digital-pak-flag-zipper

ڈیجیٹل جشن آزادی

دو روز بعد 14 اگست کو ہم اپنی متاعِ عزیز پاکستان کی 71 ویں سالگرہ کا عظیم الشان جشن آزادی منانے جارہے ہیں۔ماہِ اگست کا آغاز ہوتے ہی پاکستان کے قریہ قریہ میں جیسے سبز ہلالی پرچموں کی بہار سی آگئی ہے۔گھر بقعہ نور بن چکے ہیں،شاہرائیں ملی نغموں کی سرمدی آوازوں سے گونج رہی ہیں، نوجوان پاکستانی پرچموں کے بیج تمغوں کی مانند اپنے سینوں پر سجائے اِدھر اُدھر پھر رہے ہیں،خواتین کے آنچل سبز ہلالی پرچموں میں تبدیل ہو کر عجب سج دھج دکھارہے ہیں،بچے اپنے بزرگوں کے ارد گرد بیٹھے پاکستان بننے کی کہانیاں سن رہے ہیں اور مائیں مصلوں پربیٹھی ملک ِ پاکستان کی بقا، سلامتی اور سرحدوں پر کھڑے ہوئے بہادر،نڈر،بے باک سپاہیوں کی کامیابی کے لیئے خدائے لم یزل کے بارگاہ میں سراپا دُعا ہیں۔کروڑہا سعادتوں اور برکتوں کے جلو میں آنے والایوم ِ آزادی کا یہ دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ سب سے پہلے اُن ہزاروں،لاکھوں جان نثاران وطن اور مجاہدین حریت کے قدموں پر محبت اور عقیدت کے بیش بہاجذبات اور احساسات کی خوشبو سے مہکتے پھول نچھاور کیئے جائیں جنہوں نے آزادی کے اس شجرِ سایہ دار کو اپنے خون سے سینچا اور جن کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہم اقوامِ عالم میں بالعموم اور اسلامی دنیا میں بالخصوص سرخرو اور سر بلند ہیں۔آزادی کی نعمت کیا ہے؟ اس سوال کا تسلی بخش جواب پانے کے لیئے اتنا ہی کافی ہے کہ ایک بار شام،عراق اور افغانستان کی طرف ایک اُچٹتی سی نگاہ ڈال لی جائے۔جہاں لاکھوں مرد،خواتین اور بچے اپنی ہی سرزمین پر غلاموں کی طرح روٹی کے ایک چھوٹے سے پارچہ کے لیئے گھنٹوں طویل ترین قطاروں میں کھڑے عام دکھائی دیتے ہیں۔قطاروں میں کھڑے ان معصوم بچوں،بے ردا عورتوں اور کمزور ولاچار مردوں کی آنکھیں،ان کے سپاٹ چہرے اور دھوپ کی تمازت سے جھلسے بدن چیخ چیخ کر ہمیں ایک ہی بات تو سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ آزاد وطن اور آزادی انسان کے لیئے خدا کی طرف سے عطیہ کی گئی کائنات کی سب سے بڑی اور نایاب نعمت ہے۔تحدیثِ نعمت کے طور پر ارضِ پاک کے 71 ویں عظیم الشان یومِ آزادی کا جشن آزادی کچھ ”ڈیجیٹل“انداز میں منانے کے لیئے زیرِ نظر مضمون میں چندموبائل اپلی کیشنز پیش خدمت ہیں اس یقین کے ساتھ کہ یہ منفر د و کارآمد ایپس آپ سب کے یومِ آزادی کے جشن کو مزید تابناک اور بامقصد بنادیں گی۔

اسمارٹ ملی نغمے
ملی نغمے اپنے ملک کے ساتھ محبت کے اظہار کا ایک دلکش اور خوبصورت انداز ہیں۔جن میں شاعر اپنی شاعری، موسیقار اپنی مدھر دھنوں اور گلوکار اپنی سریلی آواز کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہیں اورسننے والے ان ملی نغموں کو قبولیت و پسندیدگی کی سند دے کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتے ہیں۔ پاکستان میں جس کثرت سے ملی نغمے بنائے جاتے ہیں اُنہیں دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں اتنے زیادہ ملی نغمے نہیں بنتے جتنے ہمارے ملک پاکستان میں ہر یومِ آزادی پربنتے ہیں۔ ہمارے یہاں اتنی کثیر تعداد میں ملی نغمے بننے کی بنیادی وجہ عوامی پسندیدگی ہے۔ملی نغمے ہمیشہ ہی سے ہر جشنِ آزادی کا ایک لازمی جُز رہے ہیں۔اسی بات کو پیش ِ نظر رکھتے ہوئے ذیل میں پاکستان کے مشہور و معروف ملی نغموں پر مشتمل ایک خوبصورت موبائل ایپلیکیشن پیش کی جارہی ہے۔اس ایپ میں آپ اپنے من پسند ملی نغموں کو نہ صرف سُن اور دیکھ سکتے ہیں بلکہ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے اسمارٹ فون میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیئے محفوظ بھی کرسکتے ہیں، بے شمار ملی نغموں کے ذخیرہ کی حامل اس موبائل ایپ کا مختصر لنک درج ذیل ہے۔

http://wicr.me/jeG1d

آزادی موبائل وال پیپرز
یوم ِ آزادی آئے اور ہم اپنے موبائل فونز کی اسکرین کو سبز ہلالی پرچموں کے وال پیپرز سے نہ سجائیں یہ بھلا کیسے ہوسکتاہے۔یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی گوگل پر ”آزادی وال پیپرز“ کی تلاش میں ریکارڈ اضافہ ہوجاتاہے۔سب کی کوشش ہوتی ہے ایچ ڈی کوالٹی کے اعلیٰ اور دیدہ ذیب وال پیپرز سے اپنے اسمارٹ فونز کو آزادی کے رنگ میں رنگ لیا جائے۔انٹرنیٹ پر ہزاروں ویب سائیٹس کی موجودگی میں بہترین آزادی وال پیپرز کی تلاش ایک وقت طلب کام ہے۔ اس مشکل کام کو آسان کرنے کے لیئے آپ”آزادی وال پیپرز“ نامی اس اپلی کیشن کو اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کر سکتے ہیں۔اس ایپ میں ایچ ڈی کوالٹی اور ہائی ریزولیشن کے وال پیپرز کی ایک کثیر تعداد ہر قسم کے موبائل فون اسکرینز کے لیئے دستیاب ہیں اور وہ بھی بالکل مفت میں،ہے نا مزے کی بات۔ ایپ کا مختصر لنک یہ ہے۔

http://wicr.me/LSRmvo



پاکستان کی کہانی،جنگ کی زبانی
پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے پاکستان کے سب سے بڑے، مقبول اور معتبر اشاعتی ادارے ”جنگ میڈیا گروپ“ کی طرف سے جدت کی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے ”جنگ وی آر ایپ“ کا ایک شاندار تحفہ پیش کیا جارہا ہے۔”جنگ وی آر ایپ“ نے مطالعہئ پاکستان کے شائقین کے خوابوں کو حقیقت کا رنگ دے دیا ہے کیونکہ برسوں پرانی خبریں اور حقائق جو اپنے دور میں اخبارات کی زینت بنتی تھیں اب اِسے آپ بہت آسانی سے اپنے موبائل کی اسکرین پر انتہائی خوبصورت انداز میں ناصرف دیکھ سکیں گے، سن سکیں گے، پڑھ سکیں گے بلکہ جدید ”وی آر“ ٹیکنالوجی کی مدد سے 360 ڈگری پر محسوس بھی کرسکیں گے۔ اس ایپلی کیشن نے تاریخ پاکستان میں دلچسپی رکھنے والے ہر پاکستانی کیلئے ”پاکستان کی کہانی“ کو سمجھنا بہت ہی آسان اور دلچسپ بنا دیا ہے۔71 برسوں پر محیط پاکستان کی تمام تر تاریخی و سیاسی جدوجہد، اُمید اور خوشیوں کی لازوال داستان، تاریخ ساز تقاریر، شجاعت کی داستانیں، گم شدہ گوشے، کھیل کے ہر میدان میں بلند ہوتے سبز ہلالی پرچم کے یادگار لمحات کے علاوہ بھی بہت کچھ اس ایپ کے ذریعے اپنے اسمارٹ فون کی اسکرین پر با آسانی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔”جنگ وی آر ایپ“ کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی انتہائی آسان ہے۔ویب سائٹ یا گوگل پلے اسٹور کے ذریعے ”جنگ وی آر ایپ“ کو ڈاؤن لوڈ کیجئے۔ اس کے بعد زیرِ نظر مضمون پر موجود کیو آر کی (QR Key) والی تصویر کو اسکین کریں اور بس اپنے پسندیدہ اخبار کے71 برسوں پر محیط مواد سے لطف اندوز ہوتے جائیں۔ واضح رہے کہ یہ ایپ جنگ گروپ سے منسلک اور 21 مضامین میں اے لیول حاصل کرنے والے عالمی ریکارڈ یافتہ طالب علم علی معین نوازش کی معاونت سے تیار کی گئی ہے۔”جنگ وی آر ایپ“ کو فوری ڈان لوڈ کرنے کے لیئے اس مختصر لنک کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

http://wicr.me/tmod1

قائد کی سبق آموز کہانیاں
بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے وفات سے کچھ عرصے قبل اسٹیٹ بنک آف پاکستان کا افتتاح کیا، یہ وہ آخری سرکای تقریب تھی جس میں قائداعظم اپنی علالت کے باوجود نہ صرف شریک ہوئے بلکہ وہ وقت مقررہ پر تقریب میں تشریف بھی لائے۔ انہوں نے دیکھا کہ شرکاء کی اگلی قطار میں مخصوص کی گئی کئی نشستیں ابھی تک خالی ہیں انہوں نے تقریب کے منتظمین کو پروگرام شروع کرنے کا کہا اور یہ حکم بھی دیا کہ خالی نشستیں ہٹا دی جائیں، حکم کی تعمیل ہوئی اور بعد کے آنے والے شرکاء کو کھڑے ہو کر تقریب کا حال ملاحظہ کرناپڑا،دلچسپ بات یہ تھی کہ ان شرکائے محفل میں کئی دوسرے وزراء اور سرکاری افسران کے ساتھ اس وقت کے وزیرا عظم پاکستان خان لیاقت علی خان بھی شامل تھے، وہ سب بے حد شرمندہ تھے کہ ان کی ذراسی غلطی بھی قائد اعظم نے برداشت نہیں کی اور ایسی سزا دی جو کبھی بھی نہ بھولی جاسکے۔اگر آپ بھی اپنے ہر دلعزیز قائد کی ایسی مزید دلچسپ اور سبق آموز سچی کہانیاں پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ موبائل اپلی کیشن ضرور اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کیجیئے گا۔اس ایپ میں بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کی حیات سے وابستہ تمام ہی واقعات انتہائی دلآویز اندازمیں پیش کر دیئے گئے ہیں۔ ہماری رائے میں قائد سے متعلق پیش کی گئی ان کہانیوں کا جاننا ہر پاکستانی، بالخصوص طلباء وطالبات کے لیئے انتہائی ضرور ی ہے۔اب جلدی سے اپلی کیشن کا مختصر لنک نوٹ فرمالیں۔

http://wicr.me/pNQYymI

دستور ِ پاکستان کا ڈیجیٹل ورژن
دستور یا آئین کسی بھی ملک کے انصرامِ حکومت چلانے کے لیئے قوانین اور اُصولوں کا ایک ایسا لازمی مجموعہ ہوتا ہے،جس کی مدد سے ریاست کا بنیادی ڈھانچہ تشکیل دیا جاتاہے۔ مثلاً ایک ریاست میں حکومت اور حکومتی اداروں کی تشکیل کیسے کی جائے گی اور ریاست کو کون سے ادارے کس طریقے سے چلائیں جائیں گے، یہ سب کچھ دستور میں درج ہوتا ہے۔1973 ء میں بنایا گیا دستورِ پاکستان ہمارے قومی اتحاد کی اولین نشانی ہے۔ دستورِ پاکستان کے کل 280 آرٹیکلز یا شقیں ہیں،جن میں سے 40 آرٹیکلز عوام کے حقوق اور بقیہ 240 طرزِ حکمرانی سے متعلق بحث کرتے ہیں۔ دستورِ پاکستان میں شقوں کی صورت تمام مسائل کا حل ایسے پرویا ہوا ہے جیسے ایک لڑی میں موتی پروئے ہوتے ہیں یعنی اگر ہمارے حکمران آئین پاکستان پر اس کی روح کے مطابق عمل پیرا ہوجائیں تو ملک کے تمام مسائل، وسائل میں بھی بدل سکتے ہیں کیونکہ ہمارے دستور میں مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ پر اتنی سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے کہ کو ئی ادارہ دوسر ے ادارے کی حدود کے پاس بھی نہ پھٹک سکے۔ نیز ہمارے دستور میں وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومتیں، ان کے اختیارات، تقریاں، چناؤ، حتی کہ مالی وسائل جیسے مسائل کو بھی انتہائی خوبصورتی کے ساتھ بیان کر دیا گیا ہے کہ اگراس پر من و عن عمل ہوجائے تو نہ تو کوئی چھوٹا صوبہ کسی محرومی کا رونا روئے گا اور نہ کسی بڑے صوبے کی طرف کوئی انگلی اُٹھ سکے۔ اس لیئے کہا جاسکتا ہے کہ اُمورِ مملکت کو سمجھنے اور آئینی حقو ق سے آگہی کے لیئے دستورِ پاکستان کا تفصیلی مطالعہ ہر پاکستانی شہری کے لیئے از حد ضرور ی ہے۔مگر افسوس قانونی ماہرین کے علاوہ کم ہی لوگ ہیں جنہوں نے کبھی دستورِ پاکستان کا مطالعہ کیا ہو۔اگر آپ دستورِ پاکستان کو پڑھنا چاہتے ہیں تو اس موبائل اپلیکشن کو اپنے اسمارٹ فون کا لازمی حصہ بنالیں،اس ایپ کے ذریعے انگریزی کے علاوہ قومی زبان اُردو میں بھی دستور پاکستان کو سلیس، سادہ اور بالکل عام فہم انداز میں بیان کرنے کی انتہائی بہترین کوشش کی گئی ہے۔اس کارآمد ایپ کو گوگل پلے اسٹور میں اس مختصر لنک کے ذریعے آسانی سے اپنے موبائل فون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

http://wicr.me/8bwO6W

ملی رنگ ٹونزکا انوکھا جہان
وقت بدلا تو جشن آزادی منانے کے انداز بھی بدلے گئے۔ آج کل وطن کے متوالوں نے اپنی موبائل ٹیونز بھی جشن آزادی کی مناسبت سے سیٹ کر رکھی ہیں۔جشن آزادی کے خوبصورت رنگ، نئے زمانے کے سنگ انجوائے کئے جارہے ہیں۔ کسی کو کال ملائیں تو خوبصورت ملی نغموں کے سر اور بول بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔ہر کسی کی پسند مختلف ہے مگر جذبہ ایک ہے اور وطن سے محبت کا اظہارکرنیکی خوشی بھی،یعنی اب کالر ٹیونز کی زبانی جشن آزادی کی کہانی ایک دوسرے سے بیان ہو رہی ہے۔ہر پاکستانی یومِ آزادی کی مناسبت سے موبائل فون کی بہترین اور منفرد رنگ ٹون لگانے کا مشتاق نظر آرہا ہے۔ رنگ ٹون کے لیے مقبول ترین ملی نغموں میں ملکہ ترنم نورجہاں کا،اے راہ حق کے شہیدو، مہدی حسن کا گایا گیا، اے وطن پیارے وطن اور اُستاد نصرت فتح علی خان کا ”میرا پیغام پاکستان“ شامل ہیں۔اگر آپ نے ابھی تک اپنے اسمارٹ فون میں ملی نغمہ والی رنگ ٹون سیٹ نہیں کی تو کوئی بات نہیں، آپ ”پاکستان رنگ ٹونز“ نامی موبائل اپلی کیشن سے سینکڑوں مشہور ِ زمانہ ملی نغموں کی رنگ ٹونز میں سے اپنی پسند کی کوئی بھی ایک رنگ ٹون اپنے اسمارٹ فون میں لگا سکتے ہیں۔ملی رنگ ٹونز کے لیئے یہ ایک بے مثال اپلی کیشن ہے،جس کا مختصر لنک درج ذیل ہے۔

http://wicr.me/eB6Hl

جشن ِ آزادی فریم
یوم آزادی کے دن اپنی ہنستی مسکراتی تصویروں میں جشنِ آزادی کے رنگ بھرنے کے لیئے ”انڈیپنڈنس فریم“ نامی اس موبائل اپلی کیشن کو ایک بار ضرور آزما کر دیکھئے گا۔ یہ ایپ بنیادی طور پر ایک فوٹو ایڈیٹر کی تمام تر خود کار سہولیات مفت میں فراہم کرتی ہے جس کی مدد سے آپ اپنی کسی بھی نئی یا پرانی تصویر کو ”آزادی کے رنگ“ میں رنگ سکتے ہیں۔ نیزاس کے ذریعے آپ اپنی تصاویر کو پاکستانی پرچم کے منفرد فریم اور ایفیکٹس بھی لگا سکتے ہیں۔صرف یہ ہی نہیں بلکہ اس ایپ کے ذریعے تصاویر پر اپنے من چاہے تہنیتی پیغامات لکھ کر اپنے دوستوں کو بذریعہ فیس بک،واٹس اپ بھیج سکتے ہیں۔اس ایپ کی سب سے شاندار بات یہ ہے کہ اس میں اُردو میں بھی لکھا جاسکتا ہے،اپنی انہی خوبیوں کی وجہ سے اب تک اس اپلی کیشن کو ایک لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے جس سے اس کی افادیت اور مقبولیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ایپ کو گوگل پلے اسٹور پراس مختصر لنک سے انسٹال کیاجاسکتا ہے۔

http://wicr.me/RfGBD1B

فرموداتِ قائداعظم ؒ کی اسمارٹ پیشکش
پاکستان میں دستور کے بعد اگر اُمورِ مملکت چلانے یا اُن کی وضاحت کرنے کے لیئے کسی دوسری شئے سے مدد یا رہنمائی لی جاتی ہے تو وہ فرمودات قائداعظم محمد علی جناح ؒ ہیں۔ویسے تاریخی حقیقت تو یہ ہے کہ دستورِ پاکستان جیسی اہم ترین قانونی دستاویز بھی فرامینِ قائد کی روشنی میں ہی بنائی گئی تھی۔اس لیے کہا جاتا ہے مملکت پاکستان کے قیام کی غرض و غایت صحیح معنوں میں سمجھنا صرف اور صرف اقوال قائد ؒ سے ہی ممکن ہے۔قائد اعظم کے فرمان تحریک پاکستان سے لے کر قیام پاکستان کے بعد مختلف مواقعوں پر کی گئی قائد کی خوبصورت تقریروں اور تحریروں کا منتخب مجموعہ ہے۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی زبان سے ادا کیا گیا ایک ایک لفظ اور اُن کے قلم سے لکھی گئی ایک ایک نصیحت سنہری حروف سے لکھے جانے سے قابل ہے۔انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کے دور میں ”فرامین قائد“ پر مشتمل یہ منفرد موبائل اپلی کیشن طلباء و طالبات کے لیئے ایک نعمت سے کم نہیں، اس ایپ کی بدولت طلباء وطالبات جب اور جہاں چاہیں اپنی تقاریر،مضامین کے لیئے فرموداتِ قائد کو باآسانی تلاش کرکے استعمال کر نے کے ساتھ ساتھ اسے اپنے دوستوں کو فیس بک یا ٹوئیٹر کی مدد شیئر بھی کرسکتے ہیں ہیں۔ موبائل اپلی کیشن کا انٹرفیس انتہائی جاذب نظر و دلکش ہے۔ایپ کا مختصر لنک درج ذیل ہے۔

http://wicr.me/GUiA

آزادی کوئز
ماہرین تعلیم کا عام خیال ہے کہ کسی بھی موضوع سے متعلق معلومات کو فوری ذہن نشین کرنے کا سب سے آسان، مؤثر اور تیر بہدف نسخہ معلومات کو سوال و جواب کی صورت میں پیش کرنے کا ہی ہوسکتا ہے۔اس طریق کو ہی دنیا بھر میں ”کوئز“ کہا جاتا ہے۔کوئز مقابلوں کی روایت ہمیشہ سے ہمارے تعلیمی اداروں کا جزولاینفک رہی ہے لیکن گزشتہ چند برسوں سے تعلیمی اداروں میں ”کوئز مقابلے“ کروانے کے رجحان میں تیزی سی کمی واقع ہوئی ہے۔اس ”تعلیمی حادثہ“ کی وجہ جو بھی ہو لیکن ایسا ہونا کسی صورت بھی طلباء و طالبات کی ذہنی نمو و تعلیمی کارکردگی کے لیئے نیک شگون قرار نہیں دیا جاسکتا۔کوئز مقابلوں کی افادیت اور اہمیت کا احساس از سرِ نو اُجاگر کرنے کے لیئے یومِ آزادی کی مناسبت ”آزادی کوئز“ کے نام سے ایک بہت ہی خاص الخاص موبائل اپلی کیشن پیش ہے۔جسے آپ اپنے موبائل فون میں انسٹال کر کے پاکستان سے متعلق اپنی جان کاری کا نہ صرف امتحان لے سکتے ہیں بلکہ اپنے ذخیرہ معلومات میں قابلِ قدر اضافہ بھی فرماسکتے ہیں۔ایپلی کیشن کا مختصر لنک یہ ہے۔

http://wicr.me/qqjNm

حوالہ: یہ مضمون سب سے پہلے روزنامہ جنگ کے سنڈے میگزین میں 12 اگست 2018 کے شمارہ میں شائع ہوا

راؤ محمد شاہد اقبال

2 تبصرے “ڈیجیٹل جشن آزادی

اپنا تبصرہ بھیجیں