ریحانہ تبسم فاضلی نے مقالہ بعنوان ”کراچی کے شعراء کی حمدیہ شاعری“ کا خلاصہ در خلاصہ پیش کیا۔جبکہ ڈاکٹر عزیز احسن کا مقالہ ڈاکٹر سہیل شفیق نے پیش کیا جس کا عنوان تھا ”قرآن اور بائبل میں حمد و مناجات“۔ پروفیسر صدف چنگیزی نے ”دبستانِ وارثیہ کی حمدیہ شاعری“ پر عمدہ کلام کیا۔ اسی طرح ڈاکٹر سید ضیاء الدین نعیم نے نہایت وقیع اور پر مغز گفتگو کی، ڈاکٹر نسیم سحر نے مقالہ بعنوان ”پنجاب میں حمدیہ شاعری“پیش کرنا تھا۔ ڈاکٹر شہزاد احمد نے مقالہ بعنوان”اردو حمدیہ شاعری میں شاعرات کا کردار“ پیش کیا۔آخر میں محسن اعظم محسن ملیح آبادی نے شرکاء سے خطاب کیا۔ جس کے بعد حمدیہ و نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ غرض اس پہلی دوروزہ عالمی حمد و نعت کانفرنس میں فکر کی دل بستگی،روح کی بالیدگی اور ذوق کی تسکین کے لیئے وہ سب کچھ تھا،جس کی کوئی باذوق سامع اور ناظر تمنا کر سکتا تھا۔ یقینا اس کاوش پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی انتظامیہ اور ”ادارہ چمنستانِ حمدونعت ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان“ کے جملہ اراکین و منتظمین خاص مبارک باد اور ستائش کے مستحق ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں: نااُمید کراچی کی آخری سیاسی اُمید

First Universal Hamd And Naat Conference
انجینئر حافظ نعیم الرحمن، ڈاکٹر حافظ سہیل شفیق، لیاقت پراچہ، حافظ نعمان طاہر، عرش ہاشمی اور مختار احمد

اس کے علاوہ تقریب ِ حمدو نعت کانفرنس میں اہم اسکالرز اور محققین اور دانشوروں کے ساتھ ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ِ محفل رہے۔ شاعر، ادیب، صحافی،وکلاء، طلباء و طالبات، اساتذہ کرام اور فنون ِ لطیفہ سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں شامل تھے۔ جناب سید آصف رضا رضوی،سید حیات النبی رضوی امروہوی، ڈاکٹر آفتاب مضطر، حامد علی سید، امتیازالملک آسی سلطانی، ڈاکٹر شوکت اللہ جوہر،الحاج یوسف اسماعیل، اختر سعیدی، ڈاکٹر نثار احمد نثار، محمد رفیق مغل،ابرار حسین، جمال ناصر، شجاع الزماں خان شاد، زکریا شیخ اشرفی،احمد سعید خان،فاروق اعظم عرشی، ذوالفقار حیدر پرواز، عزیز الدین خاکی، سید علی اوسط جعفری،سلمان صدیقی،نجیب ایوبی،آفتاب احمد،صاحب زادہ عتیق الرحمٰن، عقیل عباسی ایڈووکیٹ، منصور ساحر، فیروز ناطق خسرو، حافظ نعمان طاہر، اے ایچ خانزادہ،زکریا شیخ اشرفی، ڈاکٹر ریاض مجید، محسن اعظم محسن ملیح آبادی، تابش الوری، پروفیسر انوار الحق شیخ، ڈاکٹر محمد طاہر قریشی، ڈاکٹر نوید حسین اقبال، ڈاکٹر داؤد عثمانی، علامہ سید بسم اللہ قادری نقشبندی، ڈاکٹر جہاں آرا لطفی، ڈاکٹر ساجدہ پروین، پروفیسر شاہین حبیب،ڈاکٹر ریحانہ تبسّم فاضلی،ڈاکٹر سید ضیاء الدین نعیم،ڈاکٹر شہزاد احمد،ساجد رضوی،ڈاکٹر حافظ سہیل شفیق، الحاج محمد رفیع پردیسی،عبدالصمد تاجی اور تنویر سخن زیب محفل تھے۔

حوالہ : یہ کالم سب سے پہلے روزنامہ جرات کراچی کے ادارتی صفحہ پر یکم مارچ 2021 کی اشاعت میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال
Latest posts by راؤ محمد شاہد اقبال (see all)

ذکر جب چھڑ گیا کراچی کی روحانی بالیدگی کا” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں