Digital Masjid e Nabvi

جشنِ عید میلادالنبیﷺ منائیں ڈیجیٹل انداز سے۔۔!

قرآن حکیم فرقان حمید میں ارشاد ِ باری تعالی ہے کہ ”اور انہیں اللہ کے دن یاد دلاؤ۔“]سورۃ ابراہیم،آیت ۵[
امام المفسرین سید نا عبداللہ ابنِ عباس ؓ اس آیت مبارکہ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ”ایام اللہ سے مراد وہ دن ہیں جن میں اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی کسی بھی نعمت کا نزول ہوا ہو۔ ان ایام میں سب سے بڑی نعمت کے دن سید عالم سرورِ کائنات رحمتہ العالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت باسعادت اور معراج کے ایام ہیں۔اس لیئے حضور ؐ کی میلاد اور سیرت کا تذکرہ کرنا بھی اسی آیت کے حکم میں داخل ہے“۔]تفسیر ابن عباس ؓ[ نیز ممتاز محدث علامہ ابن عبدالرحمن ابن جوزی اپنی کتاب المولد لنبیؐ میں سرزمینِ عرب عیدمیلادالنبی ؐ کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ”ہمیشہ سے مکہ مکرمہ،مدینہ منورہ،مصر،شام،یمن غرض شرق و غرب تک تمام بلادِ عرب کے باشندے عید میلاالنبیؐ کی محافل منعقد کرتے آئے ہیں۔اہلِ عرب جب ماہِ ربیع الاول کا چاند دیکھتے ہیں تو ان کی خوشی کی انتہانہیں رہتی۔چنانچہ ذکرِ میلاد پڑھنے اور سننے کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں اور بے پناہ اجرو کامیابی حاصل کرتے ہیں“۔تاریخ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ولادت باسعادت کے دن کو ریاستی سطح پر عظیم الشان طریقے سے منانے کا آغاز سب سے پہلے نورالدین زنگی کے دورِ حکومت میں ملک شام سے ہوا تھا جسے بعد ازاں سلطنتِ عثمانیہ نے عظیم الشان دوام بخشا اور اُس کے بعد سے لے کر آج تک کئی اسلامی ممالک کی جانب سے 12 ربیع الاوّل کے دن ریاستی سطح پر عیدمیلادالنبیؐ منانے کا سلسلہ بدستور جاری و ساری ہے۔ہزار شکر کہ ہمارا وطن عزیز بھی عالمِ اسلام کے اُن ممالک کی صف میں شامل ہے جہاں سرکاری و ریاستی سطح پرعید میلادالنبی ؐمنانے کا خصوصی اہتمام کیا جاتاہے۔ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور کچھ اختراعی انداز میں منانے کے لیئے موبائل اپلی کیشنز کا خصوصی انتخاب اس حسنِ نیت کے ساتھ پیش کیا جارہاہے کہ اِن موبائل ایپس کی بدولت آپ کو ماہ ربیع الاوّل کی مقدس ساعتوں میں روحانی برکات سمیٹنے میں خوب آسانی میسر آسکے گی۔

میٹھے میٹھے میرے محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نام
اسمائے نبیؐ سے عام طور پروہ 99 صفاتی نام مراد ہیں، جن سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو پکارا جاتا ہے۔جس طرح اللہ تعالیٰ کے ان گنت اسمائے حسنیٰ منقول ہیں لیکن ذاتی نام صرف اللہ ہے۔ اسی طرح حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صفاتی نام 99 ہیں لیکن ذاتی نام صرف دو ہیں۔ محمدصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور احمدؐ۔کتب احادیث اور کتب سیر ت میں اسمائے نبی ؐ کے بہت سے فضائل منقول ہوئے ہیں۔ حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے مجھ سے فرمایا”وہ بندہ مومن جو اپنے فرزند کا نام میرے ساتھ دوستی و محبت کی بنا پر میرے نام پر رکھتا ہے۔ وہ اور اس کا فرزند میرے ساتھ جنت میں داخل ہوگے“۔ ]معارج النبوت[۔ اسماء النبی ؐدرحقیقت محبوب کل جہاں ؐ کی صفاتِ عالیہ اور ثنائے کامل کا مظہر ہیں۔نیزکثرت کے ساتھ اسماء النبیؐ کا ورد کرنے والا بے شمار فضائل کا حامل بن جاتا ہے۔مثلاًاس کو رحمت کائنات کے بہت سے بلند مقامات کا علم ہوجاتا ہے اوراسے ہر ہر اسم گرامی میں سیرتِ محمدیہؐ اور شمائلِ نبویہ ؐ کی ایسی جھلک نظر آتی ہے جو اس کی ایمانی اور روحانی ترقی کا باعث بنتی ہے۔ اسمائے نبیؐکے انہی بیش بہا فضائل و فوائد کے پیش نظر ذیل میں جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے ایک انتہائی دیدہ زیب موبائل اپلی کیشن پیش خدمت ہے جس کی مدد سے آپ ہر وقت اور ہر جگہ اسمائے نبیؐسے مستفید ہوسکتے ہیں۔موبائل ایپ کا مختصر لنک درج ذیل ہے۔http://bit.ly/2P2Xn2E



سیرت الرسولؐ سنیں بھی اور پڑھیں بھی
سیرت کے لغوی معنی عادت یا خصلت کے ہیں اور عربی زبان میں اسی نسبت سے ”سِیْرَۃُ الرَّجُلْ“ سوانح عمری کو کہتے ہیں۔اصطلاحی معنوں میں سیرت رسولؐ سے مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائشِ مبارکہ سے لیکر وفات تک کے تمام حالات اور اسی طرح صفات عالیہ، عبادات ومعاملات، فضائل ومعجزات، احوال وارشادات وغیرہ کا جامع تذکرہ ہے۔لفظ سیرت اب بطور اصطلاح صرف اور صرف آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مبارک زندگی کے جملہ حالات کے تذکرے کے لیے مستعمل ہے جبکہ کسی اور منتخب شخصیت کے حالات کے لیے لفظ سیرت کا استعمال کلیتاً متروک ہو چکا ہے۔ اب اگر مطالعہ سیرت یا کتب سیرت جیسے الفاظ کے ساتھ رسول، نبی، پیغمبر یا مصطفی کے الفاط نہ بھی استعمال کیے جائیں تو ہر قاری باآسانی سمجھ جاتا ہے کہ اس سے مراد آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت ہی ہے بلکہ بعض دفعہ لفظ سیرت کو کتاب کے مصنف کی طرف مضاف کر کے بھی یہی اصطلاحی معنی مراد لے لیے جاتے ہیں جیسے”سیرت ابن ہشام“ کہ اس کا مطلب ابن ہشام کے حالات زندگی نہیں بلکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے حالات ہیں جو کتاب کے مصنف ابن ہشام ؒنے جمع کیے ہیں۔اسلام میں سیرتُ النبی صلی اللہ علیہ و سلم کی اہمیت اور مقام ومرتبہ بھی اُتناہی اہمیت کا حامل ہے۔یعنی جس طرح قرآن انسانی زندگی کے لیے کتابی دستور کی حیثیت رکھتا ہے بعینہ اُسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی حیات طیبہ بھی انسانیت کے لیئے عملی دستور کی ایک مسلمہ حیثیت رکھتی ہے۔یہ ہی وجہ ہے کہ سیرت نبوی ؐ کامو ضوع ہر دور میں مسلم علماء ومفکرین کی فکر ی توجہ کا خاص مرکز رہا ہے،اور ہر ایک نے اپنے دور میں اپنی اپنی وسعت فکر وتوفیق کے مطابق اس پر خامہ فرسائی کی ہے۔اسی تسلسل میں کہا جاسکتا ہے کہ کمپیوٹر،اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کے دورِ جدید میں بھی سیرت الرسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ذخیرہ کو ڈیجیٹل انداز میں پیش کرنے کا کام بہت تیزی سے جاری ہے،اب آپ سیرت الرسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو جدید تقاضوں کے عین مطابق نہ صرف اپنے اسمارٹ فون پر مطالعہ کرسکتے ہیں بلکہ اگر چاہیں تو سُن بھی سکتے ہیں۔ان ہی جدید ترین خوبیوں سے مرقع تین عدد انتہائی دلفریب موبائل اپلی کیشنز اس دعا کے ساتھ آپ کی خدمت میں پیش کی جارہی ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان اپلی کیشنز کو بنانے والوں کی محنت قبول کرے اور ہمیں ان ایپس کی مدد سے استفادہ کی خصوصی توفیق مرحمت فرمائے۔ تینوں اپیس کے مختصر لنک بالترتیب درج ذیل ہیں۔ پہلی ایپ http://bit.ly/2Pt5MMv دوسری ایپ http://bit.ly/2ACTicX تیسری ایپ http://bit.ly/2Pw6XdV

پیارے نبیؐ کی پیاری دُعائیں
اللہ کے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے دعاکی عظمت، اس کی بر کتیں، دعا کے آداب اور دعا کرنے کے بارے میں واضح ہدا یات دی ہیں۔ایسی بے شمار احادیث ہیں، جن میں نہ صرف دعا کا ذکر ہے بلکہ دعا کی اہمیت و فضیلت کو بھی واضح کیا گیا ہے۔حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر مایا”دعا کارآمد اور نفع مند ہوتی ہے۔ اِن حوادث میں بھی جو نازل ہوچکے ہیں اور اُن میں بھی جو ابھی نازل نہیں ہوئے، پس اے خدا کے بندو! دعا کا اہتمام کرو“۔]جامع ترمذی[ایک اور حدیث حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مردی ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ ”اللہ سے اس کا فضل مانگو، کیونکہ اللہ کو یہ بات محبوب ہے کہ اس کے بندے اس سے دعا کریں اور مانگیں۔اللہ تعالی کے کرم سے امید رکھتے ہوئے اس بات کا انتظار کرنا کہ وہ بلا اور پریشانی کو اپنے کرم سے دور فر مائے گا اعلی درجہ کی عبادت ہے“۔]جامع ترمذی[
مسنون دعاؤں اور اذکار کا اہتمام دین کا حصہ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کا جزو اور اجر و ثواب کا باعث بھی ہے، ہمارے محدثین نے کتبِ حدیث میں ”اذکار ودعوات“ کے مختلف عنوانات کے تحت بہت سی دُعائیں جمع کی ہیں جبکہ اہلِ علم حضرات نے دعاؤں پر بے شمار کتابیں بھی ترتیب دی ہیں۔ البتہ اسلامی تعلیمات کا لحاظ رکھتے ہوئے ہمیشہ مستند دُعائیں ہی پڑھنی چاہئیں اور مسنون دعاؤں سے مستند بھلا کونسی دعائیں کہیں جاسکتی ہیں۔مسنون دعاؤں سے مراد وہ دُعائیں ہیں جنہیں ہمارے نبی حضرت محمدصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اکثر و بیشتر پڑھا کرتے تھے۔ایسی ہی سینکڑوں مسنون دعاؤں پر مشتمل ایک موبائل اپلی کیشن”مائی دُعا“کے نام سے گوگل پلے اسٹور پر بھی دستیاب ہے۔اس ایپ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس میں مسنون دعاؤں کو 30 سے زائد مختلف درجہ بندیوں کے تحت عربی،انگلش اور اُردو زبانوں میں بیک وقت سُنا اور پڑھا جاسکتا ہے۔اسے میاں اسد علی اور حافظہ عائشہ نے انتہائی محنت سے تخلیق کر کے گوگل پلے اسٹور پر بالکل مفت میں پیش کردیا ہے۔جس پر یہ دونوں شاباش کے مستحق ہیں۔ اگر آپ اس اپلی کیشن کی مزید خوبیاں جاننا چاہتے ہیں تو ایپ کو دیئے گئے مختصر لنک کی مدد سے بلاتاخیر اپنے اسمارٹ فون کا حصہ بنالیں۔ http://bit.ly/2OYr84V

نعتیں ہی نعتیں
رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مدحت، تعریف و توصیف، شمائل و خصائص کے شاعرانہ اندازِ بیاں کو نعت،نعت خوانی یا نعت گوئی کہا جاتا ہے۔ عربی زبان میں نعت کے لیے لفظ ”مدحِ رسول“ استعمال ہوتا ہے۔ اردو زبان میں لفظ ”نعت“ کا استعمال مطلق سیدالمرسلین و خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعریف کے لئے مخصوص کردیا گیا ہے۔ اب خواہ اس تعریف کا تعلق آپ کے کمالات ظاہری سے ہو یا باطنی سے، بہرحال غیر نبی پر اس لفظ کا اطلاق ہر گز نہیں کیا جاتا تاکہ مدحت خیرالبشرﷺ اور دوسرے امراء و بادشاہوں کی تعریف میں فرق و امتیاز برقرار رہ سکے۔اگرچہ ہر وہ شعر جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعریف میں لکھا گیا ہو نعت کے زمرے میں آتا ہے لیکن صحیح معنوں میں نعت وہ ہے جس میں محض پیکر نبوت کے صوری محاسن سے لگاؤ کے ساتھ ساتھ مقصد نبوت سے دلی وابستگی بھی بدرجہ اتم محسوس ہوتی دکھائی دے،یعنی نعت میں نعت نگار کا حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شخصیت سے قلبی تعلق بھی نظر آنا چاہیئے۔سیرت نگار فرماتے ہیں کہ اس راہ میں بڑے احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ نعت میں ایسے کلمات کا استعمال جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں معمولی تخفیف کا وہم بھی رکھتے ہوں، ایمان کی تباہی کا باعث ہوسکتے ہیں۔ نعت لکھنے والے کو نعت گو شاعر جبکہ نعت پڑھنے والے کو نعت خواں کہا جاتا ہے۔نعت لکھنے کا عمل حضور ؐ کی حیات طیبہ میں ہی شروع ہوگیا تھا۔اولین نعت گو شعراء میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے چچا ابوطالبؓ اور اصحاب رسولؐ میں حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ پہلے نعت گو شاعر اور نعت خواں تھے۔اسکے علاوہ کعب بن زہیر رضی اللہ عنہ اور عبداللہ ابن رواحہ رضی اللہ عنہ نے بھی ترنم سے نعتیں پڑھیں۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے خود کئی مرتبہ حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ سے نعت سماعت فرمائی۔سرکارِ دوجہاں ؐ کی مدحت و ثنا خوانی کا سلسلہ ازل سے جاری ہے اور تا بہ ابد جاری و ساری رہے گا۔ موجودہ دور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ بھی فروغ نعت کا ایک بڑا ذریعہ ہے اور دنیائے انٹرنیٹ پر ہزاروں کی تعداد میں ایسی ویب سائیٹس اور ایپس موجود ہیں جہاں سے نعتیں با آسانی سماعت کی جاسکتی ہیں لیکن معیاری اور من پسند نعتوں کو بروقت تلاش کرنا انٹرنیٹ پر اب بھی آسان نہیں۔اسی مشکل کا ادراک کرتے ہوئے ہم ایک ایسی موبائل اپلی کیشن متعارف کروارہے ہیں جس میں 6000 ہزار سے زائد نعتیں موجود ہیں،اس ایپ میں نعت کو عنوان کے ساتھ اور نعت خواں کے نام کے ساتھ بھی تلاش کرنے کی سہولت میسر ہے۔اس کے علاوہ اس اپلی کیشن میں موجود نعتوں کو آپ بغیر انٹرنیٹ کے بھی سُن سکتے ہیں اور وہ بھی بالکل مفت میں۔ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیئے اس مختصر لنک کو نوٹ فرمالیں۔ http://bit.ly/2Q8ye3b

آؤ مدینے چلیں
مدینہ منورہ مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے اور اس کی وجہ نسبت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہے۔اسی لئے ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ کم از کم زندگی میں ایک بار ضرور وہ مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پر حاضری دے۔اس لیئے کہا جاتا ہے کہ مدینہ النبیؐ میں رہنا بلند بختی جبکہ مدینہ جانے کی خواہش کرنا بڑے ہی نصیب کی بات ہے اور نصیب کب جاگ جائے یہ ہم میں سے کسی کو بھی مطلق پتا نہیں۔اگر آپ عنقریب مدینہ النبیؐ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو برائے مہربانی اس موبائل اپلی کیشن کو اپنے اسمارٹ فون میں ضرور انسٹال کر لیجئے گا۔یہ منفرد ایپ مدینہ النبیؐ میں آپ کے لیئے ایک ”ڈیجیٹل گائیڈ“ کا کام بخوبی انجام دے گی۔اس انتہائی کارآمد اپلی کیشن میں مدینہ الرسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ہرسڑک،ہر بازار، ہر ہوٹل اور ہر اہم مقام کی مکمل تفصیل مع نقشہ جات کے درج کر دی گئی ہے۔شہر مدینہ میں کسی بھی قسم کی سفری کوفت یا پریشانی سے بچنے کے لیئے یہ موبائل ایپ ضرروری زادِ راہ کا درجہ رکھتی ہے۔اگر آپ کو ہماری بات پر کوئی شک ہوتو ایک بار اسے اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کر کے ضرور آزمائیں۔ایپ کا مختصر لنک یہ ہے۔ http://bit.ly/361Fg1Z

موبائل پر بھی چمکے گا محمدصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا نام
کیا آپ کی خواہش ہے کہ اس بار جشنِ عید میلادالنبی ؐ کے متبرک موقع پر آپ کا اسمارٹ فون بھی لایعنی قسم کے تھیمز،وال پیپرز اور اسکرین سیور کے بجائے نام محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بابرکت رنگوں سے مزین ہوجائے تو اس مستحسن کام کے لیئے آپ کو کہیں اور جانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ذیل میں عید میلادالنبی ؐ کی نسبت سے انتہائی دلفریب و دلکش تھیمز،وال پیپرز اور دیگر ڈیجیٹل خصوصیات سے لیس دو عدد خاص الخاص اپلی کیشن آپ کے موبائل فون کی ظاہری آرائش اور آپ کے ذوقِ لطافت کی کی روحانی تسکین کے لیئے پیش کی جارہی ہیں۔بلاشبہ یہ دونوں اپلی کیشنز اپنی خصوصیات و سہولیات کے اعتبار سے اس نوع کی دیگر سینکڑوں ایپس میں سب سے زیادہ بہتر قرار دی جاسکتی ہیں۔آزمائش شرط ہے۔ایپس کے مختصرلنک بالترتیب درج کیے جارہے ہیں۔ http://bit.ly/2MFOmdd ، http://bit.ly/2PdFi10

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے روزنامہ ایکسپریس کے سنڈے میگزین میں10 نومبر 2019 کی اشاعت میں شائع ہوا۔

راؤ محمد شاہد اقبال

اپنا تبصرہ بھیجیں